Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Kitab Mela

Kitab Mela

کتاب میلہ

آج کتاب میلہ کا دوسرا دن تھا۔ آج کل سے بہتر صورتحال تھی، مگر ابھی کتاب میلہ مین حقیقی رونق نہیں لگی۔ امید ہے کہ کل اور پرسوں لوگ زیادہ آئیں گے۔ ویک اینڈ پر لاہوریے نکلتے ہیں اور آس پاس سے نوجوان بھی آ جاتے ہیں خریداری کے لئے۔

کل میں ان شااللہ پانچ بجے سے نو بجے تک ایکسپو سنٹر میں ہوں گا۔ سات سے نو بجے تک بک کارنر میں وقت مقرر ہے۔ دوست احباب سے وہیں ملاقات ہوگی ان شااللہ۔

اس بار دو تین اہم پبلشر سٹال نہیں لگا رہے۔ فکشن ہائوس، نگارشات اور کتاب سرائے موجود نہیں۔ ان کی کتابیں البتہ مختلف سٹالز پر ہیں۔ اہم بات اس بار زیادہ ڈسکائونٹ ہے۔ بک کارنر کی کتابوں پر تیس سے چالیس پچاس فیصد تک ڈسکائونٹ ہے۔ علم وعرفان کی کتابوں پر پچاس فیصد تک ڈسکائونٹ ہے۔

سب سے اہم بات یہ کہ اس بار سنگ میل نے پچاس فیصد ڈسکائونٹ لگا دیا ہے جو غیر معمولی بات ہے۔ میرا خیال ہے اپنی پوری تاریخ میں پہلی بار سنگ میل نے اتنا بڑا ڈسکائونٹ لگایا ہے۔

نیشنل بک فائونڈیشن کا سٹال موجود ہے، وہاں پر کئی اچھی کتابیں مل جائیں گی، نیشنل بک فائونڈیشن کی نئی کتابوں کی قیمت زیادہ ہے جو کہ قابل تحسین نہیں۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید کے دور میں یہاں پر بہت ہی مناسب قیمت پر کتابیں مل جاتی تھیں۔

انجمن اردو کا سٹال بھی ہے، کراچی سے یہ ہر بار آتے ہیں۔ میں نے آج دو تین کتابیں وہاں سے خریدیں۔ بوطیقا کا ترجمہ اور حکایات الجوامع جو اختر شیرانی کا ترجمہ ہے۔ وہاں پر کئی اور بھی اچھی کتابیں موجود ہیں۔ اقبال اکادمی کے سٹال سے اقبالیات پر اچھی کتابیں لی جا سکتی ہیں۔

بک کارنر پر بہت سی اچھی اور عمدہ کتب موجود ہیں۔ بہت سے تراجم۔ ٹالسٹائی کا اینا کارینینا اور دوستئو فسکی کے برادرز کرامازوف سے لے کر ڈاکٹر زواگو، اور ڈان بہتا رہا اور نجانے کیا کیا۔ چھ سات نئی کتابیں بھی بک کارنر پر دستیاب ہیں۔

روف کلاسرا کی نئی کتاب جونا گڑھ کا قاضی دکن کا مولوی ابھی شائع ہوئی ہے۔ طاہرہ اقبال کا افسانوی مجموعہ بھی آیا ہے۔ راجہ انور کی دو بائیوگرافیکل کتابیں بن باس اور قبر کی آغوش۔ حفیظ خان کے چار پانچ ناول یہاں موجود ہیں۔ سابق بیوروکریٹ ظفر محمود کا ناول فرار بھی شائع ہوا ہے۔

برادرم عارف انیس ملک کی کتاب جیو جانی بھی موجود ہے بلکہ جگمگا رہی ہے۔

سب سے بڑھ کر سب رنگ کہانیاں کی ساتویں جلد شائع ہوگئی ہے۔ اس بار بھی غضب کی کہانیاں اس میں موجود ہیں اور ہاں خاکسار کی نئی کتاب خیال سرائے بھی بک کارنر پر چالیس فیصد ڈسکائونٹ کے ساتھ موجود ہے۔ پندرہ سو روپے کی کتاب ایک ہزار پچاس روپے میں۔ میری پچھلی دونوں کتابیں وازوان اور زنگار بھی بک کارنر پر موجود ہیں۔

میری چوتھی کتاب جو ترتیب میں دوسرے نمبر پر آتی ہے، زنگار نامہ۔ یہ کتاب نئی سوچ پبلی کیشنز کے سٹال پر موجود ہے۔ یہ نسبتاً سستی ہے، قیمت نو سو روپے ہے، ظاہر ہے اس پر کچھ ڈسکائونٹ بھی ہوگا۔

کتاب میلہ میں ریڈنگز کا سٹال بہت بڑا ہے ہمیشہ کی طرح۔ اس پر انگریزی کتب موجود ہیں۔ آکسفورڈ کا سٹال بھی ہے۔

کئی علمی ادبی سٹالز بھی لگے ہیں۔ برادرم شاہد اعوان کے ادارے ایمیل نے اس بار سٹال لگایا ہے۔ ایمیل پر کئی اچھی عمدہ علمی کتابیں موجود ہیں۔ کتابوں کے حوالے سے میرا مطالعہ ایک بہت اچھی کتاب ہے۔ گیلپ کے اعجاز شفیع گیلانی کی نئی کتاب بھی شائع کی گئی ہے۔

مولانا وحیدالدین خان کی کتب پر مبنی سٹال بھی ہے۔ ابویحیٰی کی کتب پر مبنی سٹال انذار بھی نظر آیا۔ غامدی صاحب کی کتب بھی دستیاب ہیں۔

صاحبزادہ امانت رسول کے ادارہ فکر جدید کا سٹال بھی دیکھا۔ آج وہاں پر حسان عارف سے ملاقات ہوئی۔ حسان عارف مولانا امین احسن اصلاحی کے حقیقی علمی وارث جناب خالد مسعود مرحوم کے صاحبزادے ہیں۔ میں نے جب ستائیس سال قبل اردو ڈائجسٹ کو جوائن کیا تو حسان وہاں کام کر رہے تھے۔ اچھے پڑھے لکھے قابل آدمی ہیں، بعد میں صحافت کو خیرباد کر دیا، آج کل کاروبار کر رہے ہیں، مگر والد کی علمی لیگیسی کوبھی آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کئی اچھی کتب شائع کی ہیں، اپنے والد محترم کے کام کو اور مولانا فراہی کی بعض کتب۔ تدبر جو مولانا اصلاحی کے زمانے میں تواتر سے نکلتا ہے، اسے بھی سہہ ماہی بنیاد پر پھر سے شروع کیا گیا۔ دیکھ کر خوشی ہوئی۔

Check Also

Roos, Nuclear Doctrine Aur Teesri Aalmi Jang

By Muhammad Aamir Iqbal