Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Jamaat e Islami Ka Naya Ameer Kon?

Jamaat e Islami Ka Naya Ameer Kon?

جماعت اسلامی کا نیا امیر کون؟

پتہ چلا ہے کہ جماعت اسلامی میں امیر جماعت کے لئے انتخاب کا عمل شروع ہوگیا۔ جو نہیں جانتے ان کے لیے یہ ہے کہ جماعت اسلامی میں کوئی شخص امیر جماعت کے لئے امیدوار بن سکتا ہے نہ ہی وہ امیر بننے کے لئے کسی سے ووٹ مانگ سکتا یا کمپین کر سکتا ہے۔

جماعت کی شوری کارکنوں کی سہولت کےلئے تین نام تجویز کر دیتی ہے مگر کارکن اپنی مرضی سے کسی کو بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی کا ہر کارکن اپنے علاوہ پاکستان کے کسی بھی رکن جماعت کو امیر کے لئے ووٹ ڈال سکتا ہے۔

اس بار سنا گیا ہے کہ شوری نے موجودہ امیر سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم کا نام تجویز کیا ہے۔ ہر رکن جماعت تک بیلٹ پیپر پہنچایا جائے گا، وہ اپنا ووٹ لکھ کر بیلٹ پیپر کا سیل لفافہ ہیڈکوارٹر منصورہ بھیجے گا اور پھر مارچ میں یہ عمل مکمل ہو کر نیا امیر جماعت منتخب ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ جماعت کے دستور کے مطابق کوئی رکن جماعت کے اندر کسی کو یہ بھی نہیں بتاتا کہ وہ کسے ووٹ ڈال رہا ہے۔ یہ عمل خفیہ رہتا ہے۔ حتی کہ کسی کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد بھی نہیں بتائی جاتی، صرف امیر جماعت کے نام کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔

ہمارا جماعت اسلامی سے کوئی تعلق نہیں، اس کے نظم سے کسی دور پرے کا رشتہ تعلق بھی نہیں، اس لئے ہم اپنا مشورہ ضرور داغ دیں گے اور وہ بھی بن مانگے۔

ہمارے خیال میں جماعت اسلامی کو ایک بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ موجودہ امیر سراج الحق صاحب دو مدت کے لئے یعنی دس سال امیر جماعت رہ چکے ہیں۔ عملی نتیجہ یہ نکلا کہ جماعت اسلامی کی انتخابی کارکردگی نہایت مایوس کن اور انتہائی کمزور ہوتی گئی۔

سراج الحق سے پہلے دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کی تین نشستیں حاصل کی تھیں۔ کے پی اسمبلی میں بھی اسے نشستیں ملیں اور وہ تحریک انصاف کی مخلوط حکومت کا حصہ بنی۔

سراج صاحب امیر بن گئے پانچ سال 2018 کے انتخاب میں تنزل یہ آیا کہ جماعت کو صرف ایک سیٹ ملی وہ بھی پاکستان کے ایک انتہائی دور افتادہ شہر چترال سے۔

سراج صاحب کو مزید پانچ سال ملے۔ حالیہ انتخابات میں جماعت اسلامی کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور قومی اسمبلی کی ایک نشست بھی نہیں ملی۔ کےپی میں تین نشستیں ملیں، دوبارہ گنتی میں ایک نشست مزید کم ہوگی۔ خود سراج الحق بھی دیرسے شکست کھا گئے۔

کیا جماعت اسلامی کو نئے امیر کی ضرورت نہیں؟ میرے خیال میں تو جماعت کو حافظ نعیم جیسے متحرک اور انرجیٹک شخص کو امیر جماعت اسلامی بنانے کی ضرورت ہے۔

اگلے انتخابات تک ورنہ جماعت اسلامی کی سیاسی حیثیت خاکسار جماعت جیسی نہ ہو جائے۔

Check Also

Riyasat Ba Muqabla Imran Khan Aur Do Number Inqelabi

By Nusrat Javed