Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Daura e Australia

Daura e Australia

دورہ آسٹریلیا

دورہ آسٹریلیا کے لئے پاکستان کی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی جانب سے اعلان کے مطابق اٹھارہ رکنی ٹیسٹ سکواڈ بھیجا جا رہا ہے، کپتان شان مسعود ہوں گے۔

ٹیم عبداللہ شفیق، امام الحق، صائم ایوب (اوپنرز)، شان مسعود، بابراعظم، سعود شکیل، سلمان آغا(مڈل آرڈر)، سرفراز احمد، محمد رضوان (وکٹ کیپرز) جبکہ فاسٹ بائولرز کے لئے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، میر حمزہ، وسیم جونئیر، عامر جمال، خرم شہزاد، فہیم اشرف اور سپنرز کے لئے نعمان علی اور ابرار احمد پر مشتمل ہوگی۔

اس میں الگ سے کیٹیگری بنائی جائے تو آل رائونڈر کے طور پر فہیم اشرف اور عامر جمال کو شمار کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان پچھلے سال ڈیڑھ سے سلمان علی آغا کو بھی بطور آل رائونڈر نمبر سات پر کھلا رہا ہے، سلمان آغا پارٹ ٹائم آف سپنر ہیں۔

فاسٹ بائولرز میں سے عامر جمال، خرم شہزاد نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا، صائم ایوب نے بھی ابھی ٹیسٹ ڈبییو کرنا ہے۔

چیف سلیکٹر نے وضاحت کی ہے کہ حارث رئوف کو اس لئے شامل نہیں کیا جا رہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہوگئے۔ فزیو نے انہیں بتایا کہ ان پر ورک لوڈ نہیں بڑھے گا اور ان فٹ ہونے کا خدشہ نہیں، تاہم حارث رئوف نے ٹیسٹ سیریز کے لئے ہامی نہیں بھری۔

چیف سلیکٹر نے حسن علی کا بھی دفاع کیا کہ وہ تجربہ کار ہیں اور انگلش کائونٹی میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔ مجموعی طور پر ٹیم خاصی بیلنس ہے اور دستیاب آپشنز کے حوالے سے بری نہیں۔ شائد اٹھارہ رکنی سکواڈ اسی لئے رکھا گیا کہ آپشنز بڑھ جائیں، پندرہ یا سولہ رکنی سکواڈ میں مشکلات بڑھ جاتیں۔

پاکستان کے لئے ٹیسٹ میچز میں فاسٹ بائولنگ پچھلے ایک سال سے مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اسی لئے خرم شہزاد، عامر جمال کے ساتھ میر حمزہ کو بھی شامل کیا گیا۔ امکانات ہیں کہ شاہین شاہ اور حسن علی کھیلیں گے جبکہ ایک فاسٹ بائولر مزید ہوگا، وہ وسیم جونئیر، عامر جمال یا خرم شہزاد میں سے ہوسکتا ہے۔

پہلے دونوں ٹیسٹ میچز کے لئے ایک ہی سپنر کھیلے گا اور امکانات ہیں کہ وہ ابرار احمد ہوگا البتہ سڈنی کے تیسرے ٹیسٹ کے لئے دو سپنرز شامل کئے جا سکتے ہیں، ابرار اور نعمان علی۔

اگر چھ سپیشلسٹ بلے بازوں اور چار باولرز(تین فاسٹ، ایک سپنر)کے ساتھ نمبر سات پر ایک اضافی سپیشلسٹ بلے باز کھلایا جانے کا فیصلہ کیا گیا تو وہ سلمان آغا ہی ہوں گے۔ البتہ یہ ممکن ہے کہ ساتوین نمبر پر آل رائونڈر یا آل رائونڈر ہونے کے کسی دعوے دار کو کھلایا جائے، تب فہیم اشرف ہوں گے یا پھر عامر جمال کو بھی شائد کھلا دیا جائے۔

بیٹنگ کا معاملہ زیادہ آسان ہے۔ بظاہر پہلے یا پہلے دونوں ٹیسٹ میچز کے لئے امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد کو کھلایا جائے گا۔ البتہ ممکن ہے شان مسعود اوپننگ کرنا چاہیں اور امام الحق کو ان کی حالیہ ناقص فارم کے پیش نظر ریسٹ دیا جائے تب سلمان آغا بھی مڈل آرڈر میں آ جائیں گے۔ سرفراز بہرحال پہلی ترجیح ہوں گے وکٹ کیپر کے لئے، محمد رضوان کو بطور سپیشلسٹ بلے باز کھلائے جانا ایک بہت ہی بولڈ فیصلہ ہوگا۔

یہ بھی ممکن ہے کہ ایک بولڈ فیصلہ صائم ایوب سے اوپننگ کرانے کا بھی لے لیا جائے۔ امکانات ویسے یہی ہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں رسک کم لیا جائے گا۔ وہ میچ ویسے بھی پرتھ کی بائونسنگ اور مشکل پچ پر ہوگا۔

خیر یہ تو ٹیم مینجمنٹ پر ہے کہ وہ کیا ٹیم کھلائیں۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ شاہنواز دھانی کو کیمپ میں بلایا گیا ہے جبکہ شاداب خان، عثمان قادر، نواز وغیرہ کوبھی بلایا گیا، شائد ان کی فائن ٹیوننگ کے لئے۔ صاحبزادہ فرحان کا بھی کہا کہ وہ ٹاپ سکورر رہے ڈومیسٹک میں، مگر سردست سکواڈ میں ان کی جگہ نہیں بن رہی۔

Check Also

Phone Hamare Janaze Nigal Gaye

By Azhar Hussain Bhatti