Cricketnama
کرکٹ نامہ
ابھی ایک خبر دیکھ رہا تھا کہ فاسٹ بائولر حسن علی کو بخار ہوگیا ہے اور وہ ممکن ہے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ نہ کھیل سکیں، تب وسیم جونیئر کو کھلایا جائے گا۔ ویب سائٹ نے یہ خبر تشویش کے انداز میں دی تھی۔ انہیں معلوم نہیں کہ بہت سے پاکستانی نواز، حسن علی، فخر کے انجرڈ ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے کی دعائیں کر رہے ہیں تاکہ محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد کو موقعہ مل سکے۔
اسی ویب سائٹ پر خبر تھی جس کے مطابق مصباح الحق نے ٹی وی شو میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری اور محمد حفیظ کی رائے کے مطابق ٹیم میں ایک مسٹری سپنر ہونا ضروری ہے، ہم دیکھ چکے تھے کہ ایشیا کپ میں سپنر نہیں چل پا رہے تو ہم نے ابرار احمد کو شامل کرنے کی تجویز دی تھی۔ تاہم آخری فیصلہ تو کپتان اور مینجمنٹ نے کرنا تھا۔
دوسرے لفظوں میں بابراعظم کو مشورہ دیا گیا کہ ابرار احمد کو شامل کیا جائے، مگر بابر نے اپنے یار ناکام سپنر شاداب خان سے یاری نبھاتے ہوئے اسے نہ صرف ٹیم میں رکھا بلکہ اسے نائب کپتان بھی برقرار رکھا۔ چلیں اگر وہ شاداب کو لازمی رکھنا چاہتا تھا تو نواز یا اسامہ میر کی جگہ پر ہی ابرار احمد کو رکھ لیتا۔
اب یہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کوتاہ ویژن اور نالائق فیصلہ ہے کہ انہوں نے ٹیم کمبینیشن کا خیال نہیں رکھا اور ایسے تھکے ہوئے سپنر ٹیم میں شامل کئے جن کے بارے میں ملک کا ہر وہ شخص جانتا تھا جس نے کرکٹ کو تھوڑا بہت بھی فالو کیا۔ نہیں پتہ تھا تو سو ٹیسٹ اور پندرہ سال ملک کی طرف سے کرکٹ کھیلنے والے گریٹ انضمام الحق کو پتہ نہیں تھا۔
میں اسی وجہ سے ان گریٹ سٹارز کو چیف سلیکٹر بنانے کے حق میں نہیں۔ اس کی جگہ ایسے کرکٹرز کو سلیکشن کمیٹی میں لایا جائے جن کے پاس وقت ہو گرائونڈ میں جانے، جنہوں ںے گراس روٹ لیول پر نوجوان کھلاڑیوں کےساتھ کام کیا ہو۔ وہی سلیکٹرز کامیاب رہ سکتے ہیں جن میں بولڈ فیصلے لینے کی ہمت ہو اور آوٹ آف باکس سوچنے کی صلاحیت۔
خیر اب تو جو ہونا تھا ہوگیا۔ دیکھیں کل پاکستان کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف کیا گزرتی ہے۔ میں تو دعا کر رہا ہوں کہ بابر ٹاس جیت کر پہلے کھیلے ورنہ جنوبی افریقہ نے مار مار کر ہمارے بائولرز کو دنبہ بنا دینا ہے اور چار سو رنز کا ہدف بنا کر ایک اور رسوائی کاباعث نہ بنا دیں۔
اللہ کرے کل کھلاڑی اپنی جان لڑائیں اور اچھے گیم پلان کے ساتھ اتریں۔ کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، کرشمے بھی کھلاڑی ہی تخلیق کرتے ہیں۔
دیکھیں کل کوئی کرشمہ کر دکھاتی ہے ٹیم پاکستان یا نہیں؟