1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Cricket World Cup Final

Cricket World Cup Final

کرکٹ ورلڈ کپ فائنل

احمد آباد میں ورلڈ کپ کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کرائی ہے۔ انڈیا نے پہلے دس اوورز میں بہت جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، کپتان روہت شرما نے سیمی فائنل کی طرح یہاں بھی بہت تیز کھیلا، تین چھکے لگائے اور دھواں دھار بیٹنگ کی، انڈیا نے آٹھ کی ایوریج سے پہلے دس اوورز میں رنز بنائے مگر آسٹریلین بائولر اور فیلڈر کی محنت کی وجہ سے تین وکٹیں بھی گنوا بیٹھے، شمبھ گل، روہت اور شریاس آئیر۔

اس کے بعد کوہلی اور کے راہول نے بہت احتیاط سے کھیلنا شروع کیا، کوہلی پہلے تیز کھیل رہے تھے اور انہوں نے تین چار چوکے بھی لگا رکھے تھے۔ آسٹریلین بائولرز نے وکٹیں حاصل کرکے انڈیا پر دبائو ڈالا اور ان کے سلو بائولرز زمپا، میسکویل، ہیڈ وغیرہ نے باندھ کر رکھ دیا۔ رن ریٹ آٹھ سے گر کر سواپانچ تک پہنچ گیا۔

آج آسٹریلوی کپتان کمنز بھی کمال کر دیا۔ ان کا پورا ورلڈ کپ اچھا نہیں رہا، آج مگر کمنز نے بڑی اچھی نپی تلی بائولنگ کرائی اور اب تک وہ دو اہم وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ کمنز کی خاص بات ان کی کپتانی تھی۔ انہوں نے مسلسل بائولنگ میں تبدیلیاں کیں، کبھی سپنر کو کبھی فاسٹ بائولر کو لے آئے، ہیزل وڈ، سٹارک، زمپا، میکسویل، ٹریوس ہیڈ، مارش سب سےمسلسل بدل بدل کر بائولنگ کرائی، خود بھی بائولنگ پر آئے۔ حتیٰ کہ پارٹنر شپ توڑ دی اور کوہلی کی بہت اہم وکٹ ابھی چند منٹ قبل حاصل کر لی۔ انڈیا کے ڈیڈھ سو رنز پر چار وکٹیں گر چکی ہیں، رن ریٹ پانچ کے لگ بھگ ہے جبکہ پچھلے پندرہ اوورز میں بمشکل ساٹھ رنز بنے ہیں۔

یہ ہوتی ہے مثبت جارحانہ کپتانی۔ ہم پاکستانی کپتانوں پر اسی لئے تنقید کرتے رہے ہیں۔ کئی بار بابر کپتان تھا اورایسی صورتحال بنی تو اس نے رنز روکنے پر توجہ دی اور وکٹوں کے لئے دباو نہیں بڑھایا۔ اپنے اچھے بائولرز کے اوورز آخر کے لئے سنبھال کر رکھے مگر جیسے ہی مخالف بلے باز سیٹ ہوئے انہوں نے سب کی دھنائی کر دی۔ کمنز نے عمدہ کپتانی کی ہے۔

اس ورلڈ کپ میں پہلی بار انڈین ٹیم دبائو میں نظر آ رہی ہے۔ ایسا بہت بار ہوتا ہے کہ کوئی اچھی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر رہے اور فائنل میں وہ دبائو تلے آ کر ڈھیر ہوجائے۔ کیا آج انڈیا کے ساتھ ایسا ہی ہونے والا ہے؟ سردست تو اسٹریلین چھائے ہوئے ہیں، مگر بہرحال ابھی راہول، جدیجہ بیٹنگ کر رہے ہیں۔ انڈیا کی کچھ نہ کچھ امید باقی ہے۔ دیکھنا یہ بھی ہوگا کہ دوسری اننگ میں انڈین بائولرز کیسی بائولنگ کرائیں گے؟ فاسٹ بائولر خاص کر شامی (سمیع) اور سپنرز کلدیپ اور جدیجہ؟

Check Also

Kya Pakistani Adalaten Apne Daira e Kar Se Tajawuz Karti Hain?

By Imran Amin