1.  Home
  2. Blog
  3. Ali Hassan
  4. Aurat To Shehzadi Hai

Aurat To Shehzadi Hai

عورت تو شہزادی ہے

لوگ کہتے ہیں کہ عورت کا کوئی گھر نہیں ہوتا لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ عورت کے بغیر گھر گھر نہیں ہوتا۔ وہ عورت ہر گھر میں ماں، بیوی، بہن کی شکل میں موجود ہوتی ہے۔ جن کے بغیر گھر نامکمل ہوتا ہے۔

اسلام قبول کرنے والی پہلی عورت حضرت خدیجہ ؑتھیں، اسلام کی سب سے بڑی عالمِ دین ایک عورت حضرت عائشہؓ تھیں۔ وہ شخص جس نے رسول اللہ ﷺ کو سب سے زیادہ پیار کیا وہ بھی ایک عورت ہی تھیں جن کا نام حضرت فاطمہؑ تھا۔ اسلام میں سب سے زیادہ اہمیت اور عزت عورت کو دی گئی ہے۔

عورت ہی وہ ہستی ہے جو ماں، بہن، بیوی کے روپ میں ہمیں اچھی تربیت دے کر عورت کی عزت کرنا سکھاتی ہے اور معاشرے کا ایک کارآمد شخص بناتی ہے۔ اسلام نے عورت کو ماں ہونے کی صورت میں ایک خاص درجے کے احترام سے نوازا ہے اور اس کا خصوصی خیال رکھنے اور خدمت و حسن سلوک کرنے کی تاکید فرمائی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے خواتین کی اہمیت پر دلیری سے تبلیغ کی۔ خاندان اور معاشرے میں ان کی شراکت کوسراہا، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت اور ان کے حقوق کے لئے مہم چلائی۔ عورت کو عزت کی نگاہ سے دیکھو کیوں کہ تم اس ہی کے ذریعے اس دنیا میں آئےہو۔

بے پردہ نظر آئیں جو کل چند بیبیاں

اکبر زمیں میں غیرتِ قومی سے گڑ گیا

پوچھا جو میں نے آپ کا پردہ وہ کیا ہوا

کہنے لگیں کے عقل پہ مردوں کے پڑ گیا

کوئی نہیں جانتا عورت کی آنکھیں صرف آنسو نہیں دکھ بھی بہاتی ہیں کبھی ماں باپ کے بچھڑنے کا دکھ، کبھی بھائیوں کی بے نیازی کا دکھ کبھی شوہر کی بے رخی کا دکھ، کبھی اپنی اولاد کا دکھ، گھر میں ہر شخص کا کام کرنے کے بعد کچھ اچھا سننے کی چاہ، اولاد کی لاپراوہی کا دکھ اور کبھی سب کچھ پانے کے چکر میں خود کو کھو جانے کا دکھ۔ عورت اپنی ذندگی حقیقی ذندگی کے دکھوں کی نظر کردیتی ہے۔ پھر بھی صبر کے ساتھ کام لیتی ہے۔

ہم کیوں ہر دفعہ عورت کے ہر برے کام کو (highlight) کرتے ہیں۔ ہم کیوں عورت مارچ کے صرف ان (posters) کو دیکھتے ہیں جن پر لکھا ہوتا ہے میرا جسم میری مرضی، کھانا خود گرم کرلو، اگر دوپٹہ اتنا ہی پسند ہے تو اپنی انکھوں پر باندھ لو، میں آوارہ میں بدچلن، اور اس کو ہم (share) کرکے عورتوں کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔ اور مارچ میں شریک تمام عورتوں کو برا بھلا کہتے ہیں۔

لیکن ہم سوشل میڈیا پر یہ نہیں (share) کرتے کہ وہاں کچھ عورتیں جائز مطالبات جیسے کہ کم عمر لڑکی کی کسی بڑی عمر کے شخص کے ساتھ شادی کو بند کرنے کے خلاف بات کررہی ہوتی ہیں۔ جہاں وہ یہ کہ رہی ہوتی ہیں کہ نام روشن صرف لڑکا ہی نہیں لڑکی بھی کرسکتی ہے آپ موقع دے کر تو دیکھیں۔

عورت کے پاس یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے کہ وہ حالات کے مطابق اپنے والدین کا بیٹا بن جاتی ہیں۔ وہ اپنے شوہر کی غیر موجودگی میں مرد بن جاتی ہیں۔ اور اس کے علاوہ وہ اپنی اولاد کا باپ بھی بن جاتی ہیں۔ اور یہ صلاحیت خدا نے صرف عورت کو عطا کی ہے۔

حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی

خدا کرے تیری جوانی بے داغ رہے

عورت کے کردار کو جانچنے کے لئے لوگوں نے کتنے پیمانے بنا رکھے ہیں۔ عورت کا لباس، عورت کی آواز، عورت کے ہاتھ پاؤں، عورت کی شکل و صورت، عورت کے ہاتھ سے پکے کھانے میں نمک، اس کا خاوند، اس کا خاندان، اس کی ماں، اس کے خاندان کے معاشی حالات، اس کاڈاکٹر ہونا یا اچھی ملازمت کرنا کوئی اچھی سے اچھی عورت بھی بے شک سب مرحلے پار کربھی جائے مگر پھر بھی کہیں نہ کہیں رہ جاتی ہیں۔ اور مردوں کے کردار کو جانچنے کا کیا پیمانا ہے؟ صرف ایک اچھی ملازمت جو اس کے تمام عیبوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔

عورت نہ اپنا فیصلہ خود کرسکتی ہے اور نہ ہی اپنی پسند کا ماحول بناسکتی ہے۔ عورت اگر گناہ کرے تو لوگ اس کو مرتے دم تک یاد رکھتے ہیں اور مرد کے بڑے سے بڑے گناہ کو بھول جاتے ہیں۔ اور جب عورت گناہ کرنے جارہی ہو تو ایک بات یاد رکھے کہ اس کے اس گناہ کی معافی صرف اللہ دےسکتا ہے۔ یہ لوگ اور یہ دنیا اس کا یہ گناہ اس کے کردار سے ملاتے رہیں گے۔ عورت کی ذات پر جب دھبہ لگتا ہے تو اس کو مٹانے کے لیے یہ داڑھی بھی نہیں رکھ سکتی۔ جس سے اس کے کردار پر لگا دھبہ چھپ جائے۔ عورت خود کو بے گناہ ثابت نہیں کر سکتی سوائے اللہ پر معاملہ چھوڑنے کے۔

عورت کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ راز نہیں رکھ سکتی لیکن میری نظر میں عورت کو اگر راز نہ رکھنا آتا ہوتا تو کبھی بھی کوئی مرد سر اٹھا کر نہ جی سکتا۔

کون بدن سے آگے دیکھے عورت کو

سب کی آنکھیں گروی ہیں اس نگری میں

About Ali Hassan

Ali Hassan is from Sargodha. He is doing BS International Relations and political science from university of lahore sargodha campus. He is interested in writing on different political and social issues.

Check Also

Masoom Zehan, Nasal Parast Ban Gaye

By Zaigham Qadeer