Pakistan Mein Khwateen Ke Haqooq: Haqeeqat Ya Khwab?
پاکستان میں خواتین کے حقوق: حقیقت یا خواب؟
کیا پاکستان میں خواتین کو واقعی وہ حقوق حاصل ہیں جن کا وعدہ آئین اور معاشرہ کرتا ہے، یا یہ سب محض خوبصورت الفاظ کا ایک جال ہے؟ اگر انصاف اور برابری حقیقت ہیں تو پھر کیوں آج بھی ایک عورت کو اپنے بنیادی حقوق کے لیے ہر قدم پر جدوجہد کرنا پڑتی ہے اور اس کی آواز سماج کے شور میں دب کر رہ جاتی ہے؟
کیا پاکستان میں ایک عورت واقعی آزاد ہے، یا اس کی آزادی صرف کتابوں اور نعروں تک محدود ہے؟ یہ سوال آج بھی ہمارے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو عزت، احترام اور حقوق دینے کی بات تو بہت کی جاتی ہے، مگر عملی طور پر صورتحال اس سے کافی مختلف نظر آتی ہے۔ خواتین کے حقوق کا بیانیہ بظاہر مضبوط دکھائی دیتا ہے، مگر زمینی حقیقت اس کے برعکس ایک تلخ تصویر پیش کرتی ہے۔ ایک طرف ہم عورت کو "معاشرے کی بنیاد" قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف اسی بنیاد کو کمزور رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے وہی مرد جو عورتوں کے حقوق کی جد وجہد کا ایک مینارہ نظر آتے ہیں اپنے گھر کی چار دیواری میں ان کے خیالات منجمند ہو جاتے ہیں وہ عوامی سطح پر حقوق نسواں کا پرچار تو کرتے ہیں مگر حقیقی زندگی میں یکسر فراموش کر دیتے ہیں۔
اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو تصویر کچھ ملی جلی نظر آتی ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق خواتین کی شرحِ خواندگی تقریباً 48٪ کے قریب ہے، جبکہ مردوں کی شرح اس سے کہیں زیادہ ہے۔۔ عالمی اقتصادی فورم کی Global Gender Gap Report کے مطابق پاکستان صنفی برابری کے حوالے سے دنیا کے آخری درجوں میں شامل رہا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عملی میدان میں ابھی بہتری کی مؤثر کاوشوں کی اشد ضرورت موجود ہے۔ اگر پاکستان کے پسماندہ دیہی علاقوں کی طرف نگاہ دوڑائی جائے تو وہاں یہ فرق پستی اختیار کر جاتا ہے۔ عورتوں کو اس جدید دور میں بھی معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل نہیں۔ کمسن بچیوں کے کتاب تھامنے کے وقت میں انہیں ازدواجی زندگی کی ذمہ داریوں سے نواز دیا جاتا ہے۔ کم عمری کی شادی ان کے خوابوں کی قاتل ثابت ہوتی ہے اور تعلیم ایک ادھورا خواب بن کر رہ جاتی ہے۔
سماجی سطح پر بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ آج بھی بہت سی خواتین کو "عزت" کے نام پر فیصلے کرنے کی آزادی نہیں دی جاتی۔ گھریلو تشدد اور ہراسانی جیسے مسائل عام ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹس کے مطابق ہر سال سینکڑوں کیسز گھریلو تشدد اور غیرت کے نام پر جرائم کے رپورٹ ہوتے ہیں، جبکہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بہت سے کیسز رپورٹ ہی نہیں ہوتے انہیں اپنی نام نہاد عزت بچانے کی خاطر میڈیا کوریج سے دور رکھنا بھی غیرت کی ایک جھلک ہے۔
شہروں میں تصویر اس سے کچھ مختلف ہے مگر زیادہ خوشنما نہیں، جہاں تعلیم یافتہ عورتیں ملازمت تو حاصل کر لیتی ہیں مگر مردوں کے مقابلے میں انہیں بہت سی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے کم معاوضہ، محدود مواقع اور غیر محفوظ ماحول۔ ملازمت کی آڑ میں عورتوں کا جنسی استحصال ایک نہایت سنگین اور حساس مسئلہ ہے۔ اگرچہ روک تھام کے لیےقوانین موجود ہیں، لیکن ان پر مؤثر عملدرآمد اور فوری انصاف کا نظام ابھی بھی کمزور ہے۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے نہ صرف قانونی اداروں کو فعال کرنا ضروری ہے بلکہ معاشرتی رویوں میں بھی بنیادی تبدیلی ناگزیر ہے، تاکہ ہر عورت خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کر سکے۔
اس کے باوجود، پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیتوں سے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ کسی سے کم نہیں۔ وہ تعلیم، صحت، کاروبار اور حتیٰ کہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا رہی ہیں۔ مگر المیہ یہ ہے کہ یہ کامیابیاں ایک عام عورت کی حقیقت نہیں، بلکہ چند استثنائی مثالیں ہیں۔
اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیے، وہ نہ صرف واضح بلکہ مکمل انصاف پر مبنی ہیں، وراثت، تعلیم جائیداد اور عزت کا حق۔ لیکن ہم نے ان اصولوں کو اپنانے کے بجائے فرسودہ روایات اور خود ساختہ رسم و رواج کو ترجیح دی، جس کا تیجہ آج کی سماجی ناانصافیوں کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
اب سوال صرف یہ نہیں کہ مسئلہ کیا ہے، بلکہ یہ ہے کہ اس پچیدہ مسئلے حل کیا ہے۔ جب تک تعلیم کو عام نہیں کیا جائے گا، قانون پر حقیقی عملدرآمد نہیں ہوگا اور معاشرتی سوچ میں تبدیلی نہیں آئے گی، اس وقت تک یہ بحث جاری رہے گی مگر بہتری محدود۔
یہ کہنا حقیقت سے قریب تر ہوگا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق نہ مکمل خواب ہیں اور نہ مکمل حقیقت، بلکہ ایک ایسی جدوجہد ہیں جو ابھی جاری ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ خواتین اس جدوجہد میں آگے نکل چکی ہیں، جبکہ اکثریت اب بھی اپنے حق کے انتظار میں ہے۔
آخر میں ایک بات شاید تلخ لگے مگر ضروری ہے، پاکستان میں خواتین کے حقوق نہ مکمل طور پر "محض جملے" ہیں اور نہ ہی مکمل طور پر "حاصل شدہ حقیقت"، یہ دونوں کے درمیان ایک متحرک میدان ہے جہاں تبدیلی ہو بھی رہی ہے اور رکی بھی ہوئی ہے اور یہی تضاد اس پورے مسئلے کی اصل پہچان ہے۔
قانون سازی ایک اہم قدم ہے، مگر اصل کامیابی تب ہوگی جب معاشرتی رویے بدلیں گے، تعلیمی سفر عام ہوگا اور خواتین کو عملی طور پر برابر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ سفر مشکل ضرور ہے، مگر ناممکن نہیں۔ جب ریاست، معاشرہ اور فرد سب مل کر کوشش کریں گے تو وہ دن دور نہیں جب خواتین کے حقوق صرف کتابوں میں نہیں بلکہ ہر گھر اور ہر گلی میں نظر آئیں گے۔

