Tuesday, 30 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Abid Hashmi/
  4. Quaid e Azam Ki Door Andeshi Aur Aaj Ka Bharat

Quaid e Azam Ki Door Andeshi Aur Aaj Ka Bharat

قائد اعظمؒ کی دور اندیشی اور آج کا بھارت

مودی کا بھارتی سپریم کورٹ کو مقبوضہ وادی کی بحالی کا روڈمیپ دینے سے انکار، کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ، اس سب کے باوجود کشمیریوں کے بینرز میں پاکستان سے اظہار محبت، دُنیا کے لئے اہم پیغام ہے۔ بھارت کی آج کی ہٹ دھرمی کو قائد اعظمؒ کی دور اندیشی نے بہت پہلے ہی بھانپ لیا تھا۔ انہیں اس بات کا علم تھا کہ ایک دِن آئے گا جب بھارت کی زمین مسلمانوں کے لئے تنگ کر دی جائے گی۔

آتشِ چنار میں شیخ عبداللہ قائداعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کا دلچسپ احوال لکھتے ہیں"ان بیانات کی وجہ سے جو میں مسلم لیگ کی سیاست کے خلاف دیتا رہتا تھا، مسلم لیگ اور میری پارٹی نیشنل کانفرنس کے درمیان غلط فہمیوں کی خلیج وسیع ہوتی جا رہی تھی، اسے کم کرنے کی غرض سے میں نے جناح صاحب کو خیر سگالی کا مکتوب لکھا، انھوں نے جواب میں مجھے دہلی آکر ملاقات کرنے کی دعوت دی۔ یہ ملاقات دو گھنٹے جاری رہی۔

جناح صاحب کے چہرے کے اتار چڑھاؤ سے لگتا تھا کہ وہ میری باتوں سے خوش نہیں ہوئے لیکن حق یہ ہے کہ انھوں نے کمال صبر سے میری گفتگو سنی اور آخر میں ایک بزرگ کی طرح فہمائش کے انداز میں کہنے لگے "میں آپ کے باپ کی مانند ہوں۔ میں نے سیاست میں بال سفید کئے ہیں اور میرا یہ کئی سالوں پر محیط تجربہ ہے کہ ہندو پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔ وہ کبھی آپ کے دوست نہیں بن سکتے۔ وقت آئے گا جب آپ کو میری بات یاد آئے گی اور آپ افسوس کریں گے"۔

اس کے علاوہ ان کے خطبات سے اقتباسات کچھ یوں ہیں: آج ہم یہاں دنیا کی عظیم ترین ہستی حضرت محمدﷺ کو نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ آپ ﷺ کی عزت و تکریم کروڑوں عام انسان ہی نہیں کرتے بلکہ دنیا کی تمام عظیم شخصیات آپ ﷺ کے سامنے سر جھکاتی ہیں۔ وہ عظیم مصلح تھے، عظیم رہنما تھے، عظیم واضع قانون تھے، عظیم سیاستدان تھے اور عظیم حکمران تھے، ہم ان کی تعلیمات پر عمل کرتے رہے تو کسی میدان میں کبھی بھی ناکامی نہ ہوگی"۔ (کراچی بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب، 25جنوری 1948ء)

چھوت چھات صرف ہندو مذہب اور فلسفے میں جائز ہے۔ ہمارے ہاں ایسی کوئی بات نہیں۔ اسلام انصاف، مساوات، معقولیت اور رواداری کا حامل ہے، بلکہ جو غیر مسلم ہماری حفاظت میں آ جائیں، اسلام اُن کے ساتھ فیاضی کو بھی روا رکھتا ہے۔ یہ لوگ ہمارے بھائی ہیں اور اِس ریاست میں وہ شہریوں کی طرح رہیں گے"۔ (مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے طلباء سے خطاب، 2نومبر 1940ء)

جو لوگ اپنی نادانی سے یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ختم کردیں گے، بڑی سخت بھول میں مبتلاء ہیں۔ دُنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا شیرازہ بکھیرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی، اِس پاکستان کا جس کی جڑیں مضبوط اور گہرائی کے ساتھ قائم کردی گئی ہیں۔ ہمارے دشمنوں کے اُن خوابوں یا اِرادوں کا نتیجہ جس کی وجہ سے وہ قتل اور خونریزی پر اُتر آتے ہیں، سوائے اِس کے کچھ نہ نکلے گا کہ کچھ اور معصوم اور بے گناہوں کا خون بہے۔ یہ لوگ اپنی حرکتوں سے اپنے فرقہ کی پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ لگا رہے ہیں"۔ (24 اگست 1947ء کو جلسہ عام سے خطاب)

وہ کون سا رشتہ ہے جس سے منسلک ہونے سے تمام مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں، وہ کون سی چٹان ہے جس پر ان کی ملت کی عمارت استوار ہے، وہ کون سا لنگر ہے جس پر امت کی کشتی محفوظ کر دی گئی ہے؟ وہ رشتہ، وہ چٹان، وہ لنگر اللہ کی کتاب قرانِ کریم ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ جوں جوں ہم آگے بڑھتے جائیں گے، قرآنِ مجید کی برکت سے ہم میں زیادہ سے زیادہ اتحاد پیدا ہوتا جائے گا۔ ایک خدا، ایک کتاب، ایک رسول، ایک امت۔ (کراچی میں آل انڈیا مسلم لیگ کے31ویں اجلاس سے خطاب، 6دسمبر 1943ء)

ہم جتنی زیادہ تکلیفیں سہنا اور قربانیاں دینا سیکھیں گے، اُتنی ہی زیادہ پاکیزہ، خالص اور مضبوط قوم کی حیثیت سے اُبھریں گے، جیسے سونا آگ میں تپ کر کندن بن جاتا ہے۔ (عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم سے خطاب، 24اکتوبر 1947ء)

آزادی کا مطلب بے لگام ہوجانا نہیں ہے۔ آزادی کا مفہوم یہ نہیں ہے کہ دوسرے لوگوں اور مملکت کے مفادات کو نظرانداز کرکے آپ جو چاہیں، کر گزریں۔ آپ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور پہلے سے بھی کہیں زیادہ۔ اب یہ ضروری ہے کہ آپ ایک منظم و مضبوط قوم کی طرح کام کریں۔ اِس وقت ہم سب کو چاہیے کہ تعمیری جذبہ پیدا کریں۔ جنگِ آزادی کے دِنوں کی جنگجوئی کی اب ضرورت نہیں رہی۔ آزادی حاصل کرنے کے لیے جنگجویانہ جذبات اور جوش و خروش کا مظاہرہ آسان ہے اور ملک و ملت کی تعمیر کہیں زیادہ مشکل۔ (ڈھاکہ یونیورسٹی میں خطاب، 26 مارچ 1948ء)

قدرت نے آپ کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ آپ کے پاس لامحدود وسائل موجود ہیں۔ آپ کی ریاست کی بنیادیں مضبوطی سے رکھ دی گئی ہیں۔ اب یہ آپ کا کام ہے کہ نہ صرف اِس کی تعمیر کریں بلکہ جلد از جلد اور عمدہ سے عمدہ تعمیر کریں۔ سو آگے بڑھیے اور بڑھتے ہی جائیے۔ (آزادی پاکستان کی پہلی سالگرہ پر قوم سے خطاب، 14اگست 1948ء)

ہم جتنی زیادہ تکلیفیں سہنا اور قربانیاں دینا سیکھیں گے، اُتنی ہی زیادہ پاکیزہ، خالص اور مضبوط قوم کی حیثیت سے اُبھریں گے، جیسے سونا آگ میں تپ کر کندن بن جاتا ہے۔ (عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم سے خطاب، 24اکتوبر 1947ء)

ہمیں جو دکھ گیا ہے اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، مگر ہمیں پاکستان کو قائم رکھنے کےلیے ابھی اور قربانی دینی ہوگی۔ مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتا، ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ اگر اسی طرح تمام ملت ہمت اور لگن کے ساتھ کام کرتی رہی تو ہماری یہ مصیبتیں انشاءاللہ بہت جلد ختم ہو جائیں گی۔ (لاہور کی بڑی ریلی سے خطاب، 30 اکتوبر 1947ء)۔

کافر کبھی قابلِ بھروسہ تھا، نہ ہے۔ ہمیں اپنے اسلام، اور اسلامی قوانین کے ساتھ ہی اپنے اسلاف کے کارہائے نمایاں کو مثال بنا کر اپنے ملک مسائل سے نکالنا ہے۔ نسلِ نو کو اپنے اسلاف کی تاریخ سے واقفیت از بست ضروری ہے۔

Check Also

Profile Of A Graduate

By Mubashir Ali Zaidi