Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Abid Hashmi
  4. 8 October Jab Zameen Laraz Uthi Thi

8 October Jab Zameen Laraz Uthi Thi

8اکتوبر، جب زمین لرز اٹھی

آج 08 اکتوبر کا دن ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، والدین، اولادکے لیے ان ہولناکیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جو کچھ ہی لمحے پہلے ساتھ تھے، اور پھر لمبی جدائی کے مصداق سینے چھلنی ہو کر رہ گے۔ قدرتی آفات میں زلزلہ ایسی آفت ہے جوکرہ ارض پر جہاں بھی آتا ہے وہاں تبا ہی وبربادی لاتا ہے۔ دُنیا میں ابھی تک کوئی ایسانظام ایجاد نہیں ہو ا جس سے زلزلہ کا پیشگی پتہ چل سکے۔ بیسویں اوراکیسویں صدی میں کئی تباہ کن زلزلے آئے جولاکھوں جانوں کو لقمہ اجل بنا گئے۔ زلزلوں کا مختصراً احوال یوں ہے: 1920ء میں چین میں زلزلہ میں دولاکھ پینتیس ہزارافرادہلاک ہوئے، 1921ء میں چین میں دولاکھ افرادجان سے گئے، 1923ء میں جاپان کے شہر کالا ہاما میں ایک لاکھ چالیس ہزار القمہ اجل بنے، 1935 میں پاکستان کے شہرکوئٹہ میں ساٹھ ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 1980ء میں اٹلی کے زلزلہ میں تریاسی ہزارافراد شہیدہوئے تھے، 2001 میں ہندوستان کے شہر گجرات میں چالیس ہزار افرادہلاک ہوئے، 2004 میں سونامی سے ہندوستان، انڈونیشیاء، سری لنکا تھائی لینڈمیں دولاکھ افراد لقمہ اجل بنے تھے۔ 2005 میں آزاد کشمیر میں قیامت خیز زلزلہ میں کشمیر اور صوبہ خیبر پختونخوا میں 70ہزار افراد شہید ہوئے تھے۔ ابھی وہ زخم ہرے ہی تھے کہ میرپور آزاد کشمیر زلزلہ سے لرز اٹھا جس سے26افراد جان سے گئے کئی افراد زخمی، شاہرائیں کھنڈرات بن گئی، کئی گھر ویران، رہی سہی کسر آفٹر شاکس نے نکلا دی۔

8اکتوبر2005کو کوہ ہمالیہ اور ہندوکش کی ان پہاڑوں سے اٹھنے والے لہروں نے تباہ کن شکل اختیار کی جس میں زلزلے کی شدت 8.3رہی اس زلزلے میں اگلے کچھ منٹوں کے اندر سب کچھ لتاڑ کے رکھ دیا کسی کو کیا خبر تھی کہ صرف تین منٹ تک چلنے والی یہ لہریں (اور اسکے 1500 after shocks)مشرق سے مغرب تک کی دنیا کو مسمار کر دے گی انسان، حیوان، بلند عمارتیں، دیدہ ور شکلیں خاک و خساک میں مل جائے گی اس زلزلے کی وجہ سے کہیں پر انسان کے مایہ ناز بدن کئے دن تک عمارتوں کے ملبے کے اندر پڑے رہے تو کہیں پر انسان کو سریا و سیمنٹ، اینٹوں، پتھروں اور درختوں نے گھیر لیا تھا آبادیاں سیکنڈوں کے اندر سنسان ہوئی سڑکیں کھنڈرات میں بدل گئی تمام رسد کے راستے بند ہوئے رمضان کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں (remote) تک نہ پہنچنے کی وجہ سے بہت سارے لوگ لقمہ اجل بنے زلزلہ زدہ علاقوں پر آج بھی موت کے سائے منڈلا رہے ہیں دہشت، وحشت، خوف اور تباہی و بربادی کی وجہ سے آج بھی یہ علاقے کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہے ہیں اس زلزلے کو کسی نے قیامت کا نام دیا تو کسی نے حشر کا، زلزلے سے ڈرے ہوئے لوگ آج بھی اس قیامت خیز لمحات کو یاد کرکے اپنے رشتہ دار لخت جگر پیارے یاد کرتے ہیں تو خون کے انسوں روتے ہیں اس قیامت خیز زلزلے میں زیر زمین ملبے کے اندر پڑے ہوئے لاشوں کا نکا لنا ایک دشوار مرحلہ تھا تو چیختے چلاتے ہوئے انسانوں کے کٹے ہوئے اعضاء کو ٹٹو لنا اس سے بھی بڑھ کر امتحان تھا۔

زلزلوں میں مالی نقصانات کا تخمین کھربوں ڈالرز میں تھا 26 اکتوبر 2015میں پاکستان میں 8.1شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے خیبر پختون خوا کے ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقہ اور باجوڑ ایجنسی میں 270تک لوگ شد ید اور 1000کے قریب زخمی ہونے کے ساتھ ہی اربوں کی مالیت املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

ہماری کہکشاں گلیکسی وے میں سورج جیسے اربوں ستارے ہیں ان کے اپنے نظام شمسی ہیں۔ سورج سے ہزاروں گُنا بڑے ستارے بھی ہماری کہکشاں میں موجود ہیں۔ ہماری کہکشاں سے سینکڑوں بلکہ ہزاروں گُنا بڑی کئی کہکشائیں دریافت ہوچکی ہیں۔ کائنات میں کھربوں میل کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

سب سے پہلے انسان نے اپنی بنیادی ضروریات پر توجہ دی۔ دھاتوں کو اپنے استعمال میں لایا پھر آہستہ آہستہ سائنسی ایجادات کی دُنیا میں داخل ہوا اب ہر لمحہ نِت نئی ایجادات ہو رہی ہیں، مگر یہ سارا علِم وہ ہے کہ جو آدم کو اللہ کا نائب ڈکلیئر کرنے سے پہلے ہی عطا کر دیا گیا تھا۔

اسلام کے اولین دور میں ہی علِم جفراور دوسرے علوم کے ساتھ مسلمان سائنسدانوں نے سائنس پر ریسرچ کرنی شروع کی۔ مسلمان سائنسدانوں کی اس سائنسی ریسرچ کا تعلق روحانیت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ جب تک مسلمانوں نے سائنس کو دین اور روحانیت کا حصہ سمجھا وہ علِمی اور سائنسی ترقی میں دوسری اقوام سے بہت آگے نِکل گئے۔

نیل آرمسٹرانگ نے چاند پر پہلا قدم رکھا تو اسے شِرک قرار دیا اور کہا کہ سورج چاند اللہ تعالیٰ کے پوشیدہ راز ہیں بھلا کوئی وہاں تک کیسے پہنچ سکتا ہے مگر اب سائنس اس قدر ترقی کر چکی ہے کہ کائنات کی وسعت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ کہکشائیں دریافت ہوچکی ہیں۔ کائنات میں کھربوں میل کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

جوہری سائنسدانوں نے انتہائی خوفناک اور شدت کے ساتھ زلزلے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ یہ اس قدر خطرناک ہوگا کہ براعظموں کو جدا کردیگا اور اس سے کروڑوں لوگ ہلاک ہوجائینگے۔ شمالی اور جنوبی امریکہ کے براعظم ٹوٹ کے الگ ہوجائینگے۔ میگا سونامی کے ٹکرانے سے امریکہ اور ایشیاء میں تقریبا 4کروڑ افرادہلاک ہوسکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف لندن میں جوہری انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے ایک ڈاکٹر نے دعویٰ بھی کیا کہ یہ سونامی اور زلزلہ اس قدر شدید ہوگا کہ صرف امریکہ کے مغربی ساحل پر 2 کروڑ افرادہلاک ہو سکتے ہیں۔

انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنس دانوں نے Svalbard نامی جزیرے میں تمام جینز کو محفوظ کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔"سوالبارڈ" نارتھ پول اور ناروے کے بیچ میں واقع ایک ٹھنڈا جزیرہ ہے۔ یہ دُنیا کا سب سے سرد علاقہ ہے۔ اس کا درجہ حرارت ہمیشہ منفی ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے۔ اس میں "حفاظتی تہہ خانہ" بنایا گیا ہے۔

یہ سمندر کی سطح سے 130 میٹر بلند ہے۔ جو کسی بھی سمندری آفت یا سطح سمندر کے بڑھنے کے خطرات سے محفوظ رہے گا۔ اس میں تین والٹس بنائے گئے ہیں جن میں 15 لاکھ بیجوں کے سیمپلز فی والٹ رکھے جاسکتے ہیں۔ مجموعی طورپر 45 لاکھ نمونے رکھے جاسکتے ہیں۔ یہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری رکھا جائے گا جوکہ ان بیجوں اور جینز کی عرصہ دراز تک حفاظت کیلئے ضروری ہے۔

19 جون 2006ء کو اس گلوبل سیڈ والٹ کا سنگِ بنیاد ناروے، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک اور آئی لینڈ کے وزرائے اعظم نے رکھا تھا اور 26 فروری 2008ء کو اسے مکمل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت دُنیا میں 60 لاکھ مختلف اقسام کے بیج مختلف ملکوں کے جینز بینکوں میں محفوظ ہیں لیکن یہ تمام بینک قدرتی آفات اور نیوکلیئر جیسے خطرات محفوظ نہیں جس کے باعث ان کی بقا یقینی نہیں۔

ان خطرات کے پیش نظر سائنس دانوں کی ایک کمیٹی اس بات پر متفق ہوئی ہے کہ ہمیں اس بنیادی ضرورت کی حفاظت اور بقا کیلئے "کرہ ارض پر بدترین صورتِ حال" کو ذہن میں رکھتے ہوئے جس میں کوئی بہت بڑی قدرتی آفت کی وجہ سے یا نیوکلیئر وار کی وجہ سے کسی ملک یا خطے کی زمینی پیداواری صلاحیت کا یکسر ختم ہوجانا کوئی خاص بیج کی نسل کا دُنیا سے یکسر ختم ہوجانا جیسے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی انتہائی جدید اور محفوظ انتظام کرنا ہوگا۔

فضا میں اس قدر آلودگی ہے کہ سائنسدانوں اور ماہرین فلکیات وارضیات کے مطابق آئندہ سالوں میں شدید گرمی، حبس اور سردی ہوگی۔ دُنیا تیزی سے اپنے منطقی انجام کی طرف جارہی ہے۔ سبھی متفق ہیں اگر اب تیسری عالمی جنگ، جو کہ ایٹمی جنگ ہوگی، چھڑگئی تو اتنی تباہی آئے گی کہ شاید حضرت نوحؑ کے دور کی طرح پوری دنیُا ختم ہوکر رہ جائے۔ ماہرین کی مختلف رپورٹوں کے مطابق آنے والے وقتوں میں خوفناک زلزلے، سیلاب، آندھی طوفان اور تباہی بھی آسکتی ہے۔

امریکہ، یورپ، ایشیاء، پاکستان، کشمیر سمیت پوری دُنیا میں ہولناک طوفان اور زلزلے آبھی چکے ہیں۔ ایک سائنسی نقطہ نظر تو دوسری حقیقت یہ ہے کہ:قرآن میں اللہ فرماتے ہیں: "زمین اور آسمان میں جو فساد ظاہر ہوتا ہے اس کا سبب انسانوں کے اپنے اعمال ہی ہیں۔" انسان جیسے اعمال کرتا ہے ویسے ہی اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ ایسے حوادث کے ذریعے اللہ تنبیہ کرتے ہیں کہ توبہ اور رجوع کریں۔ آپ ﷺکے زمانے میں زمین ہلنے لگی تو آپ نے زمین پر ہاتھ رکھ کر فرمایا:"ٹھہر جا! ابھی قیامت کا وقت نہیں آیا۔" اور پھر آپ نے لوگوں سے مخاطب ہوکر فرمایا: "اپنے گناہوں سے توبہ کرو اور معافی مانگو۔"

اللہ تعالیٰ شہدا زلزلہ زدگان کو بلندی درجات عطا فرمائیں، لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق اور اجراء عظیم عطا فرمائیں۔۔۔ اس کے ساتھ یہ دن اس بات کا بھی متقاضی ہے کہ ہم نے اس سے کیا سیکھا؟

Check Also

Hum Wohi Purane Lutere Hain

By Muhammad Salahuddin