Friday, 29 March 2024
  1.  Home/
  2. Wusat Ullah Khan/
  3. Apne Hi Ehsas e Jurm Ko Phansi Dene Wali Qarardad

Apne Hi Ehsas e Jurm Ko Phansi Dene Wali Qarardad

اپنے ہی احساسِ جرم کو پھانسی دینے والی قرارداد

قومی اسمبلی نے جذباتی اکثریت کے ساتھ بچوں سے جنسی زیادتی کے بعد انھیں قتل کرنے والے مجرموں کو برسرِ عام پھانسی دینے کی قرار داد منظور کر لی۔ اس مردانگی پر تالیاں تو بنتی ہیں۔

یہ جو بچے ہم نے پیدا کیے ہیں واقعی ہمارے ہیں؟ عجیب سا سوال ہے نا؟ غصہ بھی آنا چاہیے ایسے سوالوں پر۔ چلیے میں آپ سے یہ بات کسی اور طرح سے پوچھتا ہوں۔

یہ جو بچے ہم نے پیدا کیے ہیں آخر ہم ان سے پیار کیوں نہیں کرتے؟ کیا یہ کسی اور کے ہیں؟ اب یہ مت کہیے گا کہ ہم انھیں گھر کی چھت دیتے ہیں، کھانا دیتے ہیں، بیمار ہوجائیں تو ڈاکٹر کی طرف بھاگتے ہیں۔ ضدیں پوری کرتے ہیں، گھماتے پھراتے ہیں۔ ان کی الٹی سیدھی باتیں اور شرارتیں برداشت کرتے ہیں۔ ان کا منہ چومتے ہیں۔ یہ پریشان ہوں تو ہم بھی پریشان ہوجاتے ہیں وغیرہ وغیرہ وغیرہ۔

مگر یہ تو سب ہی والدین کرتے ہیں۔ ہمارے والدین نے اپنے وسائل، سوچ اور حالات کے مطابق ہمارے ساتھ ایسا ہی حسن ِ سلوک کیا ہوگا اور ان کے والدین نے ان کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا ہوگا۔ تو پھر ہم اپنے بچوں کے ساتھ الگ سے کیا اچھا کررہے ہیں؟ ایسا کہ جس کے بارے میں ہم کل سب کے سامنے سینہ ٹھونک کے کہہ سکیں کہ یہ دیکھو یہ کیا۔۔۔

کیا اچھا کھانا پینا اور پہناوا دینے سے اور اچھے اسکول میں بھیج دینے سے بعد آپ کی ذمے داری نبھ گئی؟ اچھا یہ بتائیے۔ مجھے نہیں خود کو بتائیے کہ آپ اپنے بچوں کے ساتھ چوبیس گھنٹے میں کتنا کوالٹی ٹائم گذارتے ہیں۔ کوالٹی ٹائم یہ نہیں کہ آپ محض گھر میں پڑے رہیں اورجتلاتے رہیں کہ دیکھو میں تمہارے درمیان تمہارے ساتھ موجود ہوں۔ کوالٹی ٹائم سے مراد وہ وقت ہے جس میں بچہ آپ کو اور آپ بچے کو سمجھ سکیں۔ وہ تمام ادب و آداب ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے بلا جھجک آپ کے پاس آسکے۔ آپ سے کوئی بھی بچگانہ و غیر بچگانہ بات شئیر کرسکے۔

اسے ایسا لگے کہ آپ ہوں ہاں کرتے ہوئے، شیو کرنے یا اخبار کا صفحہ پلٹنے کے بجائے اس کی ہر بات توجہ سے سن رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اسے بچگانہ پن کا احساس دلائے بغیر اور حوصلہ شکنی کیے بغیر کچھ نیا بھی بتا رہے ہیں، سکھا رہے ہیں۔ اسے ایسا لگے کہ آپ اس کے والدین تو ہیں ہی مگر پکے دوست بھی ہیں۔ اسے انتظار رہے کہ آپ اس سے پوچھیں گے کہ آج اسکول میں کیا ہوا؟ تمہاری انگلی میں چوٹ کیسے لگی؟ تم دبلے کیوں لگ رہے ہو؟ تمہارا بلا کیوں ٹوٹ گیا؟ کیا تمہیں نیا بلا چاہیے؟ کوئی نئی کہانی سناؤ جو تم نے اسکول میں سنی۔ پھر میں بھی تمہیں اپنے بچپن کی کہانی سناؤں گا۔ چلو کوئی اسکیچ بنا کے دکھاؤ۔ اگر اچھا بنایا تو انعام ملے گا؟ چلو گھر کی ماسی پر ایک صفحے کا مضمون لکھو؟ چلو کوئی کارٹون بناؤ اور پھر ہمیں سمجھاؤ کہ کیا بنایا ہے۔

ہاں آپ بہت مصروف ہیں؟ دفتر سے جب گھر آتے ہیں تو بدن ٹوٹا ہوا ہوتا ہے۔ صبح پھر جلدی گھر سے نکلنا ہے۔ یہ کرنا ہے وہ کرنا ہے، یوں کرنا ہے یوں نہیں کرنا ہے۔۔۔۔ لیکن مصروف تو آپ ان دنوں بھی تھے جب پہلا بچہ پیدا نہیں ہوا تھا۔ حالات بدل گئے مگر آپ کی مصروفیت نہیں بدلی۔

اور یہ جو ہم کہتے ہیں نا کہ زندگی اتنی سفاک ہے کہ چاہیں بھی تو وقت نہیں نکلتا۔ اچھا تو آپ کے ابا اور ان کے ابا کو کوئی کام دھام نہیں تھا؟ آپ کی والدہ اور پھر ان کی والدہ بالکل فارغ تھیں؟ اگر یہی تھا تو پھر آپ کو اچھائی برائی میں تمیز کرنا کس نے سکھایا؟ ہمسایوں نے؟ آپ کے اندر انسانی ہمدردی کس نے کوٹ کوٹ کے بھری؟ گھر کے گھڑے بھرنے والے ماشکی نے؟ آپ کو قانون کا احترام یا اس سے ڈرنا کس نے سکھایا؟ محلے کے نانبائی نے؟ آپ کو کھانا کھانے کے آداب کس نے بتائے؟ محلے کے پرچون فروش نے؟ آپ میں مطالعے کا ذوق کس نے پیدا کیا؟ سجو قصائی نے؟

کیا یہ آپ کے والدین نہیں تھے جنھوں نے یہ سب ایسے کیا کہ آپ کو محسوس تک نہ ہونے دیا؟ کیا انھیں آپ کی بچگانہ باتیں سن کے بوریت نہیں ہوتی ہوگی لیکن پھر بھی مسکراتے رہتے ہوں گے؟ کیا وہ ہزار بار آپ کے اس سوال پر جھنجلاتے نہ ہوں گے بابا یہ کیا ہے؟ اور بابا یہ تارہ آسمان پر ہی کیوں ہے؟ بابا بتائیں نا؟ بابا آپ بتاتے کیوں نہیں، ہروقت اخبار کیوں پڑھتے رہتے ہیں؟ ماما وہ کیا ہے؟ آپ بتاتی کیوں نہیں، فون پر ہی کیوں باتیں کرتی رہتی ہیں۔ ہیں ماما۔ ہاں وہ سب بتاتے تھے۔ جتنا بھی انھیں معلوم تھا بتاتے تھے۔ کام کرتے ہوئے، کھانا پکاتے ہوئے، سر میں درد کے باوجود سب بتاتے تھے اور بار بار بتاتے تھے۔

لیکن ہم نے کیا کیا۔ ہم نے بس پیسے خرچ کیے کیونکہ ہمارے پاس ہمارے والدین سے زیادہ پیسے ہیں۔ اور اس پیسے سے ہم نے کیا کیا؟ ہم نے ہر وہ کام آوٹ سورس کردیا جو ہماری توجہ کا مستحق ہے۔ دس ہزار روپے مہینہ فیس دے کے سمجھ لیا کہ اب ہمارا بچہ بہترین تعلیم حاصل کررہا ہے۔ مولوی صاحب کو تین ہزار روپے مہینے پر رکھ کے فرض کرلیا کہ بچے کا دین تو سنور ہی جائے گا۔ اب اور کیا کریں، بوریت سے بچنے کے لیے موبائل فون تو لے دیا۔ بیٹھ کے تاریخ، جغرافیہ اور حالاتِ حاضرہ پر بات کرنے کی ضرورت کیا ہے، کتابوں میں دلچسپی نہیں لے رہا تو کیا ٹینشن ہے، انٹر نیٹ ہے نا اس کے پاس۔

ارے بھئی کیا کریں، آج کل تو سب ہی بچے دیر سے سوتے اور دیر سے جاگتے ہیں۔ ارے بھئی کیا کریں آج کل تو سب ہی بچے گروپ کی شکل میں مووی دیکھتے ہیں۔ اپنے کسی دوست کے ہاں ویک اینڈ پر جمع ہوجاتے ہیں۔ ایک ویک اینڈ ہی تو ہوتا ہے ان کے پاس اور ایک ویک اینڈ ہی تو ہوتا ہے ہمارے پاس بھی ہفتے بھر کے کام کی تھکن اتارنے اور آرام کے لیے۔

اچھا ہی ہے کہ بچے باہر رہتے ہیں۔ کم ازکم انھیں زمانے کی اونچ نیچ تو پتہ چلتی رہتی ہے۔ ہم تو اس عمر میں بالکل بدھو تھے لیکن آج کے بچے کو یہ تو پتہ ہے کہ اسے آگے چل کے کیا کرنا ہے کیا بننا ہے۔ ٹھیک ہے یہ بچے ہم سے بے رخی برتتے ہیں، منہ پھٹ ہیں لیکن بھئی اب زمانہ بھی تو ایسا ہی ہے برداشت تو کرنا پڑتا ہے۔ کم ازکم گھر میں آ کے سو تو جاتا ہے۔ اپنے کمرے میں ہی بند سہی گھر میں تو رہتا ہے۔

ذرا سوچیے کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟ آپ کا بچہ آپ کے لیے اور آپ اپنے بچے کے لیے ان حالات میں ایک گیجٹ سے زیادہ اور کیا ہیں؟

تو پھر سر پکڑ کے کیوں بیٹھ جاتے ہیں؟ جب ایک دن یہی بچہ غائب ہوجاتا ہے اور پھر اس کا فون آتا ہے کہ ماں میں آپ کو بتاتے بتاتے رہ گیا۔ ایک مجاہد سے ملاقات ہو گئی تھی۔ اب میں کشمیر میں ہوں میرے لیے دعا کرنا۔ اور ایک دن بیٹی کہتی ہے بابا میں آپ کو بہت کوشش کرکے بتا رہی ہوں۔ پلیز خفا نہ ہوئیے گا۔ میں جاوید سے شادی کررہی ہوں۔ آپ اس سے ملیں گے تو خوش ہوں گے۔

اور ایک دن چھوٹے بیٹے کا خط آتا ہے، ابا میں میانوالی جیل میں ہوں، میرے دوستوں نے مجھے دھوکا دے کر پھنسوا دیا۔ میں نے آپ سے بات کرنے کی بہت کوشش کی، کاش آپ میری بات سن لیتے۔ کاش آپ کو تھوڑی سی فرصت ہوتی۔ میں تو ڈرتا ہی رہا بتانے سے کہیں آپ کو اور اماں کو شاک نہ پہنچے۔ اور پھر کسی روز چھوٹی بیٹی اچانک پھٹ پڑتی ہے۔ اماں، ابا! آپ نے ہمارے لیے کیا ہی کیا جو اب اداس سی شکل بنائی ہوئی ہے۔

اور پھر آپ دونوں بوڑھا بوڑھی آپس میں ہی کہتے رہ جاتے ہیں۔ ہم سے کیا کمی رہ گئی تھی تربیت میں۔ ہم نے تو شہزادے شہزادیوں کی طرح پالا تھا۔ دنیاوی اور دینی تعلیم میں بھی کوئی کسر نہ چھوڑی تھی۔ کیا قصور کیا جس کی ایسی سزا مل رہی ہے۔

آپ کا کیا خیال ہے، بچوں سے جنسی زیادتی اور قتل کے مجرموں کو چوک میں لٹکانے کی قرار داد قومی اسمبلی میں منظور کرنے کے بعد کیا، میرے آپ کے بچے محفوظ ہو گئے یا دراصل ہم نے اس قرار داد کے ذریعے اپنے احساسِ جرم کو پھانسی دے کر خود کو ذہنی نجات دلانے کی ایک جذباتی کوشش کی ہے؟

About Wusat Ullah Khan

Wusat Ullah Khan is associated with the BBC Urdu. His columns are published on BBC Urdu, Daily Express and Daily Dunya. He is regarded amongst senior Journalists.

Check Also

6 Fazil Judgjon Ke Mushtarka Khat Par Uthte Do Tarfa Sawalat

By Nusrat Javed