Mehangai, Jang Aur Taleem
مہنگائی، جنگ اور تعلیم

آج کل مہنگائی کی شدت نے ہر گھر کو دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ پٹرول اور روزمرہ اشیاء کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی کو نہایت مشکل بنا دیا ہے۔ حکومت نے حفاظتی نقطہ نظر سے بڑے شہروں میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن اس فیصلے میں چھوٹے گاؤں اور دیہی علاقوں کے بچوں کی تعلیم کے اہمیت کو نظر میں نہیں رکھا گیا۔
گاؤں کے سکول زیادہ تر بچوں کے گھر کے قریب ہوتے ہیں۔ یہاں بچوں کو لمبا سفر یا گاڑی کے استعمال کی ضرورت نہیں اور وہ محفوظ ماحول سے سکول تک پہنچ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ایسے سکولز کو بند کرنا نہ صرف بچوں کے حق تعلیم کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ والدین اور معاشرے پر بھی غیر ضروری دباؤ ڈال دیتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ گاؤں کے سکولوں کے لیے مختصر اوقات کار مقرر کرے، تاکہ تعلیم جاری رہے اور بچے محفوظ رہیں۔
عالمی سطح پر جاری جنگیں اور سیاسی کشیدگی نہ صرف قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ انسانی زندگی کی قدر کو بھی کم کر رہی ہیں۔ پٹرول مہنگا، اشیاء مہنگی اور بنیادی ضروریات مشکل سے دستیاب ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان جنگوں اور کشیدگی سے صرف مالی منافع کمایا جا رہا ہے اور انسانی زندگی کی کوئی اہمیت نہیں۔
یہ وقت ہے کہ حکومت اپنے فیصلوں میں عوام کی زندگی، بچوں کی تعلیم اور انسانی وقار کو اولین ترجیح دے۔ بڑے شہروں میں حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، لیکن گاؤں اور دیہی علاقوں کے سکولز کو کھلا رکھنا لازمی ہے۔ عوام کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ ہم سب اپنی تعلیم اور حقوق کے لیے آواز بلند کریں، کیونکہ آج کے بچے کل کے ذمہ دار شہری ہیں۔
تعلیم اور انسانیت پر کوئی سودہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ وقت ہے کہ سب مل کر حکومت سے مطالبہ کریں کہ فیصلے صرف مالی منافع یا سیاست کے لیے نہ ہوں بلکہ عوام کی فلاح، بچوں کی تعلیم اور انسانی زندگی کی حفاظت کے لیے ہوں۔
اور اس صورتحال میں ہمیں چاہیے کہ اللہ تعالی سے دعا کریں:
اَللّٰهُمَّ اجعلُ هذا البلد آمِناً مطمئناً وارزُق أهلهُ الخيرَ والبركةَ والصلاحَ، واجعلُ بلادَ المسلمينَ سالمةً من الفتنِ والحروبِ والفتن، وارزُقنا السلامَ والأمانَ في حياتِنا ودينِنا وأهلِنا وأموالِنا، واحفظنا من كل شرٍّ وفتنةٍ وظلمٍ۔
ترجمہ:
"اے اللہ! اس ملک کو محفوظ اور پر سکون بنا دے، اس کے لوگوں کو خیر، برکت اور اصلاح عطا فرما۔ مسلمانوں کی زمینوں کو فتنوں، جنگوں اور فساد سے محفوظ رکھ۔ ہمیں، ہمارے دین، اہل و عیال اور املاک کو ہر شر سے بچا۔ ہمیں سکون، امن اور تحفظ عطا فرما"۔

