شطرنج کے کھلاڑی

آج ایک ٹوئٹر پر اکاونٹ پر یہ پاکستانی سکول لڑکیوں کی شطرنج کھیلتے تصویر دیکھی۔ یہ امریکن ٹوئٹر اکاونٹ شطرنج کو پروموٹ کرتا ہے اور اس نے آج پاکستانی لڑکیوں کی سکول میں شطرنج کھیلتے ہوئے یہ خوبصورت تصویر ٹوئیٹ کی ہوئی تھی۔
مجھے کچھ خود پر حیرانی ہوئی کہ میں تو شطرنج کو ہمیشہ مردوں کا کھیل سمجھتا آیا تھا۔ بادشاہوں اور جنگجوئوں کا کھیل۔۔ شطرنج کو جنگی چالوں کا کھیل بھی سمجھا جاتا ہے جہاں آپ نے دوسرے کو مات دینی ہے چاہے میدان جنگ ہو یا روزمرہ زندگی میں۔
یا وہی بات (معذرت کے ساتھ) جنگ کھیڈ نہیں ہوندی۔۔ زنانی دی۔ خیر اب تو یہ محاورہ بھی خواتین نے غلط ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کی تقریباََ ہر فضائی، زمینی اور بحری فوج تک میں خواتین آگے آگے ہیں۔
اس تصویر کو دیکھا تو مجھے احساس ہوا کہ مجھے تو کبھی خیال تک نہ آیا کہ لڑکیاں یا عورتیں بھی تو شطرنج کی اچھی کھلاڑی ہوسکتی ہیں یا میرے اندر کے مرد کی مردانگی کی سوچ صرف اس حد تک جاسکتی تھی کہ شطرنج مردانہ کھیل ہے لہذا اس کا لڑکیوں یا خواتین سے کیا لینا دینا۔ اس لیے یہ تصویر دیکھ کر خوشگوار سی حیرت ہوئی۔
اگر میری جہاہلت کو نظر انداز کر دیں تو میں نے شاید ہی کبھی لیڈیز کو شطرنج کھیلتے یا اس کے بارے گفتگو کرتے سنا ہو۔ تاش وغیرہ وہ کھیل لیتی ہیں لیکن شطرنج کھیلتے نہیں دیکھا۔
مجھے شطرنج سے خود بھی کبھی رغبت نہ رہی یا یوں کہہ لیں یہ ذہنی کھیل تھا جو میری ذہنی صلاحیت سے اوپر کی چیز تھا۔ یاد پڑتا ہے 1990 کی دہائی میں ملتان پریس کلب میں بہت سارے دوست طاہر ندیم، جمشید رضوانی، غفضر شاہی، روف مان، یاور بخاری وغیرہ اچھے انداز میں کھیلتے تھے لیکن میں کم عقل نہ سیکھ سکا۔
اس طرح کالج سے یونیورسٹی تک طویل ہوسٹل لائف میں بھی تاش اور سگریٹ پینا نہ سیکھ سکا حالانکہ اکثر دوست تاش کھیلتے اور سگریٹ پیتے تھے۔ میں نالائق محروم ہی رہا۔
میرے بڑے بیٹے کو شطرنج کا شوق تھا لیکن میں پھر بھی نہ سیکھ سکا یا خود کو سیکھنے کی طرف قائل نہ کرسکا۔ حالانکہ سنجیو کمار کی کلاسک فلم "شطرنج کے کھلاڑی" میری پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے۔ حیران ہوتا ہوں مجھے شطرنج کھیلنی کیوں نہ آئی یا میرا ذہن اس طرف کیوں نہ چلا۔۔
یا تو پھر میں ایک سیدھا سادہ انسان ہوں جو نہ دوسروں کے خلاف زندگی میں چال چلتا ہے اور نہ ہی اپنے خلاف کسی کو چال چلتے دیکھنا چاہتا ہے خصوصا اگر میز کی دوسری طرف شطرنج کی چالیں چلنے والا آپ کا بیٹا یا دوست ہو؟

