Friday, 10 July 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noorul Ain Muhammad
  4. Janoobi Asia Mein Aman Ki Nai Umeed

Janoobi Asia Mein Aman Ki Nai Umeed

جنوبی ایشیا میں امن کی نئی امید

جنوبی ایشیا ہمیشہ سے دنیا کے حساس ترین خطوں میں شمار ہوتا رہا ہے، جہاں امن اور استحکام کا خواب اکثر سیاسی کشیدگی، سرحدی تنازعات اور باہمی بداعتمادی کی نذر ہو جاتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں آنے والی تلخی نے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔ ایسے حالات میں اگر کوئی امید کی کرن دکھائی دیتی ہے تو وہ صرف دانشمندانہ سفارت کاری، مذاکرات اور باہمی احترام کا راستہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جنگیں وقتی برتری تو دلا سکتی ہیں، مگر پائیدار امن صرف مکالمے اور اعتماد سازی سے ہی قائم ہوتا ہے۔

قدیم فلسفی چانکیہ نے صدیوں پہلے کہا تھا کہ تکبر انسان کو حقیقت سے دور کر دیتا ہے اور غلط فیصلے بالآخر تباہی کا سبب بنتے ہیں۔ آج بھی یہ قول اپنی پوری معنویت کے ساتھ ہمارے سامنے موجود ہے۔ جنوبی ایشیا میں طاقت کے اظہار، دھمکیوں اور جارحانہ بیانات نے کبھی بھی دیرپا امن قائم نہیں کیا۔ اس کے برعکس جہاں بھی تحمل، تدبر اور سفارت کاری کو اختیار کیا گیا، وہاں مثبت نتائج سامنے آئے۔

پاکستان نے ہمیشہ یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت حاصل حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ خاص طور پر سندھ طاس معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس کی خلاف ورزی نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ پانی کو سیاسی دباؤ یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے بھی منافی ہے۔

اس تمام کشیدگی کے باوجود ایک مثبت پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب پاکستان اور بھارت کے ممتاز دانشوروں، سابق سفارت کاروں، ادیبوں، فنکاروں اور سماجی رہنماؤں نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے مذاکرات کی بحالی، مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی، ویزا سہولیات میں آسانی، فضائی روابط، تجارت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ یہ اقدام اس حقیقت کا مظہر ہے کہ نفرت کی سیاست سے زیادہ طاقتور عوام کی امن کی خواہش ہوتی ہے۔

دونوں ممالک کے کروڑوں عوام ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ تاریخ، ثقافت اور تہذیب کے کئی مشترکہ رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ آج بھی ہزاروں خاندان ایسے ہیں جو سرحد کے دونوں طرف اپنے عزیزوں سے ملنے کے منتظر ہیں۔ مذہبی سیاحت، خاندانی ملاقاتیں، تعلیمی و ثقافتی تبادلے اور تجارتی روابط نہ صرف اعتماد سازی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو ایک پرامن مستقبل بھی فراہم کر سکتے ہیں۔

جنوبی ایشیا اس وقت غربت، بے روزگاری، موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور معاشی مسائل جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ان مسائل کا حل جنگی ماحول پیدا کرنے میں نہیں بلکہ باہمی تعاون، علاقائی تجارت اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں میں پوشیدہ ہے۔ اگر خطے کے ممالک اپنی توانائیاں تنازعات کے بجائے عوامی فلاح و بہبود پر صرف کریں تو جنوبی ایشیا دنیا کے ترقی یافتہ خطوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

پاکستان نے عالمی سطح پر حالیہ برسوں میں اپنی سفارتی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا ہے اور مختلف علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔ یہی طرزِ عمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی برادری میں عزت اور مقام طاقت کے بے جا استعمال سے نہیں بلکہ دانشمندی، برداشت اور ذمہ دارانہ پالیسیوں سے حاصل ہوتا ہے۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ جنوبی ایشیا کی قیادت ماضی کی تلخیوں سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل کی طرف دیکھے۔ برابری، خودمختاری کے احترام، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور مسلسل مذاکرات ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر پائیدار امن کی عمارت تعمیر ہو سکتی ہے۔ اگر دونوں ممالک سیاسی بصیرت، تحمل اور دور اندیشی کا مظاہرہ کریں تو نفرت کی جگہ اعتماد، تصادم کی جگہ تعاون اور کشیدگی کی جگہ ترقی لے سکتی ہے۔

بلاشبہ جنوبی ایشیا کو ایک نئے چراغ کی ضرورت ہے، ایسا چراغ جو جنگ کی آگ نہیں بلکہ امن، بھائی چارے، احترام اور مشترکہ خوشحالی کی روشنی پھیلائے۔ یہی امید کا نیا دیا نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پورے خطے کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی حقیقی ضمانت بن سکتا ہے۔

Check Also

Janoobi Asia Mein Aman Ki Nai Umeed

By Noorul Ain Muhammad