کبریا خان اور افضل عاجز کا شکریہ

آج قومی اسمبلی کا اجلاس اٹینڈ کرکے نکلا، گاڑی میں بیٹھا تو یاد آیا پٹرول ڈلوانا ہے۔ ساتھ ہے ڈپلومیٹک انکلیو کے پٹرول پمپ پر چلا گیا۔ واش روم بھی جانا تھا۔ وہاں پمپ پر اسٹور کے اندر واش روم ہے۔ وہاں اسٹور کے سیلز مین سے اجازت مانگی استعمال کر لوں وہ بولا جی ضرور۔ میں ضرور اجازت لیتا ہوں کہ کوئی روک دے کہ بھائی کدھر۔ وہی بات کہ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔
خیر واش روم میں گیا تو گندہ تھا۔ میں نے کچھ دیر سوچا اور ادھر ادھر دیکھا تو مجھے وائپر پڑا نظر آیا۔ کبریا خان اور سرائیکی شاعر افضل عاجز یاد آئے اور پانی سے سارا واش روم دھو دیا۔ کبریا خان اس لیے یاد آیا لیہ کالج ہوسٹل میں جب کبریا خان میرا، ذوالفقار سرگانی اور رفیق کا روم میٹ بنا تو صبح سویرے وہ واش روم گیا تو اس کے بعد میں گیا تو وہ واش بیسن چمک رہا تھا۔
حیران ہوا یہ کیا ہوا؟ آج تک تو کبھی نہیں ہوا تھا۔ کمرے میں واپس پہنچا تو کبریا سے پوچھا تو وہ شرما کر بولا یار وہ واش بیسن گندہ گندہ لگ رہا تھا۔ میں نے اپنی شیو اور صفائی کی تو اس کی بھی کر دی۔
دوسرا سبق کچھ سال پہلے سرائیکی کے ہمارے بڑے شاعر افضل عاجز سے سیکھا جب ان کی فیس بک وال پر جھاڑو پکڑ کر صفائی کرتے ہوئے تصویر دیکھی تھی۔
کپیشن ایسا تھا کہ آج تک دل سے نہیں اترا۔ افضل عاجز نے لکھا تھا کہ ابھی یوں اپنے دھن میں مگن بیٹھا سوچ رہا تھا کہ میرے لکھے سرائیکی گیت عطا اللہ عیسی خیلوی تک نے گائے اور بہت ہٹ ہوئے۔
یہی سوچتے ہوئی کچھ تکبر یا مغروریت سے محسوس ہوئی تھی تو فوراََ اللہ سے توبہ کی اور ادھر ادھر دیکھا تو جھاڑو پڑا تھا اور اٹھا کرصحن میں جھاڑو دینے لگ گیا کہ تکبر غرور قریب نہ پھٹکے۔
کبریا خان اور افضل عاجز کا سوچتے ہوئے میں نے بھی وہ پبلک واش روم صاف کیا۔ نکلتے وقت مڑ کر دیکھا تو واش روم صاف ستھرا اور اچھا لگا۔ باہر نکل کر لڑکے کا شکریہ ادا کیا اور کہا یار واش روم صاف نہیں تھا۔ اب کر دیا ہے۔ وہ ہڑبڑا کر بولا آپ بتا دیتے تو لڑکے کو کہہ کرصاف کرا دیتے۔
میں نے کہا یہ واش روم ہم استعمال/گندہ کرتے ہیں وہ لڑکا نہیں۔ اگر ہم سب نکلتے وقت تھوڑا سا پانی اور وائپر لگا دیں تو ہمارے بعد والے بندے کو صاف ملے گا، اگلا بھی جاتے وقت دوسرے کے لیے صاف چھوڑ جائے تو اگلے کو اور پھر یہ واش روم کبھی کسی کو گندہ نہ ملے اور ہر کوئی خوشگوار موڈ کے ساتھ اندر جائے اور اس سے زیادہ خوشگوار موڈ کے ساتھ باہر واپس آئے۔ صاف ستھرا واش روم بھی آپ کا موڈ اچھا رکھتا ہے۔۔
چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہم خود تلاش کرسکتے ہیں اگر اپنی انا اور تکبر کو زرا قابو میں رکھیں جیسے کبریا خان اور افضل عاجز نے رکھا ہوا تھا۔

