Friday, 17 April 2026
  1.  Home
  2. Khalid Mahmood Faisal
  3. Haiya Jang Mein Hafiz Naeem Ur Rehman Ka Mudabirana Aur Dalerana Kirdar

Haiya Jang Mein Hafiz Naeem Ur Rehman Ka Mudabirana Aur Dalerana Kirdar

حالیہ جنگ میں حافظ نعیم الرحمان کا مدبرانہ اور دلیرانہ کردار

ایران، امریکہ، اسرائیل جنگ میں دو ہفتوں کے سیزفائر کے مابین وفاقی دارالحکومت اسلام میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کا اختتام اچھے نوٹ پر ہوا بہت سی باتوں پر اتفاق رائے ہوا کہ ان پر مزید بات چیت ممکن ہے، شنید ہے امریکی صدر اسی وینیو پر مذاکرات دوبارہ جاری رکھنے کے آرزو مند ہیں، فیلڈ مارشل کا حالیہ ایران کا دورہ اسی سلسلہ کی کڑی ہے، عالمی راہنماء بھی یہی چاہتے ہیں کہ اس غیر معقول جنگ کا خاتمہ جلد از جلد ہوتاکہ گلشن کا کاروبار چلتا رہے۔

6 ہفتوں کی اس جنگ میں حکومت پاکستان کے علاوہ جس زیرک سیاسی شخصیت نے ایران، پاکستان کے مابین رابطے اور اتحاد کاکام کیا ہے وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان محترم حافظ انجینئر حافظ نعیم الرحمان ہیں، جب ایرانی ریاست کے سربراہ اورفوج کے سپہ سالار آیت اللہ خامنہ ای کی اسرائیل کے ہاتھوں شہادت ہوئی، تو انہوں نے اس شہادت کو نہ صرف ایران بلکہ عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور ملک بھر میں ان کے غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کروایا، یوں درہ خیبر سے سیالکوٹ اور لیاری سے کشمیر تک ایرانی سپہ سالار کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کیا گیا، سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ امیر جماعت اسلامی محترم حافظ نعیم الرحمان نے آیت اللہ خامنہ کا نہیں بلکہ فرقہ پرستی کے خاتمے کا جنازہ پڑھا دیا ہے۔

انڈیا میڈیانے پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ کے تناظر میں ایران امریکہ ثالثی کو مسلکی رنگ دینے کی کاوش کی، اسی ریاست کے دیوبند مسلک کے علماء کرام نے ایرانی حکومت اور قوم کی بہادری کی تحسین کی، شہداء کرام کے درجات کی سر بلندی کی دعا بھی کی، مولانا طارق جمیل نے کہا تین سو سال سے امت مسلمہ مسلسل ذلت دیکھ رہی تھی، پھر اللہ تعالیٰ نے ہمیں خوشی کی خبر سنائی بھی دکھائی بھی، ایک چھوٹے سے ملک کو دنیا کی سپر پاور سے ٹکرا کے اس کے ناک کو زمین پر لگا دیا، ایران نے پوری امت کا قرض چکا دیا، ہماری پہچان نہ دیوبندی ہے نہ بریلوی، نہ شیعہ ہے نہ اہل حدیث، ہماری پہچان مسلم ہے، مولانا تقی عثمانی نے فرمایا، ایک مسلمان کے نمائیدہ کے طور امریکہ نے ایران پر حملہ کیا وہ ڈٹ کر کھڑا ہے، اس لحاظ سے ہمیں اسکی حمایت کرنی ہے امیر جماعت اسلامی سپریم لیڈر کی غائبانہ نماز جنازہ سے ایران کی حمایت کا اگر ماحول نہ بتاتے تو فرقہ پرست موقع سے فائدہ اٹھا کر کسی طا غوتی طاقت کا آلہ کار بن جاتے، جس کا نقصان ایران اور پاکستان کے ساتھ خلیجی ریاستوں کو بھی ہوتا۔

نماز جنازہ کے موقع ایرانی سپریم لیڈر کی قومی خدمات کو سرا ہاگیا، امیر جماعت نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد اسرائیل کے مقابلہ میں انکی شہادت ہوئی ہے، سپریم لیڈر پر ان کے خاندان سمیت حملہ دنیا کی بدترین دہشت گردی ہے، عالمی لیڈروں کو اس کا نوٹس لینا چایئے، یہ معاملہ کسی بھی فرقہ، مسلک، گروہ بندی سے بالاتر ہے، حکومت پاکستان اور پوری قوم کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، مقام شکر ہے، اس نازک موقع پر عوام کو مسلکی یا گروہی طور پر منقسم کرنے کی سازش ناکام ہوگئی، تمام مکاتب فکرکے علماء کرام نے بلا امتیاز ایران کی کھلی حمایت کی، ان کا رویہ قابل صد تحسین ہے، عوامی سطح پر بھی ایران کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف قوم یک زبان ہوگئی، جب تلک ایران پر امریکی، اسرائیلی حملے جاری رہے، امیر جماعت اسلامی نہ صرف اس پر شدید ردعمل دیتے رہے بلکہ قوم کو بھی ان کے خلاف صف آراء ہونے پر آمادہ کرتے رہے۔

پاکستان میں ایرانی سفیرمحترم امیر مقدم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے دفتر اسلام آباد میں ملاقات کرکے ایران پر مسلط امریکہ، اسرائیل جنگ پر دوٹوک موقف اپنانے پر جماعت اسلامی پاکستان اور اسکی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جواباً امیر جماعت نے ایرانی قوم کی استقامت اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا اور امت کے اتحاد پر زور دیا۔ دلچسپ یہ ہے کہ وہ قوم جو چند روز قبل مہنگائی کے خلاف ایرانی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج تھی جنگ کے موقع پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی، امریکہ کا رجیم چینج، مزائیل ٹیکنالوجی کی تباہی اور نیوکلیر افزودگی کے خاتمہ کا خواب چکنا چور ہوا، وہ بے آبرو ہو کر کوچے سے نکلا۔

امیر جماعت اسلامی نے برملا کہا کہ انکل سام سفارتی، اخلاقی، عسکری محاذ پر عبرت ناک شکست کھا چکا، اب وہ کوئی سپر پاور نہیں ہے۔

امیر جماعت نے سعودی فرمانروا کو امریکی صدر کی جانب سے گالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ35کروڑ امریکی عوام کا یہ کیسا نمائیدہ ہے جو اخلاقیات سے بھی عاری ہے، اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چایئے، 1968کے بعد سے مسجد اقصی پہلی بار فلسطینیوں کے لئے بند ہوئی ہے، کوئی عرب ریاست اس پر بات نہیں کررہی ہے، اس جنگ میں او آئی سی کردار کہیں بھی نظر نہیں آیا ہے۔

ارباب اختیار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی کے شوق میں آپ کا رحجان یک طرفہ نہ ہوجائے، قومی وقار کا خیال رکھا جائے، بچیوں پر بم گرا کر امریکہ نے جس جنگ کا آغاز کیا تھا، اس کا حساب اسرائیل اور امریکہ دونوں کو دینا ہے، آزاد خارجہ پالیسی اپناتے ہوئے ایران سے آزادانہ تجارت اورپٹرول کی خرید کی جائے نیزگیس پائپ لائین بچھائی جائے، روس اور چین کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ اُن طاقتوں کا مقابلہ کیا جائے جوانسانیت کے خلاف ہیں اور انسانوں کا قتل کرتے ہیں، اب تو امریکی عوام بھی اس جنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہے، یہی معاملہ نیتن یاہو کا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے امریکہ کو اب کارنر کیا جائے اسرائیل اس کی شہ پر ایران پر حملہ آور ہوا، امریکہ کوخلیجی ممالک سے اپنے اڈوں کا خاتمہ کرنا ہوگا، امیر جماعت اسلامی نے ایران سعودیہ کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے پر حکومتی کا وشوں کی تعریف کی، تاہم انہوں نے کہا کہ ملک بڑی سیاسی جماعتیں پی پی پی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے خلاف اظہار خیال کرنے سے اس لئے بھی ڈرتی ہیں کہ انہیں انکل سام سے آشیر آباد ملنے کی توقع رہتی ہے۔

اس میں دو رائے نہیں کہ محترم حافظ نعیم الرحمان حالیہ جنگ کے دوران عوامی سطح پر پوری طرح متحرک رہے، امت کے اتحاد کی صدا لگاتے اور طاغوتی طاقتوں کو للکارتے رہے، انہوں نے ملکی سیاسی قیادت کی طرف سے فرض کفایہ ادا کرکے اپنے مدبرانہ، دلیرانہ کردار مزید نمایاں کیا ہے، اس ریاست میں پاک ایران اتحاد کے حق میں اور وقت کے طاغوتوں کے خلاف سب سے توانا آواز صرف اورصرف امیر جماعت اسلامی کی تھی۔

Check Also

Aik Nazar Zara Idhar Bhi

By Javed Ayaz Khan