Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Javed Chaudhry
  3. Hum Behaya Logon Ke Liye

Hum Behaya Logon Ke Liye

ہم بے حیاء لوگوں کے لئے

پہلا مریض دسمبر 2019 کے دوسرے ہفتے میں ووہان میں ظاہر ہوا اور مہینے کے آخری دن نوول کورونا کو وبا ڈکلیئر کر دیا گیا اور یہ وبا اپریل تک 210 ملکوں میں پھیل چکی تھی جس کے بعد انسانی تاریخ میں پہلی بار پوری دنیا لاک ڈائون ہوگئی اور یہ آج تک بند ہے، کورونا کی چار ماہ کی تاریخ میں چین دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے دو ماہ میں اس وبا پر قابو پالیا، ووہان شہر بھی کھل چکا ہے اور چین کے اندر لاک ڈائون بھی ختم کر دیا گیا ہے، کیرالہ دوسری مثال ہے، اس میں بھی کورونا پر قابو پا لیا گیا۔

یہ بھارت کی جنوب مغربی ریاست ہے، اس میں 29 فروری کو پہلا مریض سامنے آیا، ریاستی حکومت نے20 اپریل تک اپنا علاقہ کلیئر کر دیا، کیسے؟ یہ بھی ایک دل چسپ داستان ہے، کیرالہ بھارت کی پہلی ریاست تھی جس نے لاک ڈائون کیا تھااور پولیس اور اسپیشل برانچ سمیت حکومت کے سارے اداروں کو کورونا کے پیچھے لگا دیا تھا اور پوری حکومت نے مل کر ڈیڑھ ماہ میں ریاست کو وبا سے پاک کر دیا، آپ کو چین اور کیرالہ کا مذہب بھی معلوم ہوگا، کیرالہ میں ہندو بستے ہیں، یہ پتھر کی مورتیوں کو بھگوان سمجھتے ہیں، ریاست میں شراب سرکاری سطح پر جائز ہے، جواء خانے بھی ہیں اور کلبز بھی، پوری ریاست میں برقعہ پہنا جاتا ہے اور نہ سر پر اسکارف لیا جاتا ہے اور ڈانس ان کے مذہب اور ثقافت دونوں کا حصہ ہے جب کہ چین مکمل لادین ملک ہے، یہ لوگ اللہ اور مذہب دونوں کو نہیں مانتے، ملک میں چرچز، مندروں اور مسجدوں کی اجازت نہیں تھی، مسلمان اکثریتی صوبے سنکیانگ میں پچھلے سال قرآن مجید کی امپورٹ کی اجازت دی گئی۔

تبلیغ آج بھی منع ہے، بے حیائی کا یہ عالم ہے پورے ملک میں کوئی عورت دوپٹہ نہیں اوڑھتی، چین میں عصمت فروشی پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود دنیا میں سب سے زیادہ سیکس ورکرز چین میں ہیں، پورے ملک میں مساج سینٹرز ہیں اور ان سینٹرز میں خواتین مردوں اور مرد خواتین کا مساج کرتے ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ سیکس ٹوائز بھی چین میں بنتے ہیں اور یہ پوری دنیا کو سپلائی کیے جاتے ہیں، ڈانس اور میوزک ان کی تہذیب کا حصہ بھی ہے، آپ پورے چین کا دورہ کر لیں آپ کو لوگ ناچتے اور گاتے نظر آئیں گے، شراب اور جواء بھی لیگل ہے، چین آج بھی دوسرے، تیسرے بلکہ دسویں درجے کی اشیاء بنانے میں پوری دنیا میں بدنام ہے، یہ لوگ پلاسٹک کے انڈے، چاول اور دالیں تک بناتے اور ایکسپورٹ کرتے ہیں، یورپ میں حرام جانور خنزیر کھایا جاتا ہے جب کہ چین میں سانپ، کتے، چمگادڑیں، مینڈک اور سنڈیاں تک کھائی جاتی ہیں۔

کورونا کے بارے میں شروع میں بتایا گیا تھا یہ چمگادڑوں کے سوپ سے شروع ہوا تھا، چین انسانی اعضاء کی سب سے بڑی منڈی بھی ہے، مافیاز دنیا جہاں سے اعضاء اکٹھے کرتے ہیں اور یہ اعضاء چین میں مریضوں کو لگا دیے جاتے ہیں اور چین میں جمہوریت بھی کنٹرولڈ ہے اور میڈیا بھی، سچ اور جھوٹ دونوں حکومت کی مرضی سے بولے جاتے ہیں اور وہاں نماز اور اذان پر بھی پابندی ہے لیکن چین نے ان تمام گناہوں اور بے حیائی کے باوجود دنیا میں سب سے پہلے کورونا پر قابو پالیا، کیا یہ عجیب بات نہیں؟ اگر عذاب بے حیائی، فحاشی اور گناہوں سے آتے ہیں تو اس وقت تک آدھا چین زمین میں دفن ہو جانا چاہیے تھا جب کہ نتیجہ مکمل مختلف نکلا۔ کیرالہ نے بھی دعائوں کے بغیر کورونا کوبھگا دیا۔

لہٰذا پھر ہم کہہ سکتے ہیں وبا صرف بے حیائی، دین سے دوری، ملاوٹ، جواء، شراب اور رقص کی وجہ سے نہیں پھیلتی، اس کی کوئی نہ کوئی دوسری وجہ بھی ہو گی اور ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں یہ صرف دعائوں اور منتوں سے ختم نہیں ہوتی، انسانوں کو اسے کنٹرول کرنے کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ دوا بھی کرنی پڑتی ہے، مجھے یقین ہے میری اس دلیل کے جواب میں کہا جائے گا چینی صدر نے مسلمان امام سے دعا کرائی تھی اور اندلس کے شہروں سیویا، غرناطہ اور قرطبہ میں بھی پانچ سو سال بعد اذان گونجی تھی اور اٹلی کے کلیسائوں میں بھی تلاوت کرائی گئی تھی لیکن یہاں پر سوال پیدا ہوتا ہے اللہ تعالیٰ نے پھر یہ دعا سب سے پہلے چین میں کیوں قبول کر لی؟ اور ساری اسلامی دنیا تادم تحریر اس قبولیت سے کیوں محروم ہے؟ کیا ہم چین سے زیادہ بے حیاء اور ملاوٹی ہیں اور کیا ہم کیرالہ سے زیادہ بے باکی سے ناچتے ہیں؟ ۔

ہم اب ایمان اور حیاء کی طرف بھی آتے ہیں، سعودی عرب، ایران، شام، عراق اور ترکی مسلمانوں کے مقدس ملک ہیں، سعودی عرب اور ایران میں پردہ بھی لازم ہے، شراب، جواء اور زنا پر بھی پابندی ہے اور ان دونوں ملکوں میں ناچ گانے کی محفلیں بھی نہیں ہوتیں، دونوں ملکوں میں سرکاری سطح پر پانچ وقت نماز کی پابندی بھی کرائی جاتی ہے لیکن کورونا نے ان دونوں ملکوں کا کیا حشر کر دیا؟ آپ شام، عراق اور ترکی کے حالات بھی دیکھ لیجیے، یہ پانچوں ملک ہر لحاظ سے ہم سے بہتر ہیں لیکن یہ اس کے باوجود کورونا کاشکار ہوئے اور ابھی تک اس سے نکل نہیں پا رہے، آپ یہ جان کر بھی حیران ہوں گے تاجکستان واحد اسلامی ملک ہے جس میں ابھی تک کورونا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا جب کہ اس کی سرحد چین سے ملی ہوئی ہے۔

یہ ملک بھی بے حیائی، رقص وسرود، شراب نوشی اور جواء بازی میں بے حیاء ملکوں سے پیچھے نہیں، یہ دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جس نے صرف مسجدیں بند نہیں کیں بلکہ اپنے شہریوں کو روزہ رکھنے سے بھی روک دیا، حکومت نے علماء کرام سے فتوے حاصل کر کے عوام کو کہہ دیا ہے آپ قوت مدافعت مضبوط رکھنے کے لیے اس سال روزہ نہ رکھیں، کفارہ ادا کردیں لہٰذا آپ دیکھ لیں شریعت کی صریحاً خلاف ورزی کے باوجود یہ اسلامی ملک وبا جیسے عذاب سے محفوظ ہے، ہم پاکستان کی مثال بھی لے لیتے ہیں، حکومت کی اپنی ریسرچ کے مطابق ملک میں کورونا تین ذرائع سے پھیلا تھا، شیعہ زائرین یہ مرض تفتان کے راستے ایران سے پاکستان لے کر آئے، رائے ونڈ کا اجتماع ہوا، دوسرے ممالک سے مبلغ آئے، تبلیغی جماعت کے کارکن متاثر ہوئے۔

یہ پورے ملک میں پھیلے اور کورونا بھی ساتھ ہی پھیل گیا اور تیسرا سورس اٹلی، اسپین، جرمنی اور برطانیہ سے آنے والے پاکستانی یہ تحفہ اپنے ساتھ لے کر اپنے ملک آگئے، ہم اب فرض کر لیتے ہیں تیسرا سورس یعنی تارکین وطن بے حیاء اور ناچنے کودنے والے لوگ ہیں، ان کی خواتین ننگے سر پھرتی رہتی ہیں لہٰذا یہ اللہ کے عذاب کا شکار ہو گئے لیکن ہم تبلیغی جماعت اور ایرانی زائرین سے تو ہرگز ہرگز بے حیائی کی توقع نہیں کرتے، یہ مکمل مومنین اور صالح لوگ ہیں، ان کی خواتین بھی پردہ کرتی ہیں اور یہ شعائر اسلام کے مطابق زندگی بھی گزارتے ہیں پھر یہ لوگ کورونا کاکیوں شکار ہوگئے؟ آپ یہاں ایک اور حقیقت بھی ملاحظہ کیجیے۔

پاکستان میں اب تک 13749مریض سامنے آ چکے ہیں، 286لوگ انتقال کر چکے ہیں لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی ان میں ہیروئین کا عادی ایک بھی شخص شامل نہیں، پاکستان میں غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 8لاکھ لوگ ہیروئین کے شکار ہیں، کر ونا ابھی تک ان میں سے کسی پر بھی اثر نہیں کر سکا جب کہ یہ لوگ لاک ڈائون کی پرواہ کر رہے ہیں اور نہ ہی سماجی فاصلے کی لہٰذا کورونا اگر بے حیائوں، بے ایمانوں، نشئیوں اور لوفروں پر نازل ہوتا تو یہ 8 لاکھ لوگ اب تک فوت ہو چکے ہوتے جب کہ یہ سڑکوں پر مست پھر رہے ہیں، کیا ہمارے پاس ان سوالوں کے جواب ہیں؟ ۔

میری اس ملک کے تمام علماء کرام سے درخواست ہے آپ مہربانی فرما کر اپنی سوچ اور اپنے بیانات میں تھوڑی سی ترمیم کر لیں، ہم بے شک گناہ گار لوگ ہیں، ہم ظالم اور بے حیاء بھی ہیں اور ہم سیاسی جلسوں میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے ملی ترانوں پر اپنے وطن کی بچیوں کو بھی نچاتے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ عذاب، یہ وبا صرف ہمارے گناہوں کا نتیجہ نہیں ہے، یہ اگر ہمارے گناہوں کا نتیجہ ہوتی تو چین اور کیرالہ اس پر قابو نہ پا سکتے، یہ اب تک تاجکستان کو بھی زمین بوس کر چکی ہوتی اور یہ پانامہ، کولمبیا اور بولیویا جیسے بے حیاء ملکوں میں بھی کنٹرول نہ ہو رہی ہوتی، یہ تینوں بے حیاء ملک بھی عن قریب کورونا فری ڈکلیئر کر دیے جائیں گے اور فرانس اور اسپین بھی مئی کے دوسرے ہفتے میں کھلنا شروع ہو جائیں گے لہٰذا مہربانی فرما کر ہمیں ہمارے گناہ یاد کرا کے نہ ڈرائیں۔

ہم پہلے ہی سہمے اور مرے ہوئے لوگ ہیں، ہمیں مزید نہ ماریں، آپ ایک لمحے کے لیے رک کر یہ بھی سوچ لیں، وبائیں اگر دعائوں اور ایمان دار قیادتوں سے رک سکتیں تو مکہ اور مدینہ میں کر فیو نافذ نہ کرنا پڑتا، مزارات کو تالے نہ لگانے پڑتے اور ویٹی کن سٹی اور دیوار گریہ بھی بند نہ ہوتی، ہم انسان بے شک گناہ گار ہیں اور ہمیں ہر لمحہ اپنے گناہ یاد کر کے اللہ سے معافی مانگنی چاہیے خواہ کوئی وبا ہو یا نہ ہو لیکن خدا را، خدا را کورونا کو ہمارے گناہوں کے ساتھ نتھی نہ کریں، ہم مرے ہوئے لوگوں کو مزید نہ ماریں، ہم بے حیاء اور بے ایمان لوگوں کو مارنے کے لیے زندگی ہی کافی ہے، آپ اس ظلم میں شامل نہ ہوں۔

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Aaj Soop Nahi Peena?

By Syed Mehdi Bukhari