1.  Home/
  2. Javed Chaudhry/
  3. Adviaat Ki Load Shedding

Adviaat Ki Load Shedding

ادویات کی لوڈ شیڈنگ

آپ پینسلین کی مثال لیجیے، یہ دوا صرف دوا نہیں تھی، یہ معجزہ تھا اور کوئی شخص اس معجزے کا سہرا الیگزینڈر فلیمنگ کے سر سے نہیں اتار سکتا، اسکاٹ لینڈ کے اس عظیم سائنس دان نے 1928ء میں پھپھوندی سے پینسلین بنائی، یہ دنیا کی پہلی باقاعدہ اینٹی بائیوٹک تھی، یہ چند دنوں میں خوفناک سے خوفناک ترین انفیکشن ختم کر دیتی تھی، یہ پیپ زدہ انسانیت کے زخموں پر طبی سائنس کا پہلا بڑا مرہم تھا، آج جب دنیا کے کروڑوں اربوں لوگ دو گولیاں یا ایک کیپسول کھا کر آرام سے سو جاتے ہیں یا ان کے رستے زخم ایک ہفتے کے علاج سے مندمل ہو جاتے ہیں تو اس کا سارا ثواب الیگزینڈر فلیمنگ کو چلا جاتا ہے۔

وہ حقیقتاً انسانیت کا محسن تھا، فلیمنگ کی پینسلین 1928ء میں ایجاد ہوئی، 1942ء میں مارکیٹ ہوئی اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں پھیل گئی، دنیا کا شاید ہی کوئی ملک ہوگا جہاں پینسلین نہیں بنائی جاتی تھی، شاید ہی کوئی ڈاکٹر ہوگا جس نے اپنے مریضوں کو یہ دوا استعمال نہیں کرائی اور شاید ہی کوئی انسان ہوگا جس نے زندگی میں پینسلین فیملی کی کوئی دوا نہ کھائی ہو، یہ دوا انسان کی کتنی بڑی محسن ہے، آپ اس کا اندازہ صرف ایک حقیقت سے لگا لیجیے، آپ پینسلین کی ایجاد سے پہلے انسانوں کی اوسط عمر دیکھ لیجیے اور آپ ڈاکٹر فلیمنگ کی اس ایجاد کے بعد اوسط عمر نکال لیجیے، آپ کو دونوں میں زمین آسمان کا فرق ملے گا اور یہ فرق اس انسانی معجزے کا کمال ہے، پینسلین پاکستان میں بھی بنتی تھی۔

ملک کی 51 کمپنیاں مختلف ناموں سے پینسلین بناتی تھیں، دوا بن رہی تھی اور ملک کے لاکھوں کروڑوں مریضوں کو فائدہ پہنچ رہا تھا لیکن پھر اچانک کمپنیوں نے یہ دوا بنانی بند کر دی، کیوں؟ اس کیوں کا جواب وزارت صحت ہے، یہ 51 کمپنیاں وزارت صحت کے برآمدوں میں دھکے کھاتی رہیں، یہ بابوؤں کو چیخ چیخ کر بتاتی رہیں، دنیا میں پینسلین سے متعلق تمام اشیاء مہنگی ہو چکی ہیں، ہم اب پرانی قیمت پر یہ دوا نہیں بنا سکتے، آپ مہربانی کر کے دوا کی قیمت میں چند فیصد اضافہ کر دیں لیکن وزارت کے کانوں پر جوں نہ رینگی، اس کا نتیجہ یہ نکلا کمپنیوں نے آہستہ آہستہ پینسلین بنانی بند کر دی۔

حکومت نے مریضوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے دادو خیل میں پینسلین کی سرکاری فیکٹری لگا دی، یہ فیکٹری خام مال مہنگا اور دوا کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے زیادہ دیر نہ چل سکی، یہ بھی بند ہوگئی لہٰذا آج ملک میں پینسلین نہیں بن رہی اور وزارت صحت کی اس حماقت کا نتیجہ مریض بھگت رہے ہیں، یہ آج پینسلین سے کئی گنا مہنگی دوسری اور تیسری جنریشن کی ادویات خرید رہے ہیں، ان کی جیب کا بوجھ بڑھتا چلا جا رہا ہے، حکومت اگر اس وقت پینسلین کی قیمت کنٹرول کرنے کی بے وقوفی نہ کرتی، یہ فارما سوٹیکل کمپنیوں کو قیمت میں چند روپے اضافے کی اجازت دے دیتی تو ملک میں آج بھی پینسلین بن رہی ہوتی، ملک میں اس معجزاتی دوا کا بحران نہ ہوتا۔

ہمارے ملک کا سب سے بڑا ایشو عقل کی کمی ہے، ہمارے ریاستی ادارے دماغ کے بجائے 1860ء کے بنائے قانون سے سوچتے ہیں اور اس کم علمی کے نتیجے میں ملک بحرانستان بنتا جا رہا ہے، آج کے دور کا سب سے بڑا کمال مسابقت یا کمپی ٹیشن ہے، یہ آج کی سب سے بڑی مارکیٹ فورس ہے، یہ فورس مارکیٹ میں خود بخود توازن پیدا کرتی ہے، حکومت جب بھی اس طاقت کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی ہے، معاملات سلجھنے کے بجائے الجھ جاتے ہیں اور اس کا نتیجہ وہی نکلتا ہے جو پینسلین کے معاملے میں نکلا تھا، ملک میں اس وقت بھی وزارت صحت اور ادویات ساز اداروں کے درمیان جنگ جاری ہے۔

فارما سوٹیکل کمپنیوں کا کہنا ہے، ملک میں 80 ہزار ادویات بنتی ہیں، حکومت نے پچھلے 13 برسوں میں انڈسٹری کو ان ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنے دیا، ان 13 برسوں میں دنیا کی ہر چیز مہنگی ہوگئی، پاکستان کے اندر اشیا کی قیمتوں میں 570 فیصد اضافہ ہوا، دس روپے کا تربوز ڈیڑھ سو روپے کا ہوگیا لیکن ادویات کی قیمتیں اسی جگہ کھڑی رہیں، یہ ٹھہراؤ انڈسٹری کو نگلتا جا رہا ہے، حکومت نے 2015ء میں انڈسٹری کے ساتھ مل کر قیمتوں میں 94 اعشاریہ 25 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پھر یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا، مارچ 2015ء ہی میں فیصلہ ہوا، حکومت نے اگر 9 ماہ میں انتہائی اہم ادویات کی قیمتیں طے نہ کیں تو کمپنیاں اپنی قیمتیں خود ایڈجسٹ کر سکتی ہیں۔

کمپنیوں نے چار چار سال سے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں لیکن "ڈریپ" نے فیصلہ نہیں کیا، دسمبر میں پالیسی کے نو ماہ پورے ہو گئے، ڈریپ نے ہارڈشپ کیسز کے فیصلے نہیں کیے چنانچہ انڈسٹری عدالت گئی اور عدالتی حکم سے 150 ادویات کی قیمتیں ایڈجسٹ کر لیں، انڈسٹری یہ قدم نہ اٹھاتی تو ملک میں جان بچانے والی ادویات کا بحران پیدا ہو جاتا اور یوں ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتیں، انڈسٹری کا کہنا ہے، ہم نے 40 لاکھ لوگوں کو روزگار بھی فراہم کر رکھا ہے، ہم اربوں روپے ٹیکس بھی دیتے ہیں، ہم ملکی ضرورت کی 93فیصد ادویات بھی ملک میں بناتے ہیں۔

پاکستان کی 95 فیصد ادویات کی قیمتیں سارک کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم ہیں، وہ ادویات جو بھارت اور پاکستان دونوں میں تیار ہوتی ہیں، وہ پاکستان میں ستر فیصد سستی ہیں، انڈسٹری کا کہنا ہے، ہمارے ملک میں ادویات اتنی سستی ہیں کہ ملک سے ہر سال کروڑوں روپے کی ادویات افغانستان، ایران اور سینٹرل ایشیا اسمگل ہوتی ہیں، ہمارے ملک میں اگر ادویات مہنگی ہیں تو پھر یہ اسمگل کیوں ہو رہی ہیں، انڈسٹری کا کہنا ہے، ہماری بات سننے کے لیے کوئی شخص اور کوئی ادارہ تیار نہیں لہٰذا ہم کہاں جائیں، ہم کس کے دروازے پر ماتھا پھوڑیں۔

میں صحت کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، یہ سمجھ دار اور درد دل رکھنے والی خاتون ہیں، یہ صحت کے شعبے میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں، میں نے انھیں ہمیشہ انڈسٹری کے مسائل کو سمجھتے اور ان کے جائز مطالبات کو مانتے دیکھا لیکن مجھے یہ بھی قیمتوں کے ایشو پر بے بس نظر آتی ہیں، شاید یہ ان پریشر گروپوں کا مقابلہ نہیں کر پا رہیں جو دوا سازی کا ایک لائسنس روک کر مہینے میں دس دس کروڑ روپے کما لیتے ہیں، ہم اس سلسلے میں ہیپاٹائٹس سی کی دوا کی مثال دے سکتے ہیں، پاکستانی کمپنیوں نے جولائی اگست 2015ء میں یہ دوا بنانے کی درخواست دی لیکن وزارت اجازت کو گھسیٹ کر مارچ 2016ء تک لے گئی، ان آٹھ نو مہینوں میں کیا ہوا؟

اس دوران وفاقی حکومت کے سینئر ترین وزیر کے ایک سسرالی رشتے دار وہ دوا 38 ہزار روپے فی ڈبی فروخت کرتے رہے جو اس وقت میرے دوست خواجہ اسد ساڑھے پانچ ہزار روپے میں بنا کر بیچ رہے ہیں، ان نو مہینوں میں طاقتور وزیر کے سالہ صاحب نے کتنے کروڑ روپے کمائے، یہ اعدادوشمار خواجہ اسد کے پاس موجود ہیں اور یہ وہ تمام اعدادوشمار سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، چیف جسٹس ہیپاٹائٹس سی کی دوا پر سوموٹو نوٹس لے چکے ہیں، سماعت جاری ہے، میری درخواست ہے، عدالت طاقتور وزیر کے طاقتور رشتے دار تک پہنچنے کے لیے خواجہ اسد کو عدالتی کارروائی کا حصہ بھی بنائے اور ان نو ماہ کا فائدہ اٹھانے والی کمپنی سے ریکوری کا حکم بھی جاری کرے، یہ ایک مثال ہے، آپ اگر گہرائی میں جائیں گے تو آپ کو اس قسم کی درجنوں مثالیں ملیں گے اور آپ ہر مثال پر اپنی انگلی دانتوں میں داب لیں گے۔

ملک میں 374 انتہائی ضروری ادویات ہیں، یہ فہرست کسی مقامی کمپنی نے تیار نہیں کی، یہ "ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن" کی طے کردہ ہے اور یہ ادویات صرف ادویات نہیں ہیں، یہ انسانیت کی دوائیں ہیں، دنیا ملکوں پر مکمل پابندیوں کے دوران بھی ان ادویات کی سپلائی منقطع نہیں ہونے دیتی لیکن پاکستان میں حکومتی بے حسی کی وجہ سے یہ ادویات بھی متاثر ہو رہی ہیں، وزارت صحت ڈیٹول اور کینسر کی دوا دونوں کو ایک ہی حکم کی لاٹھی سے ہانک رہی ہے اور اس پالیسی کا نقصان بے چارے مریض اٹھا رہے ہیں، حکومت انتہائی ضروری ادویات کو دوسری ادویات سے الگ کیوں نہیں کرتی؟ یہ دونوں کو الگ الگ کیوں نہیں ٹریٹ کرتی؟ آپ انتہائی ضروری ادویات کی کوالٹی اور سپلائی پر توجہ دیں اور قیمت مارکیٹ پر چھوڑ دیں۔

کمپنیوں میں"کمپی ٹیشن" ہونے دیں، کمپنیاں مارکیٹ کا زیادہ سے زیادہ شیئر لینے کے لیے آپس میں ٹکراتی رہیں گی یوں قیمتیں کم ہوتی رہیں گی اور مریضوں کو فائدہ ہوتا رہے گا اور اگر دوائی کی قیمت زیادہ ہوگئی تو یہ باہر سے ملک میں آ جائے گی اور یوں مقامی کمپنیوں کو قیمت کے ساتھ جرمن، سوئس اور امریکی معیار کا مقابلہ بھی کرنا پڑے گا اور اس کا فائدہ یقینا مریضوں کو ہوگا! ہمیں یہ حقیقت بھی ماننا ہوگی، ملک میں 80 ہزار ادویات بن رہی ہیں، قیمت صرف 150 ادویات کی بڑھی اور ملک میں کہرام برپا ہوگیا، حکومت اس وقت عدالتوں میں دھکے کھا رہی ہے، کوئی ان سے یہ پوچھے، آپ نے معاملات کو اس سطح پر جانے ہی کیوں دیا تھا؟ آپ نے جب مارچ 2015ء میں فارمولہ طے کر دیا تھا تو پھر آپ نے نو ماہ میں ہارڈشپ کیسز کا فیصلہ کیوں نہیں کیا، آپ یہ فیصلے کر دیتے تو یہ کمپنیاں عدالت جانے پر مجبور نہ ہوتیں، یہ عدالتی حکم پر قیمتوں میں اضافہ بھی نہ کرتیں اور یوں یہ بحران پیدا نہ ہوتا، حکومت اس وقت بھی معاملے کو سلجھانے کے بجائے بگاڑتی چلی جا رہی ہے۔

یہ انڈسٹری کے ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کرنے کے بجائے ریاستی طاقت استعمال کر رہی ہے، یہ ادویات ساز کمپنیوں کو ڈرا دھمکا رہی ہے، مجھے خطرہ ہے، یہ جنگ صورتحال کو کہیں اس سطح پر نہ لے جائے جہاں پہنچ کر دوا ساز اداروں نے پینسلین بنانا بند کر دی تھی، آپ خود سوچئے، وہ ادارے جو 13 سال سے سرکاری برآمدوں میں مارے مارے پھر رہے ہیں، جو حکومتی دروازوں پر ٹکریں مار مار کر لہو لہان ہو چکے ہیں، وہ یہ نہیں کریں گے تو کیا کریں گے اور اگر ادویات بننا بند ہوگئیں تو اس کا ذمے دار کون ہوگا؟ اس بحران کی ذمے داری کس کے گلے میں آئے گی، کیا سیکریٹری ہیلتھ قوم کو جواب دہ ہوں گے، وزیر صحت جواب دہ ہوں گی یا پھر وزیراعظم اور اور یا پھر چیف جسٹس آف پاکستان، آپ آج یہ فیصلہ کر لیں کیونکہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں ہیں جب ملک میں بجلی اور گیس کے ساتھ ساتھ ادویات کی لوڈشیڈنگ بھی شروع ہو جائے گی۔

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Ghalati Kis Ki?

By Hamza Bhatti