Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Amir Khakwani
  3. Apne Hisse Ke Mehakte Phool

Apne Hisse Ke Mehakte Phool

اپنے حصے کے مہکتے پھول

شاہد عمران معروف ٹرینراوراستاد ہیں۔ خاصا عرصہ قبل جب میں اردو ڈائجسٹ میں کام کرتا تھا، ان سے تعلق بنا، بعد میں انہوں نے نفسیات، ٹریننگ اور کوچنگ کی طرف فوکس کیا، کچھ عرصہ نفسیات پر ایک رسالے کے ایڈیٹر بھی رہے، بے شمار ٹریننگ ورکشاپس کرائیں، مختلف تعلیمی اداروں میں بھی پڑھایا۔ بھلے آدمی ہیں، دردِدل اور عشق رسول ﷺ سے مالا مال۔ کچھ عرصہ قبل ان کا فون آیا اور انہوں نے اپنے ایک پراجیکٹ کا تعارف کرایا۔

شاہد عمران نے بتایا کہ انہوں نے سیرت رسول ﷺ پر موجود مواد اور متن اکھٹا کرنے کی غرض سے ایک پلیٹ فارم بنایا ہے۔ سیرت آن لائن ڈاٹ انفو(seeratonline. info)کے نام سے ایک ویب سائٹ بنائی گئی ہے جس پر سیرت سے متعلقہ پانچ سو سے زائد کتب کی پی ڈی ایف، آٹھ ہزار سے زیادہ ببلیو گرافک ریکارڈاور پندرہ سو سے زیادہ ریسرچ موضوعات پر مواد اکھٹا کر دیا گیا ہے۔ ایک اور اچھا کام یہ کیا کہ چھ ہزار سے زیادہ مخطوطات کا ریکارڈ بھی اکھٹا کر لیا ہے۔

ان کے اس پراجیکٹ سیرت آن لائن کا مقصد مختلف زبانوں میں سیرت پر دستیاب مواد کو اکھٹا کرنا ہے۔ وہ ارادہ تو سو سے زائد زبانیں کا رکھتے ہیں، ابھی اردو اور انگریزی سے ابتدا کی ہے، اللہ پاک ان کے کام میں برکت عطا فرمائے۔ شاہد عمران سمجھدا رآدمی ہیں، انہوں نے نئی کتب کی پی ڈی ایف بنا کر پبلشرز کو نقصان پہنچانے کے بجائے ایکسٹرنل سورسز دئیے ہیں تاکہ کاپی رائٹ کا ایشو بھی نہ ہو اور جو چاہے، وہ یہ کتابیں ایکسٹرنل سورس سے ڈاون لوڈ کر سکے۔ ان محققین کے لئے آسانی پیدا ہوجائے گی جنہیں کیٹلاگ چاہیے یا ببلیوگرافی ریکارڈ، یہ سب چیزیں اس ویب سائٹ پر مل سکیں گی۔

سیرت آن لائن ڈاٹ انفو پراجیکٹ کا سب سے بڑا مقصد آپ ﷺ کی مشکبار، نورانی شخصیت کے حالات، واقعات اور کلچرل، ہسٹاریکل لیگیسی محفوظ بنانا ہے۔ سیرت آن لائن والوں کی خواہش ہے کہ ان کے اس پراجیکٹ میں اور لوگ بھی شامل ہوں۔ اس ویب سائٹ پر کئی بڑی عمدہ عربی کتب کے تراجم بھی موجود ہیں۔ دیکھ کر دل خوش ہوا۔ قارئین بھی اس ویب سائٹ کا وزٹ کریں، حظ اٹھائیں اور جو کوئی چاہے اپنی کتاب یا مقالہ بھی اس میں شامل کر لے یا یہ خوشبو دوسروں تک پہنچانے کا باعث بنے۔

میں نے شاہد عمران سے محترم اعجاز احمد کا تعارف کرایا اور انہیں آپس میں رابطہ رکھنے کا مشورہ دیا۔ اعجاز احمد بھی ایک دلچسپ شخصیت ہیں، پیشے کے اعتبار سے بزنس مین ہیں، لکھنے پڑھنے سے انہیں دلچسپی رہی ہے، سیرت اور دینی کتب کا گہرا مطالعہ کر رکھا۔ جسٹس پیر کرم شاہ مرحوم کی سیرت پر کتاب میں کچھ معاونت بھی کی۔ اعجاز صاحب کی فوٹو گرافک میموری ہے، جو ایک بار دیکھ لیا، وہ ازبر ہوگیا، اسی وجہ سے انہیں ریفرنس نہیں بھولتے۔ تین چار سال قبل وہ دل کے عارضے میں مبتلاہوئے۔ ان کا بائی پاس ہوا اور ڈاکٹروں نے دو تین ماہ مکمل آرام کامشورہ دیا۔ طبیعت بہتر ہوئی تو انہوں نے سیرت کی کتب پھر سے پڑھنا شروع کیں۔ ان کے والد مرحوم کی سیرت پر ایک مختصر کتاب ہے، انہوں نے اس کا نیا ایڈیشن چھاپنے کی نیت سے اس کی پروف ریڈنگ اور تسہیل وغیرہ شروع کی۔ ایک دن خیال آیا کہ اللہ پاک نے نئی زندگی دی ہے تو کیوں نہ اس میں بڑا مقصد شامل کیا جائے۔ سیرت مبارکہ ﷺ پر کام کرنے سے زیادہ اور کیا بڑا مقصد ہوسکتا ہے۔ اعجاز احمد نے سیرت پرکتاب لکھنے کا ارادہ کیا۔ اس دوران وہ ایک حیران کن روحانی واردات سے بھی گزرے، ایک ایسا واقعہ جس کی تفصیل سناتے ہوئے وہ ہچکچاتے ہیں۔ بہرحال انہوں نے سیرت لائبریری کے نام سے ایک پراجیکٹ شروع کر دیا۔

پچھلے دو تین برسوں سے وہ اپنے کاروبارکے لئے مختص چھ سات گھنٹوں کے علاوہ باقی دس بارہ گھنٹے روزانہ سیرت پر کام کرتے ہیں۔ محمد رسول اللہ ﷺکے نام سے ان کی ایک بڑی عمدہ اور شاندار کتاب شائع ہوچکی ہے۔ یہ سرکار مدینہ ﷺ کی مکی زندگی کا احاطہ کرتی ہے۔ اس کتاب کے دوسرے حصے میں مدنی زندگی کا خاصا حصہ آگیا ہے، تیسرے حصے پر کام ہو رہا ہے۔ اعجاز صاحب کی سیرت پریہ کتاب مستند حوالوں اور دلچسپ، رواں نثر کی وجہ سے قاری کے لئے کشش کی حامل ہے۔ اعجاز صاحب نے ایک منفرد کام کیا جو مجھے تو اچھا لگا۔ کتاب میں جگہ جگہ پر مختلف اصطلاحات کے ساتھ قوسین میں اس کی انگریزی ترکیب بھی لکھ دی ہے۔ اس سے فائدہ یہ ہوا کہ نوجوان نسل اسے زیادہ آسانی سے پڑھ سکتی ہے کیونکہ آج کل لوگوں کے لئے انگریزی ترکیب اور اصطلاحات سمجھنا زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

کتاب کی ابتدا میں سیرت کے حوالے سے کچھ اہم اور ضروری باتیں سمجھائی گئی ہیں۔ کتاب بہت خوبصورت چھپائی میں شائع کی گئی اور مواد نہایت عمدہ ہے۔ اعجاز احمد اس کتاب کو کمرشل بنیاد پر نہیں شائع کرتے، اس کے پہلے دو تین ایڈیشن نکل گئے جن میں سے بیشتر کتب فری تقسیم کی گئیں یا صرف اس پر آنے والا خرچ ہی لیا گیا۔ اس کتاب کا اردو وائس اوور بھی کرا لیا گیا ہے، مقصد یہ ہے کہ آڈیو بک بھی دلچسپی رکھنے والوں کو دستیاب ہوسکے۔ وہ اس پر ویژول کام بھی کرانا چاہ رہے ہیں۔ اعجاز صاحب کی نیت بھی یہی ہے کہ اپنے حصے کے پھول مہکائے جائیں اور سیرت پر جدید ڈکشن اور آج کل کے تقاضوں کے مطابق عمدہ اور مستند موادتیار کیا جائے۔

دو تین ہفتے قبل مجھے معروف مصنف، پولیٹیکل ایکٹوسٹ اور دانشور جناب قیوم نظامی نے اپنی مشہور کتاب معاملات رسول ﷺ دی۔ قیوم نظامی معروف معنوں میں ٹھیٹھ مذہبی آدمی نہیں ہیں، ان کی سیاست بھی پیپلزپارٹی جیسی ترقی پسند جماعت کے گرد گھومتی رہی، مگر ان کے اندر اللہ اور اس کے آخری رسول ﷺ کے لئے کام کرنے کی تڑپ تھی۔ وہ سیاست اور مختلف موضوعات پر چار پانچ کتابیں پہلے لکھ چکے تھے۔ پھردینی موضوعات کی طرف متوجہ ہوئے اور چند برسوں میں آٹھ دس کتابیں لکھ ڈالی ہیں۔

معاملات رسول ﷺ سب سے مشہور کتاب ہے، جس کے درجن بھر ایڈیشن فروخت ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ معاملات انبیا السلام، معاملات حضرت ابوبکر صدیقؓ، معاملات حضرت عمر فاروقؓ، معاملات حضرت علی ؓ، معاملات صحابہ کرام ؓ، معاملات انسان اور قرآن، معاملات انسان اور حدیث، معاملات ریاست مدینہ، معاملات اولیا وصوفیا شائع ہوچکے ہیں۔ یہ سب کتابیں علم وعرفان پبلشر لاہور کے گل فراز صاحب نے شائع کی ہیں۔ معاملات رسول ﷺ میں سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو بیان کیا گیا۔ آپ ﷺ کی زندگی کے مختلف اہم واقعات، غزوات وغیرہ، صلح حدیبیہ، فتح مکہ وغیرہ اور سفر آخرت کا ذکر کرنے کے بعد انہوں نے سیرت مبارکہ کے مختلف اوصاف اور مشکبار پہلوئوں کو بیان کیا ہے۔ گفتگو، لباس، روز مرہ معمولات، معمولات نماز، اخلاق نبوی ﷺ، فہم وفراست، عزم واستقلال، شجاعت، حزم واحتیاط، سخاوت وخیرات، مروت وحیا، دینی معمولات میں میانہ روی، عاجزی وانکساری، سادگی، زہد وقناعت، عفووکرم، خوش معاملگی، رشتے داروں سے مروت واحسان، دوست احباب سے تعلق، غربا سے ہمدردی، یتیموں سے شفقت وغیرہ جیسے سو کے لگ بھگ موضوعات پر مستند احادیث کے حوالوں کے ساتھ واقعات بیان کئے ہیں۔ چار سو اکتیس صفحات کی کتاب اس قابل ہے کہ ہر صاحب ذوق کی لائبریری کا حصہ بن سکے۔

سیرت آن لائن ڈاٹ انفو ہو یا پھر اعجاز احمد کی سیرت لائبریری یا قیوم نظامی کی معاملات رسول ﷺ اور معاملات سیریز یہ سب اپنے اپنے درجے اور استطاعت کے مطابق کی گئی عمدہ کوششیں ہیں۔ سیرت مبارکہ پر جتنا کام کیا جائے، کم ہے۔ جس قدر تحقیق ہو، بہت سی نئی چیزیں اور نئے گوشے سامنے آتے ہیں۔ یہ کام صدیوں سے ہوتا آیا ہے، ان شااللہ رہتی دنیا تک جاری رہے گا۔ آپ ﷺ کی نورانی شخصیت کو اس لٹریچر کی حاجت نہیں۔ البتہ یہ کام کرنا ہمارے لئے ضرور سعادت اور اعزاز کی بات ہے۔ یہ وہ مہکتے پھول ہیں جن کی خوشبو کبھی ماند نہیں پڑے گی، ان شااللہ۔

Check Also

Jadeed Maharton Ki Ahmiyat, Riwayati Taleem Se Aage

By Sheraz Ishfaq