Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Aftab Ahmad Khanzada
  3. Suqraat Ki Fauj

Suqraat Ki Fauj

سقراط کی فوج

سقراط کی موت زہر کا پیالہ پینے سے واقع ہوئی اس پر کچھ الزامات لگائے گئے اور ایتھنز کی حکومت (عدالت) نے اسے موت کی سزا سنائی جسے اس نے بخوشی قبول کیا لیکن اپنے فلسفیانہ اور سیاسی نظریات سے منہ نہیں موڑا۔ اس پر پہلا الزام یہ تھا کہ وہ ریاست اور قوم کی طرف سے مقرر کردہ دیوتاؤں کو نہیں مانتا۔ دوسرا الزام تھا کہ وہ کچھ نئے دیوتاؤں کا ذکر کرتا ہے اور تیسرا الزام تھا کہ وہ ایتھنز کے نوجوانوں کے خیالات کو پراگندہ کر رہا ہے۔

سقراط پر لگنے والے الزامات کے دو پہلو ہیں ایک پہلو مذہبی ہے جب کہ دوسرا پہلو اخلاقی ہے لیکن دوسرا الزام درحقیقت سیاسی پس منظر رکھتا ہے۔ الزام لگانے والوں کو اصل تکلیف سقراط کی اخلاقی تعلیمات کے پھیلنے سے ہوئی تھی اور اس سماجی اخلاقی تعلیم کے سیاسی مضمرات نے حکمرانوں اور مراعات یافتہ طبقے کو خوفزدہ اور بے چین کردیا تھا۔ اس کے علاوہ اس نے اس دور کے سیاستدانوں کے علمی اور اخلاقی معیار کو بھی چیلنج کردیا تھا جس کا جواب ان لوگوں کے پاس نہ تھا۔

مراعات یافتہ امرا کو بھی سقراط کے اقتصادی نظریات سے خطرہ پیدا ہو چلا تھا اس دور کے نقلی علما بھی اس کے جدلیاتی انداز فکر سے خوفزدہ تھے۔ سقراط کے خلاف ایک الزام یہ بھی تھا کہ Alcibiades اور Critias جیسے لوگ سقراط کے شاگرد تھے جنھوں نے 411 اور 404 ق م کے انقلابات یا ہنگامہ خیز دور میں نظریاتی گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس دور میں ایتھنز میں ریاست اور قوم کی طرف سے منتخب کردہ دیوتاؤں کی باقاعدہ عبادت ہر شہری کے فرائض میں شامل تھی اور عبادت نہ کرنا ایک شہری ڈیوٹی کی عدم ادائیگی کا جرم تصور ہوتا تھا اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایتھنز میں مذہب سیاسیات کا ایک حصہ تھا اور ان حقائق سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ سقراط کی موت کی اصل وجہ اس کے اخلاقی نظریات اور ان کے سیاسی اقتصادی مضمرات تھے۔

سقراط پر مذہبی عقائد سے انحراف کا الزام صرف اسے سزا دینے کے لیے ایک عارضی متعصبانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے لگایا گیا تھا تاکہ سماجی اور سیاسی قوتوں کے علاوہ مذہبی قوتوں کو بھی اس کا مخالف بنادیا جائے۔ جو جنگ سقراط نے شروع کی تھی وہ جنگ آج بھی جاری ہے آج بھی ایک طرف سقراط اور اس کی فوج ہے تو دوسری طرف آج بھی ایتھنز کے وہی حکمران اور مراعات یافتہ طبقات اور سیاست دان ہیں جن کے آج صرف نام، زبان اور حلیے تبدیل ہوگئے ہیں لیکن سوچ، نظریات اور طریقہ کار وہی کے وہی ہیں۔

یہ جنگ نہ صرف دنیا بھر کے غیر ترقی یافتہ ممالک میں لڑی جا رہی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ جنگ پاکستان کے شہروں، گلی کوچوں، اقتدار کے ایوانوں، طاقت کے مراکز میں جاری ہے یہ جنگ نظریات کی جنگ ہے نیکی اور بدی کی جنگ ہے خیر اور شر، اچھائی اور برائی کی جنگ ہے جب تک دنیا میں انسان کا وجود ہے یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی۔ یہ جنگ کون جیتتا ہے اس کا فیصلہ وقت کرے گا کیونکہ وقت سب سے بڑا جج ہے۔

آئیں! پاکستان میں جاری جنگ کا جائزہ لیتے ہیں ہم اگر سنجیدگی کے ساتھ اس بات پر غور کرنا شروع کریں کہ پاکستان کے اصل مسائل کیا ہیں اور انھوں نے کہاں سے جنم لیا تو ہم غور کرتے کرتے اس نتیجے پر پہنچ جائیں گے کہ ہمارا صرف ایک ہی مسئلہ ہے اور وہ ہے اخلاقیات کا مسئلہ، ہمارے تمام کے تمام مسائل نے اخلاقیات کی عدم موجودگی سے جنم لیا۔ یہ بات یاد رہے کہ ساری کی ساری اچھائیاں اخلاق سے نکلتی ہیں اور ساری کی ساری برائیاں اور بدیاں بداخلاقی سے جنم لیتی ہیں یعنی اخلاق وہ ماں ہے جو اچھائی کو جنم دیتی ہے اور بداخلاقی وہ ماں ہے جو برائی اور بدی کو جنم دیتی ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ ایک اور ماں ہے جو سوتیلی ماں ہے جو ناسمجھی اور ناعلمی کو جنم دیتی ہے۔

سقراط نے اپنے فلسفے "تھیوری آف نالج" میں علم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ علم کی دو قسمیں ہیں۔ ایک علم بالکل سطحی قسم کا ہوتا ہے جس کی بنیاد کوئی ٹھوس حقیقت نہیں بلکہ صرف عام نہیں عمومی رائے ہوتی ہے اور یہ علم کی نقلی صورت ہے جب کہ اصل علم کی بنیاد ٹھوس حقیقت ہے اور یہ علم نقلی علم کے برعکس پائیدار دائمی ہوتا ہے۔ انسان پر فرض ہے کہ وہ علم کی جستجو کرے لیکن یہ کام اسی صورت میں ممکن ہے جب جستجو کرنے والے کو علم کی بنیادی حقیقت معلوم ہو حقیقی علم ہی حقیقی اچھائی یا نیکی ہے جب آپ کو حقیقی علم کا علم ہو جاتا ہے تو پھر آپ حقیقی سماجی انصاف کو فروغ دیتے ہیں۔

دوسری صورت میں آپ سماجی زندگی کو خود غرضی، بے حسی، کرپشن، لوٹ مار، بدنظمی کی طرف راغب کردیتے ہیں اور سیاسی زندگی کو ظلم، بے رحمی اور طاقت کے ناروا استعمال کی سمت لگا دیتے ہیں اس طرح آپ نیکی، اچھائی، اخلاقیات، قانون، انصاف کے جذبات اور تصورات، مساوات کو نیست و نابود کرکے رکھ دیتے ہیں اور پھر اخلاق کے نام پر بداخلاقی اور انصاف کے نام پر ناانصافی کو فروغ دینے کا دھندہ شروع کردیا جاتا ہے جب ہم اپنی سماجی اور سیاسی زندگی کو دیکھتے ہیں تو ہم پر وحشت ناک انکشاف ہوتا ہے کہ ہم پر بے علم اور ناسمجھ لوگ مسلط رہے جو خودغرضی، بے حسی، کرپن، لوٹ مار، بدنظمی، ظلم، بے رحمی کو فروغ دیتے رہے اور جنھوں نے اچھائی، اخلاقیات، قانون، انصاف، مساوات کو نیست و نابود کرکے رکھ دیا اور یہ دھندہ آج بھی جاری ہے۔

یہ سچ ہے کہ آج سقراط کی فوج بہت کمزور ہے اور اسے ہر محاذ پر پسپائی کا سامنا ہے اور دوسری طرف کی فوج بہت مضبوط اور طاقتور ہے اور اسے ہر محاذ پر فتح کا سامنا ہے کیونکہ وہ جنگ کے تمام قدیمی اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہے اور وہ ان کا بھرپور استعمال کرنا بھی جانتی ہے لیکن اس کے باوجود وہ ایک نئے سچ سے بالکل ناواقف ہیں کہ کہیں دور اور کہیں قریب حقیقی علم کی روشنی آہستہ آہستہ، مدھم مدھم پھیلتی جا رہی ہے جب اندھیرا بہت سیاہ ہو جاتا ہے تو صبح بہت ہی نزدیک آجاتی ہے جب صبح کی پہلی پہلی کرنیں پھوٹیں گی تو وہ کرنیں سقراط کی فوج کو ایسی طاقت فراہم کریں گی کہ وہ تازہ دم ہوکر پلٹے گی اور حملہ آور ہوگی پھر اس کی فتح یقینی ہوگی۔ یہ بات آسمان پر صاف لکھی ہوئی ہے، اگر تمہاری آنکھیں صحیح کام کر رہی ہیں تو پھر اسے پڑھ لو۔

Check Also

Westa Ki Pujaran

By Khalid Isran