Aap Log Kya Kar Lein Ge
آپ لوگ (عوام) کیا کرلیں گے

کہتے کہ سچ کبھی نہ کبھی زبان پر آہی جاتا ہے یا پھر لاشعور کی باتیں کبھی زبان سے نکل ہی جاتی ہیں، گزشتہ دنوں ایک ٹی وی کے ٹاک شو میں مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا کی بات بہت وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اوگرا نے تو جنگی ماحول میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں 110 روپے فی لٹر اضافے کا کہا تھا مگر حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے قیمت میں صرف 55 روپے کا اضافہ کیا ہے اور اگر حکومت قیمت میں 110 روپے کا اضافہ کر دیتی تو آپ لوگ (عوام) کیا کرلیں گے، لیگی رہنما کی بات سو فیصد سچ ہے کیونکہ عوام تو گدھے ہیں ان کو ایک ہی بات سکھائی گئی ہے، "میاں دے نعرے وجن گے"۔
عوام نے رجیم چینج پر احتجاج کرکے بھی دیکھ لیا، ہویا کج وی نئی، الٹا جیلوں میں سڑ مررہے ہیں، 10-10سال قید کی سزاؤں کیخلاف اب اعلی عدالتوں میں اپیلیں کرتے پھر رہے ہیں، اس بھولی عوام کو علم ہی نہیں تھا کہ عوام کیا کرلیں گے، ان کو سمجھ نہیں آئی کہ چند عمارتوں کی توڑ پھوڑ سے عوام کیا کرلیں گے۔
جس لیگی رہنما نے کہا ہے کہ آپ لوگ (عوام) کیا کرلیں گے ان کی بات دل کو لگتی ہے کیونکہ جیسے ہی ان کا بیان وائرل ہوا، انہی رہنما کی پرانی ویڈیوز بھی سامنے آگئیں، اُس وقت میڈیا میں اس کا بہت چرچا ہوا تھا، وہ ایم پی اے بھی رہ چکی ہیں، ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانی والی پارٹی نے اس کے باوجود ان کو پھر ایم این اے بنا دیا، عوام نے کیا کرلیا۔
رجیم چینج ہوئی، پی ڈی ایم کی پارٹ ون حکومت بن گئی، نگران حکومت لمبا عرصہ حکومت میں رہی، عوام نے کیا کرلیا، نئی حکومت بن گئی سب سے پہلے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی کئی لاکھ روپے اضافہ کردیاگیا، مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کیلئے کچھ بھی نہ کیا، عوام نے کیا کرلیا۔
بدترین معاشی بحران کے باوجود وفاق اور پنجاب میں وزراءکی فوج ظفر موج بھرتی کرلی، عوام کے وسائل اپنے "وفاداروں" پر نچھاور ہورہے ہیں، عوام نے کیا کرلیا، پنجاب میں ڈیڑھ کروڑ بچہ سکولوں سے باہر ہے، سکولوں کو نجی شعبہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، غریب بچوں کو سکول لانے کیلئے کچھ نہ کیا، عوام نے کیا کرلیا۔
عوام کو علاج کی سہولتیں نہیں مل رہیں، پھر بھی ہسپتالوں کو بھی پرائیویٹ کرنے پر کام ہورہا ہے، غریب لوگوں کو صحت کارڈ کے ذریعے چند بیماریوں کے علاج کی سہولت دیکر بڑے بڑے اشتہارات دیئے باقی بیماریوں میں مبتلا عوام کہاں جائیں، بے بس عوام نے کیا کرلیا۔
بسنت منانے کا بچپن کا شوق پورا کرنے کیلئے پنجاب میں 17 لاشیں گرادیں، ہائیکورٹ میں حکومت رپورٹ میں اموات کا اعتراف کیا گیا مگر حکومت کیخلاف کوئی کارروائی نہ ہوئی، 17گھر اجڑ گئے، اسلام آباد میں خود کش حملے میں 100 افراد کی اموات کے باوجود پنجاب میں بسنت کا جشن دربار یزید کی طرح منایا جاتا رہا، عوام نے کیا کرلیا۔
حکمرانوں کے مطابق ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے پھر بھی عوام کی بھوک نہیں مٹ سکی، عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں، عوام نے کیا کرلیا، بجلی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی، ہر ماہ بجلی مزید مہنگی کی جارہی ہے، عوام نے کیا کرلیا، 5-6 سالوں میں غریب کی شرح میں مزید 21 فیصد اضافہ ہوگیا مگر حکمرانوں کیلئے سب اچھا ہے، غریب غریب تر ہوگیا، عوام بجلی کے بل دیں یا بچوں کے سکولوں کی فیسیں، مجبور عوام نے کیا کرلیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پانچ، چھ سالوں 7 کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے لئے 11 ارب روپے کا پُرآسائش جہاز خرید لیا، عوام نے کیا کرلیا، اس جہاز کیلئے 35-35ہزار ڈالر تنخواہ پر دو پائلٹ بھی رکھ لئے، عوام نے کیا کرلیا، پنجاب میں سرکاری ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات ہڑپ کرلیں، ملازمین سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں، عوام نے کیا کرلیا، مریم نواز نے دو سالوں میں جتنا کام کیا اتنا 80 سالوں میں نہیں ہوا مگر عوام کی حالت نہ بدلی، عوام نے کیا کرلیا۔
وزیراعظم پاکستان کے دورے پر چند دنوں کیلئے آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ بیرون ملک سرمایہ کاری لارہے ہیں، اب تک کتنی سرمایہ کاری آگئی کچھ پتہ نہیں مگر اتنا سرمایہ آیا نہیں جتنا دوروں پر اڑا دیا گیا، ان دوروں سے آنیوالی سرمایہ کاری سے ڈالر ایک روپیہ تک سستا نہ ہوسکا تو عوام نے کیا کرلیا، پی ٹی وی پر صحافیوں کو کروڑوں روپوں کے معاوضے دیئے جا رہے ہیں، عوام کا پیسہ اپنے نمک حلالوں کو کھلایا جا رہا ہے، خبریں بھی آئیں، عوام بس سٹپٹائے مگر کچھ بھی نہ کرسکے۔
پنجاب کے وزیر کھیل نے وزیراعلی مریم نواز کو پنک گیمز کی اختتامی تقریب میں بتایا کہ اس ایونٹ میں 34 سو خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جبکہ اسی سٹیڈیم کے باہر جو فلیکس لگی تھیں اس پر لکھا تھا کہ پنک گیمز میں 2 ہزار سے زائد خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں، وزیر کھیل فیصل کھوکھر نے وزیراعلی اور عوام سے جھوٹ بولا، عوام تو کیا وزیراعلی مریم نواز نے وزیرکھیل کا کیا کرلیا۔
سپورٹس بورڈ پنجاب کے ملازمین کو ماہ فروری کی تنخواہ صرف 16 دنوں کی دی گئی جبکہ پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر ماہ مارچ کی تنخواہ 16 مارچ تک دینے کا حکم دیا ہے، جب ملازمین کو فروری کی تنخواہ پوری نہیں ملی تو مارچ کی کہاں سے ملے گی، اخبارات میں خبریں بھی شائع ہوئیں مگر وزیراعلی مریم نواز اور وزیرکھیل نے کوئی نوٹس نہیں لیا تو ملازمین (عوام) نے کیا کرلیا۔
سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانے والوں نے ہی 2024 کے عام انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ ہی چوری کرلیا، عوام نے کیا کرلیا، لیگی رہنما نے حقیقت بیان کردی ہے کہ عوام کی کوئی اوقات نہیں ہے اس لئے عوام کی بات ہی نہ کریں، رہی بات یہ کہ مہنگا پٹرول ابھی خریدا ہی نہیں، پرانی قیمت پر خریدے ہوئے پٹرول پر ایک جھٹکے میں 55 روپے فی لٹر اضافہ کردیا تو بتائیں عوام نے کیا کرلیا، اب عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کچھ نہیں کریں گے اب جو بھی کرنا ہے، عوام کا درد رکھنے والی حکومت نے کرنا ہے، وہ انڈے دے یا بچے۔۔ عوام کیا کرلیں گے۔۔

