Friday, 26 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Zaara Mazhar/
  4. Silsila e Janbani

Silsila e Janbani

سلسلۂ جنبانی

رمضان سے دو ہفتے پہلے مارکیٹ کی بھاگ دوڑ لگی رہی، ہم نے سوچا رہ جانے والا سامان پورا کر لیں اور گرمی اور عید کے کپڑے بھی درزی کے حوالے کر دیں مہینے بھر میں سلتے رہیں گے۔

آپ مسز مظہر ہیں ناں؟ ایک شائستہ سی قدرے شناسا آواز کانوں میں گھلی ہم پورے گھوم گئے۔ بٹیا کی کلاس فیلو عائشہ کی امی تھیں۔ ارے آپ بھی اسلام آباد میں؟ ہاں بھئی آپ کے پیچھے پیچھے ہم بھی آگئے وہی آپ والا مسٔلہ تھا کہ تینوں بچے یونیورسٹی گوئنگ ہوگئے تو ہمیں بھی ٹرانسفر کروانا پڑا۔ یہیں بی بلاک میں ہیں۔ ارے پانچ منٹ کی تو ڈرائیو ہے آئیے گا ہم نے بلاک اور گھر کا نمبر بتایا۔ انہوں نے بٹیا کی شادی کی مبارک دی اور گھر آنے کی دعوت بھی دی۔

ہمیں عائشہ کے لئے بھی کوئی اچھا رشتہ بتائیے وقت گزرتا جا رہا ہے بس یہ فرض جلدی ادا ہو جائے، میری راتوں کی نیند اڑی ہوئی ہے اور کوئی اچھا رشتہ مل کے ہی نہیں دے رہا۔ وہ کافی پریشان سی لگیں اتفاق سے دو بہت اچھے پڑھے لکھے لڑکوں کا پروفائل مناسب میچ کی تاکید کے ساتھ آیا رکھا تھا، اتنا شاندار کہ ہم انتظار میں ہوتے تو ان پہ سوچتے بلکہ اپروچ کرتے۔ اچھے پروفائل نہیں بچتے منٹوں میں رشتے طے پا جاتے ہیں۔ ہم نے دل ہی دل میں دعا کی کاش ان میں سے کوئی عائشہ کے لئے دستیاب ہو جائے۔

اپنے بچوں کے دوست بھی اپنے بچوں جیسے ہی ہوتے ہیں یہ تب پتہ چلتا ہے جب ہم ماں باپ بنتے ہیں اور بچے ساتھ پلتے بڑھتے ہیں، پھر چشمہ کا رہن سہن ایسا ہے کہ اپنوں سے زیادہ قریب ساتھ رہنے والے لگتے ہیں۔ ہم نے ان کی ڈیمانڈ پوچھی۔ تو کہنے لگیں ہماری کوئی خاص ڈیمانڈ نہیں ہے بس پڑھا لکھا ہو، اچھی جاب ہو، قد کاٹھ شخصیت بارعب ہو، برادری میں بیٹھا ہو تو بندوں میں جچے۔ عائشہ الیکٹریکل انجئنیر ہے آن جاب ہے ابھی ایم ایس کر کے فارغ ہوئی، خاصی خوش شکل اور پہننے اوڑھنے میں سلیقے کی بچی ہے۔ یہ دونوں ہی لڑکے گڈ لکنگ بھی تھے۔

گھر آکے انہیں دونوں پروفائل فارورڈ کر دئیے، انہوں نے یک جنبش دونوں ہی ریجیکٹ کر دئیے کہ یہ ہماری برادری کے نہیں ہیں ہم باہر رشتہ نہیں کرتے۔ کچھ اور دکھائیے اتفاق سے تین روز بعد ایک اور اچھا پروفائل جو مجھے بالکل عائشہ کے جوڑ کا لگا چونکہ عائشہ بٹیا کی بچپن کی دوست ہیں اور ہم اسے اور فیملی کو ہر طرح سے جانتے ہیں تو مجھے یہ میچ ایکدم مناسب لگا، اس بار برادری بھی انہی کی تھی اس لئے خوشی خوشی پروفائل فارورڈ کردیا۔

اگلے ہی منٹ میں پروفائل لوٹا دیا گیا کہ لڑکے کا اپنا گھر نہیں ہے جو بھی ہے باپ کا ہے۔ میں حیران ہوں کہ لوگوں کی عمر گذر جاتی ہے اپنا گھر نہیں بنا پاتے یہ تو پھر چھبیس ستائیس برس کا لڑکا ہے، گھروالی آئے گی تو گھر بھی بن جائے گا۔ بہت افسوس ہوا لیکن جو بچوں کے ولی کی مرضی انہیں اختیار ہے۔ کسی اور لڑکی کا پروفائل تھا پڑھی لکھی سلجھی ہوئی بچی، نسٹ سے اکاؤنٹس اینڈ فنانس میں ڈگری لے کے نکلی تھی انہیں لگا لڑکی نے مہنگی اور ڈیمانڈنگ ڈگری لی ہے یہ گھر نہیں بیٹھے گی اس بنا پہ رشتہ ہی ریجیکٹ کر دیا۔ کیا پتہ لڑکی گھر بار والی ہو کے خود ہی جاب نہ کرتی؟

ایک اور بیٹی کے رشتے کے لئے تلاش تھی میرے اتنے اچھے اور قریبی کہ جیسے میرے گھر کی بیٹی ہو، ماسٹرز کیا ہوا تھا، حافظہ بھی تھی اور صوم و صلوٰة کی ایسی پابند کہ مشکل ہی کوئی قضا ہوگی۔ باپردہ لیکن زمانے سے ہم آہنگ عبایہ کے ساتھ گاڑی ڈرائیو کرتی، گھر کی تربیت ایسی کہ رشک آتا۔ آلنے سےگرا چڑیا کا بوٹ بھی ہتھیلی پہ رکھ کے پال لیتی۔ بنا کسی رشتے کے کینسر کی مریضہ کو تین سال ایسے سنبھالا کہ کیا کوئی بیٹی سنبھالے گی۔

ایک ناقدرا اپنی ہی ایک مجبوری سے چھوڑ گیا تھا ان کے لئے ایک صاحب کو ان کے دو بچوں کی امی کے طور پہ پرفیکٹ جوڑ بتایا۔ سلسلۂ جنبانی چلا دونوں طرف کے بیچ والوں نے جان لڑا دی لیکن ان حضرت نے انکار کا ایسا بودا سا جواز دیا کہ دل تڑپ گیا۔ اس رشتے کے نہ ہونے کا افسوس برسوں رہے گا تب تک جب تک اس بہن بیٹی کا مناسب رشتہ ہو نہیں جاتا۔

ایسے ہی ایک دبئی پلٹ کو ایک رشتہ بتایا انہوں نے لڑکی کی ہر زاویے سے بار بار تصویریں منگوائیں اور کہا لڑکی خوبصورت نہیں ایسی شکل صورت ہو کے برادری جل بھن جائے۔ قارئین یہ انکار کا جواز ہے کیا؟ رشتوں کو لے کے ہم جتنا چھانیں گے اتنا ہی کرکرا نکلے گا۔ صورت شکل تو ربّ بناتا ہے ہم نے تو کسب، کار اور عمر دیکھ کے میچ کرنے ہوتے ہیں۔

رشتوں کو لےکر انتخاب کو محدود مت کیجیے، خدارا بچوں کے گھر وقت پہ بسا دیجیے، بچوں کی جوانی کو گہن نہ لگائیے کہ ابھی یہ کر لے تو ابھی وہ کر لے۔ جب یہ وہ سب ہوگیا تو ذات، برادری، عمر اور ہم پلہ کی قدغنیں باری باری لگائی جاتی ہیں۔ پھر ہم سوچتے ہیں ہمارے لئے رشتوں کا کال پڑ گیا ہے شائد۔ ایک اور رشتے کے متلاشی بہن بھائی کو پروفائل دیکھ کے مناسب جوڑ بتائے، لڑکی بے حد خوبصورت اعلیٰ تعلیم یافتہ اور گورنمنٹ جاب بھی۔

اچھا عمر اب پچیس کراس کر رہی تھی تو ہم نے سمجھایا کہیں کمپرومائز کی گنجائش بھی رکھ لیجیے گا۔ پروفائل میں لڑکے کی شکل، شخصیت میں بھی لڑکی کے جوڑ کی نہیں لگی لیکن پروفائل پرکشش تھا ہم نے لڑکی والوں کو منا لیا کہ پہلے کال پہ بات کرکے دیکھیے کیا پتہ کچھ سمجھ میں آئے تو پھر شکل صورت کی اہمیت باقی نہیں رہتی۔ کال پہ بات ہوئی تو پروفائل میں جاب کا جھوٹ موٹ لکھ رکھا تھا۔ افسوس ہوا کہ ہمارا اور لڑکی والوں کا بھی وقت ضائع کیا۔

بہت سے لوگ پروفائل میں غلط بیانی کر جاتے ہیں جو پہلی ہی ملاقات میں پکڑی جاتی ہے۔ پروفائل پہ غلط بیانی نہیں کرنی چاہئے، کچھ لوگ انتخاب میں لمبے انتظار کو ترجیح دیتے ہیں کہ جب تک من مرضی کا نہیں ملے گا تب تک نہیں کرنا۔ ہوش کیجئے کہ عمر بڑھتی رہتی ہے اور آپ کی ڈیمانڈ کمپرومائز پہ چلی جاتی ہے۔ بچوں کو انتظار کی سولی پہ مت چڑھائیے۔ گزرا وقت کبھی نہیں لوٹتا۔

Check Also

Sunen, Aaj Kya Pakaun

By Azhar Hussain Azmi