Thursday, 25 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Zaara Mazhar/
  4. Peron Ki Hifazat

Peron Ki Hifazat

پیروں کی حفاظت

پیر ہمارے جسم کا وہ ستون ہیں جنہوں نے ہمارے جسم کی بلڈنگ کو اٹھا رکھا ہے یہ تو حفاظت اور دیکھ بھال کی خصوصی وجہ ہے۔ پیر ہمارے جسم کا وہ حصہ بھی ہیں جن پہ شاعروں نے کئی شعر تراش رکھے ہیں اتفاق سے اس وقت ایک بھی ذہن میں نہیں ہے البتہ خوبصورت، نازک اور صاف ستھرے پیروں پہ کبوتروں کی جوڑی کی تشبیہ یاد ہے۔کسی بھی عمر میں کٹی پھٹی ایڑھیاں یا تنگ جوتے اور چمڑے کےکُھسّے سے کاٹنے کے نشان زدہ پاؤں دیکھنے والے پہ اچھا تاثر نہیں چھوڑتے اور آپ کو تکلیف میں بھی مبتلا رکھتے ہیں۔

کہتے ہیں کہ عورت کی صفائی اور سلیقہ جانچنا ہو تو اس کے پیروں کی ایڑھیاں اور اس کا کچن دیکھ لیجئے۔جانے کیوں کسی بھی شخصیت سے ملتے وقت میرا دھیان اس کے جوتے اور پیروں پہ ضرور جاتا ہے۔ عید قریب آ رہی ہے کچھ بہنوں کی فرمائش بھی ہے تو پیروں کی حفاظت کے لئے چند گھریلو عادات مستقل اپنا لیجیے۔ میں نے سوچا تھا ویڈیو بنا دوں یا کم سے کم سٹیپ بائےسٹیپ تصاویر ہی لے لوں لیکن روزے کی مصروفیات میں دونوں کام ممکن نہیں بس پڑھ کے اپنا پریکٹیکل خود ہی کر لیجیے۔

1۔ سب سے پہلے تو روز پاؤں کوچنے کی روٹین بنا لیجیے۔ کالا پتھر مٹی کا جھانواں یا اسٹیل کا جھانواں کچھ بھی اپنی باتھ روم والی کٹ میں رکھ لیجیے۔ دن میں ایک بار ضرور کوچ کے گھر میں موجود کوئی بھی کولڈ کریم مل لیجیے اس سے آپ کی ڈیڈ سکن روز کے روز اتر جائے گی، ناخن بھی صاف ہوجائیں گے اور ایڑھیاں بھی نہیں پھٹیں گی۔

2۔ ہفتے میں ایک بار گرم پانی میں نمک ڈال کےپندرہ بیس منٹ کے لئے پاؤں ضرور ڈبو لیجیے آپ کے پاؤں نرم رہیں گے اور یہ عمل آپ کے پیروں کا درد کھینچ لے گا۔

3۔ مہینے میں ایک بار پیروں کو نیم گرم سے ذرا زیادہ گرم پانی میں ایک چمچ نمک، ایک چمچ میٹھا سوڈا، ایک چمچ شیمپو اور ایک ڈھکن ہائیڈروجن ڈال کے بیس منٹ اپنے پیر بھگو دیجیے۔ اس کے بعد اسٹیل کے جھانویں سے نرمی سی مردہ سیلز الگ کر لیں، فائلر کی مدد سے ناخن صاف کرکے کولڈ کریم لگا دیجیے اس کا یہ فائدہ ہوگا کہ پیروں کی دراڑیں جڑ جائیں گی، میل کچیل اتر جائے گا اور جلد صحت مند ہوکے چمکنے لگے گی۔

4۔ پاؤں دھونے اور ناخن خشک ہونے کے بعد انہیں فائلر سے شیپ دے لیں۔ یہ گھریلو طور پہ چھوٹا سا پیڈی کیور سمجھ لیں اگر آپ نیل پالش لگانا چاہتی ہیں تو بس تقریب کے لئے لگائیے اس کے بعد اتار دیجیے ایک تو وضو نہیں ہوتا دوسرے کٹی پھٹی اور جھڑی ہوئی نیل پالش آپ کی لاپروائی اور سستی کی غمّاز ہے۔

5۔ افورڈ کر سکتی ہیں تو سال چھ ماہ میں ایک بار پروفیشنل سے پیڈی کیور ضرور کروا لیں، آپ کے ناخن شیپ لیس نہیں ہوتے ناخنوں کے گرد کی مردہ سکن جو ناخنوں کو بد وضع بناتی ہے کٹ جاتی ہے اور پیروں کی جامد ہوتی رگیں رواں رہتی ہیں۔

6۔ جوتا ہمیشہ خود پہن کے اور اپنے ناپ کا لیں ہر برانڈ کے نمبر کا سائز الگ ہوتا ہے یعنی اگر آپ کو stylo یا ecs کا 38 نمبر آتا ہے تو کسی دوسرے برانڈ کا 39 نمبر بھی آ سکتا ہے اس لئے جوتا اپنے پیر میں ڈال کے پورا کیجیے اور تھوڑا سا چل کے دیکھ لیجیے۔

7۔ جوتا خریدنے کے لئے شام کا وقت مناسب ہے اس وقت آپ کے پاؤں بالکل نارمل حالت میں ہوتے ہیں۔

8۔ گھر میں ہمیشہ نرم سوفٹی کا استعمال کریں اور اپنے سائز سے ایک نمبر بڑا جوتا پہنیں اس سے پیر گندے نہیں ہوتے اور نہ ہی تھکتے ہیں۔

چمڑے کے جوتے اور کھسے اگر کاٹیں تو جوتے کے اندر کولڈ کریم لگا لیجیے یا موم رگڑ لیجیے۔

باہر جاتے وقت کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لئے اپنے بیگ یا گاڑی میں ایک متبادل جوتا ضرور رکھیے۔

Check Also

Nawaz Sharif Supreme Leader Ban Jayen

By Najam Wali Khan