Aurat Tujhe Salam
عورت تجھے سلام

وہ دوہزار کے عشرے کی کامیاب ترین اداکارہ اور ماڈل تھی۔ لاکھوں لوگوں کے دلوں میں دھڑکتی تھی، قدموں کے نیچے پلکیں بجھانے والے ہزاروں تھے، کئی تو دل ہتھیلی پہ رکھے پیچھے پیچھے پھرتے تھے لیکن اس سجی سجائی زندگی اور کامیابی کی کہکشاؤں پہ چلنے والی اداکارہ کے پیچھے پچھلے دس برسوں کی ایک طویل جدو جہد تھی۔ اداکارہ نے ایک کھاتے پیتے گھرانے میں آنکھ کھولی تھی، باپ ایک نامور کمپنی میں اچھے عہدے پر فائز تھا، زندگی بڑی آسانیوں سے گزر رہی تھی، بہترین تعلیم کا حصول جاری تھا کہ باپ کی اچانک موت نے سب کچھ وہیں روک دیا۔
ماڈل اور اداکارہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی اور ویسے بھی حساس تھی، باپ کے بعد والدہ اور بہن بھائیوں کو اپنی ذمہ داری بنا بیٹھی اور اپنے مقصد کے لئےاپنی زندگی تیاگ دی۔ اس نے ایک بڑے پارلر سے بیوٹیشن کی حیثیت سے پروفیشنل زندگی کا آغاز کیا جہاں شوبز اور فلم انڈسٹری کی بڑی ماڈلز کے شوز Make upکئے جاتے تھے۔ بطور میک اپ آرٹسٹ وہ شوبز میں ایکٹیو تھی اور ان کا تام جھام اور آمدن دیکھ کر اسی لائین میں مستقبل بنانا چاہتی تھی تاکہ اس کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ ایسے ہی کام کرتے کرتے اور موقعہ کی تلاش میں رہتے، قسمت کی دیوی نے اسکے در پہ دستک دی اور اس نے اپنے دروازے کھول کے اس دستک کی پذیرائی کی۔
دیکھتے دیکھتے وہ فن اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگی، کئی کامیاب فلمیں، ڈرامے اور فیشن شوز اسکے کریڈٹ پر ہیں۔ بہن، بھائی پڑھتے رہے اور اداکارہ کے کندھوں کی سیڑھی پہ چڑھتے کامیابی سے اپنے حصے کی دنیا فتح کرنے لگے۔ ہر بہن، بھائی کی کامیابی کو اس نے اپنے سینے کا میڈل سمجھا، ان کے گھر بار بھی آباد کرتی رہی۔ اسکی خوبصورتی اور کامیابیاں دیکھ کر کئی لوگوں نے اس کا ساتھ بھی چاہا لیکن اسے مصروفیات میں اپنی طرف دیکھنے کا دھیان نہیں تھا، ماں شدت سے چاہتی تھی کہ اسکی بدرنگ زندگی میں بھی بہار آجائے لیکن کبھی کبھی مصرفیات اور کیرئر آپ کو آکٹوپس کی طرح جکڑ لیتا ہے۔
ایک ایک کر کے تمام بہن بھائی اڑ گئے تو اسے اپنا خیال آیا۔ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا تھا، جوانی گھل گھل کے ڈھل رہی تھی پھر ایک شخص نے اسے اپنی چاہت سے آگاہ کیا اور ساتھ کا متمنی ہوا، اداکارہ نے اپنے گھر والوں کو مطلع کیا سب بخوشی راضی تھے اور چاہتے تھے کہ بہن، بیٹی کی زندگی میں دیر سے ہی سہی بہار آجائے لیکن وہ شخص اداکارہ کی ماں کی ذمہ داری سے گھبرا گیا اور شرط رکھ دی کہ سب سے ناطہ توڑ کے صرف میری بن کے رہنا ہوگا۔ اداکارہ نے اس ایک سے ناطہ توڑنے میں عافیت جانی کہ فیملی تو اسکی لائف لائین تھی۔
پھر کئی سال گزر گئے اداکارہ پچاس کے ہندسے میں داخل ہوگئی تو ایک اور معروف شخص نے اسکی زندگی میں رنگ بھرنے کا خیال ظاہر کیا اب اداکارہ کی تمام ذمہ داریاں نمٹ چکی تھیں سب بہن، بھائی اپنے اپنے آشیانوں میں آباد تھے۔ سو اس نے اس بار اپنے لئے فیصلہ کرلیا اور پچھلے برس زندگی کو نئے سرے سے جینے کا قصد کیا۔

