Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Zaara Mazhar/
  4. Almaroof CCTV Cameray

Almaroof CCTV Cameray

المعروف سی سی ٹی وی کیمرے

فیزوزہ بھابھی تو تمہارے جھٹلاتے جھٹلاتے اچھا خاصا میچیور لکھنے لگی ہیں۔ کس نے کہا۔ خاک لکھتی ہیں خدا جانےکون زمانوں کے فرسودہ قصے بیان فرماتی ہیں۔ بے وقوف ترسی ہوئی دنیا ہے، کہ ٹوٹی پڑتی ہے کمنٹ کرنے کو ارے اس سے سو بار اچھا تو میں لکھ سکتی ہوں، مگر کیا ہے کہ مفت کی یہ خواری مجھے بالکل پسند نہیں نہ ہی آپکی بھابھی کی طرح مجھے واہ واہ کروانے کا شوق ہے۔ جتنی دیر میں بیٹھ کے لکھنا ہے، اتنی دیر میں انسان سو ہی لیتا ہے، نیند پوری ہو تو انسان تازہ دماغ کے ساتھ اچھا اچھا لکھ سکتا ہے۔ آئی سمجھ؟

یہ تو تم پچھلے آٹھ سال سے کہہ رہی ہو کبھی لکھ کے تو نہیں دیا اس دن بٹیا نے سکول میں ویلکم پارٹی میں چھوٹا سا اظہارِ تشکر کرنا تھا۔ ایک ورق کا پیراگراف نہ لکھا گیا تم سے آفس میں اپنے پی اے سے لکھوا کے لایا تھا، اور چند کتابیں ہم نے بھی پـڑھ رکھی ہیں مطالعے کی اسی چھلنی میں سے گزار کے کہتا ہوں کہ بھابھی اچھا لکھنے لگی ہیں۔ جھوٹ نہیں کہتا کئی بڑے بڑے وقت کے ادیب اور شاعر اور صحافی انکی لکھت کی تعریف کرتے ہیں۔ اچھا لکھنے کا اور کیا معیار ہے بھلا۔

آپ کو اپنی رشتہ دار میرے مقابلے میں کھڑا کرنے کی ہمت کیسے ہوئی بہت سے کام کے کام ہوتے ہیں۔ مجھے سال بھر گیٹ کے لیمپ استعمال کرنے کے بعد میں ہی تھی جو دکاندار کو لوٹا کے پھر نئے لے آئی۔ چھ ماہ بلائنڈز استعمال کئے اور واپس کر کے پردے لے آئی میری سیانف کی وجہ سے گھر میں ہر چیز چمکتی دمکتی رہتی ہے۔ میرے جیسی عقلمند آپکے پورے خاندان میں یا آپکی بھابھیوں میں کوئی دوجی ہے تو بتائیے۔

ارے میرے جیسا سلیقہ کسی کے پاس ہے، تو گنوائیے آپ کا گھر بنا دیا بچے پڑھا دئیے معاشرے میں ایک مقام بنوا دیا تنخواہ میں بنتا ہی کیا ہے۔ دانتوں سے پکڑ پکڑ کے خرچ کرتی ہوں پیسہ کسی نہ کسی بہانے سے بھائیوں سے نکلوا لاتی ہوں اپنے گھر کو سیانی ہوں تو بینک بیلنس ہے۔ آج گھر گھرستی بنا کے بیٹھی ہوں انہوں نے کیا کیا ہے۔ پھوہڑ کہیں کی بس دو حرفوں کی دانشوری جھاڑ لیتی ہیں نہ گھر نہ در۔

میکے سے دانشوری کے علاوہ لائی ہی کیا تھیں۔ جس کو دیکھو انہیں کے کلمے پڑھ رہا ہے۔ آپ ہیں کہ میرے ہی منہ پہ تعریفیں کئے جا رہے ہیں۔ حرفوں سے بنی ہیں محترمہ میں نے بھی ایسا پتا صاف کیا ہے اندر اندر۔ خاندان میں کس منہ سے جائیں گی اب آیندہ اسے میرے مقابلے پہ لانے کی ضرورت نہیں آئی سمجھ؟

اچھا بیوی ناراض تو نہ ہو تمہارے احسانات مانتا ہوں تم نہ ہوتی تو میں تو واقعی سڑک پہ ہوتا ہمارے کیا پورے خاندان کے بچے تمہاری ہی عقل کیش کروا کے پڑھے ہیں۔ رومی باجی کی بیٹیاں تمہاری عقلمندی کی وجہ سے پی ایچ ڈی کر پائیں عرفان بھائی کی بیٹی تمہاری وجہ سے ڈاکٹر بن پائی اور عمران بھائی کی بیٹی تمہاری دانشمندی کی وجہ سے انجینئر بن سکی ان سب کو باجماعت تمہارا احسان مند ہونا چاہئے۔

کیسے نہ ہوں ناراض اس دن بھی انکے ہاں بیٹھے بیٹھے اس کے اچار کی تعریف کردی اتنا ہلکا پیٹ ہے۔ آپ کا میں ٹہوکا نہ دیتی تو اسکی تحریروں کے بھی گن گانے لگتے۔ پتہ چل جاتا کہ ہم اسے پڑھتے ہیں۔ بھتیجا بھتیجی کے لئے رال کی طرح شیرہ ٹپکتا ہے۔ آپکے منہ سے جب وہاں جاتے ہیں تو منہ میں لگام ڈال کے بیٹھا کریں آئی سمجھ؟

اچار تو خیر بھابھی صاحبہ اچھا خاصا ڈالتی ہیں اور کوکنگ بھی زبردست ہوتی ہے کئی مشہور کک انکی وال پہ تعریفیں کرتے ہیں۔ ہزاروں لوگ یوٹیوب چینل بنانے کو کہتے ہیں کیا سب اندھے خوشامدی ہیں۔ اچار ڈالتی ہیں یا کھانے پکاتی ہیں۔ سب کچھ اپنی فیملی کے لئے کرتی ہیں ہم کیا کریں۔ ہم تو اپنی کوکنگ نہیں شو آف کر رہے نظر لگ جاتی ہے اور پھر مجھے تو روپے کی یہ بربادی بالکل پسند نہیں ہے۔

اوپر سے اپنے زعم میں ہم سب کو بلاک کر رکھا ہے۔ اب بلاک کرنے سے کوئی مر تھوڑی نہ جاتا ہے۔ جب سے بلاک کیا ہے، میں تو بٹیا کی آئیڈی سے روز جا کے پڑھتی ہوں کہ دیکھوں تو آج کیا بونگی ماری ہے مگر دنیا اندھی ہے واہ واہ کئے جاتی ہے۔ جس دن آپ نے اچار کی تعریف کی تھی میں نے گھر آکے آپکی آئی ڈی سے اسے خود بلاک کردیا تھا نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔

بھئی اپنے نظریات ہمیں نہ پـڑھائیں۔ یاد نہیں وہ "سونے کا پنجرہ" نامی تحریر اور وہ پھول اور کانٹے والی تحریر وہ ہمیں ٹارگٹ کر کے لکھی تھیں۔ مجھے تو بوڑھی بطخ ہی بنا دیا لوگ ایک معاشرتی رویہ کہہ کے تعریف کئے جارہے تھے۔ ایک دو نے تو کہہ بھی دیا کہ سچی کہانی لگتی ہے، ہنس کے ٹال ہی گئیں مگر ہم بھی اڑتی چڑیا کے پر گن لیتے ہیں آئی سمجھ؟

نہیں بیوی اس دو سو کلومیٹر پَر گھنٹہ کی فراٹے بھری فطانت کے آگے تو آئی نہیں گئی، سمجھ۔

Check Also

Mazdooron Ka Aalmi Din

By Kiran Arzoo Nadeem