Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Wakhra Lifestyle

Wakhra Lifestyle

وکھرا لائف سٹائل

گھر سے معاشی تنگی کا شکار لڑکیاں اگر اچانک سے اپنا لائف سٹائل تبدیل کرنے لگیں تو والدین کو ان پر نظر رکھنی چاہیے۔ لاتعداد ایسی لڑکیاں ہیں جن کے والدین بمشکل ان کے سمسٹر کی فیس ادا کر پاتے ہیں اور انہیں چند ہزار روپے ماہانہ بھیجتے ہیں جس سے بمشکل ہی وہ اپنی ضروریات پوری کر سکتی ہیں۔ لیکن اس کے باوجود برانڈڈ کپڑے، آئے روز شاپنگ، ایک سے ایک نئے اور مہنگے ترین موبائل فون؟ یہ سب ایک سوالیہ نشان ہیں۔ مہنگی چیزوں کے عوض اپنا بہت کچھ لڑکوں کے حوالے کرنا پڑتا ہے ورنہ کوئی بھی بلا وجہ کسی کو کچھ نہیں دیتا۔۔

ایک بات واضح کر دوں کہ یہاں میں ان لڑکیوں کی بات نہیں کر رہا جو اپنی محنت سے اپنی ضروریات و خواہشات پوری کرتی ہیں۔ جاب کرتی ہیں یا آن لائن کام کرتی ہیں یا پھر کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ میں ان لڑکیوں کی بات کر رہا ہوں جو صرف سٹوڈنٹ ہوتی ہیں غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور اگر جاب بھی کرتی ہیں تو صرف چند ہزار روپے ماہانہ پر لیکن ان کا لائف سٹائل اور ان کے ماہانہ اخراجات کسی ایلیٹ کلاس فیملی کی لڑکیوں کے برابر یا بعض کیسز میں ان سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ لڑکوں سے مہنگے تحائف وصول کیے جاتے ہیں اور سمجھتی ہیں کہ دوستی یا محبت کی وجہ سے ان پر یہ نوازش کی گئی ہے جب کہ اس کی باقاعدہ ڈبل وصولی کی جاتی ہے یعنی لڑکے یہ سب سود سمیت واپس لیتے ہیں۔ وہ جسمانی تعلقات کی مد میں ہو یا کسی بھی صورت میں لیکن وصولی لازم ہوتی ہے۔۔

اس سے زیادہ خطرناک صورت حال یہ ہے کہ کچھ لڑکیاں اس طرح کے مہنگے تحائف باقاعدہ کئی مختلف لڑکوں سے بیک وقت وصول کر رہی ہوتی ہیں۔ اور یہ مختلف لڑکے اپنے طور پر اپنی رقم اور گفٹ کی وصولی کرتے رہتے ہیں۔ یہ لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ لڑکے اس بات سے لا علم ہیں اور ان کے عشق میں اندھے ہیں جب کہ لڑکے سب جانتے ہوئے صرف اپنا اپنا حصہ لینے میں مصروف ہوتے ہیں۔۔ بلکہ بعض تعلیمی اداروں میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ چند لڑکیاں اپنی خواہشات پوری کرنے کے لیے باقاعدہ دو نمبر راستے کا انتخاب بھی کرتی ہیں۔۔

میں ایسے لڑکوں کو بھی جانتا ہوں جو لڑکیوں کے پیسوں پر پلتے ہیں۔ یہ وہ لڑکے ہوتے ہیں جن پر لڑکی پاگل ہو جاتی ہے۔ وہ کھاتے پیتے گھر سے ہو تو اپنے پیسوں سے ان لڑکوں کی عیش کرواتی ہیں اگر غریب گھرانے سے ہیں تو باقاعدہ دوسرے لڑکوں سے پیسے یا تحائف وصول کرکے اپنے من پسند لڑکے کو دیتی رہتی ہیں۔۔

میں بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ دوسری لڑکیوں کے لائف سٹائل سے متاثر ہو کر اپنی عزت داؤ پر مت لگائیں۔ آپ اگر ایسا لائف سٹائل اپنانا چاہتی ہیں تو محنت کریں اپنے مقاصد پر توجہ دیں اپنی منزل پر نظر رکھیں مسلسل محنت کریں اور جائز طریقے سے اپنی خواہشات پوری کریں۔ ان کی تکمیل کے لیے غلط راستے کا انتخاب مت کریں ورنہ برانڈڈ کپڑے، مہنگے جوتے اور آئی فون ہونے کے باوجود آپ بہت زیادہ سستی ہو جائیں گی۔ ٹکے ٹکے پر بکیں گی جھکیں گی۔۔ یقین کیجیے ضروریات کا تو مسئلہ ہی نہیں ہوتا یہ سارے بگاڑ تو خواہشات کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔۔ آپ کو کیا لگتا ہے کہ اس طرح آپ اپنے والدین کو دھوکا دے رہی ہیں؟ نہیں۔۔ ہرگز نہیں۔ اس طرح آپ صرف اور صرف اپنے ساتھ زیادتی کرتی ہیں۔ اس طرح وصول کیے جانے والے مہنگے تحائف در اصل آپ کو دو ٹکے کا بھی نہیں رہنے دیتے۔۔

لڑکیوں کے پیسوں پر پلنے والوں پر تو ہزار بار تف ہے در فٹے منہ۔۔

Check Also

Samajhdar Hukumran

By Muhammad Zeashan Butt