Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Sara Masla Roti Ka Hai

Sara Masla Roti Ka Hai

سارا مسئلہ روٹی کا ہے

کوئی مزدور ہو، غریب ہو یا پھر امیر شخص ہو۔ صبح سے شام تک ہر شخص صرف اور صرف روٹی کےلئے تگ ودو کرتا ہے، خاص طور پر ایک غریب طبقے کا دار و مدار صرف اور صرف روٹی ہے۔ وہ سکھ کی چھاؤں میں پیٹ بھر کر روٹی کھانے کےلئے سارا دن کام کرتا ہے۔ اپنے مالک یا آفیسر کے طعنے اور یہاں تک کہ گندی گندی گالیاں سنتا ہے۔ اس کے گھر موجود بیوی، بچے تو تین وقت کی روٹی سکون سے کھا لیتے ہیں مگر وہ شخص بازار میں روٹی بھی آرام سے نہیں کھا سکتا۔

ہم میں سے کتنے لوگ خریداری کرتے وقت اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ کاریگر یا ملازم یا کسی محکمے کا چپڑاسی، کوئی رہڑی والا اگر روٹی کھا رہا ہے تو صبر سے کام لیں اور تھوڑا سا انتظار کر لیں۔ اگر کچھ لوگ آپ کے ماتحت کام کرتے ہیں تو کیا آپ انہیں اتنا وقت دیتے ہیں کہ وہ تسلی سے کھانا کھا لیں؟ اگر ہاں تو آپ ایک بہترین انسان ہیں۔

میں کل دکان پر بیٹھا تھا اور دونوں کاریگر کھانا کھا رہے تھے۔ اتنے میں کچھ کسٹمر دکان میں داخل ہوئے تو ایک کاریگر کھانا چھوڑ کر اٹھنے لگا۔

ہاں بھئی؟ کہاں؟

گودا وہ گاہک۔

تو کیا ہوا؟ سارا دن اس روٹی کےلئے تو کام کرتے ہیں۔ سکون سے بیٹھ کر پہلے کھانا کھا لیں اس کے بعد پھر سارا دن کسٹمر ہی تو دیکھنے ہیں۔ میں نے کسٹمر کو کہہ دیا کہ اگر آپ انتظار کر سکتے ہیں تو بیٹھ جائیں ورنہ کسی اور جگہ سے سامان لے لیں۔ وہ اٹھ کر چلے گئے۔ میں نے دلشاد کو بھی سختی سے منع کیا ہوا ہے کہ کھانا کھانے کے دوران ہاسٹل کا کوئی کام نہیں کرنا۔ کوئی کال کرے تو انکار کر دیا کرو کہ وسیم بھائی نے منع کیا ہے، کھانے کے دوران کسی کا کوئی کام نہیں کرنا۔

اپنی عادت بنا لیں کہ کسی جگہ جائیں اور کوئی کھانا کھا رہا ہے تو اسے کبھی اٹھنے کےلئے مجبور مت کریں۔ میری تو یہ عادت ہے کہ میں پھر اسی جگہ سے خریداری کرتا ہوں اور انتظار کر لیتا ہوں کہ آپ لوگ پہلے تسلی سے کھانا کھا لیں۔ میں یہاں سے اٹھ کر نہیں جاتا کہ ان لوگوں کے زہن میں یہ بات آئے" کھانے کی وجہ سے کسٹمر چلا گیا"۔

اگر آپ کوئی کاروبار کرتے ہیں تو اپنے ملازمین کو تسلی سے کھانا کھانے دیجیے۔ اللہ تعالیٰ ایک کسٹمر خالی جانے پر آپ کو ایسے ہزاروں کسٹمر عطا فرمائے گا۔ ان شاءاللہ!بات تو ساری توکل کی ہے جب آپ کسی کو سکون سے روٹی کھانے دیں گے تو آپ کے دسترخوان پر کبھی کمی نہیں آئے گی بلکہ یہ مزید وسیع ہوتا جائے گا۔

Check Also

Ghair Islami Mulk Ki Shehriat Ka Sharai Hukum

By Noor Hussain Afzal