Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Parenting

Parenting

پیرنٹنگ

"بعض اوقات بلکہ اکثر اوقات بچوں سے زیادہ آپ کو ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جو خود کیلئے "کومفرٹ زون" پیدا کر سکتے ہیں وہی والدین بچوں کو بھی یہ مہیا کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔ "

یاد رکھیں کہ اگر بحیثیت والدین آپ خود ہی الجھنوں کا شکار ہیں تو آپ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوئی بھی بہتر فیصلہ نہیں کر سکتے۔ بعض اوقات ماں اور بچے دونوں کو بیک وقت کومفرٹ زون کی ضرورت ہوتی ہے۔

تین دن پہلے ایک مدر نے میسج کیا جو اپنے تیرہ سالہ بیٹے کو لے کر پریشان تھیں کہ وہ ہر کام ہدایات اور نصیحت کے برعکس کر رہا ہے۔ میں بہت زیادہ پریشان ہوں غصے میں بیٹے کی پٹائی بھی کر دی۔ میں نے بہت سارے میسجز کا مختصر سا جواب دیا۔

"آپ تین دن تک اپنے بیٹے کو لے کر قریبی پارک میں جائیں۔ تعلیم، سکول یا ٹیوشن وغیرہ پر تب تک کوئی گفتگو مت کریں جب تک آپ کا بیٹا خود اس سلسلے کا آغاز نہ کرے۔ بس پارک جائیں اور اسے اپنی مرضی کی حرکتیں اور شرارتیں کرنے کا موقع دیں۔ وہ جیسی گفتگو کرنا چاہتا ہے اس سے وہی گفتگو کریں اور یاد رکھیں یہ تین دن کی ایکٹیویٹی صرف آپ کے بیٹے کیلئے نہیں بلکہ آپ کیلئے بھی ضروری ہے"۔

انہوں نے میری بات پر عمل کیا اور دو دن بعد مجھے میسج کیا۔

"آج پارک میں ہمارا دوسرا دن تھا۔ بیٹے نے خود ہی اپنے سکول اور ٹیوشن پر گفتگو شروع کر دی۔ اپنی رائے دی اور مجھ سے میری مرضی بھی پوچھنے لگا۔ دو دن میں ہی سو فیصد تو نہیں مگر اسی فیصد تک ہمارا باہمی مسئلہ حل ہو گیا ہے اور ہم دونوں نے مل کر سکول ٹیوشن کے حوالے سے وہ حتمی فیصلہ کر لیا ہے جس پر ہم دونوں ہی متفق ہیں۔ میں نے بیٹے میں اور خود میں بہت زیادہ پازیٹیو چینج محسوس کیا۔ بہت شکریہ سر"۔

تو کبھی کبھی آپ کے بچے کو نصیحت اور مار پیٹ کی بجائے صرف اور صرف ایک آزاد ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب آپ خود بھی کسی پریشانی میں مبتلا ہیں یا نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں تو آپ کی فیصلہ کرنے کی قوت کمزور پڑ جاتی ہے۔ پر سکون ہوں تاکہ "پرابلم سالونگ سکلز" بر وقت کام کر سکیں اور آپ اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ یہ دو دن دراصل ماں اور بچے کو بے فکری کے لمحات مہیا کرنے کے لیے تھے۔

بعض اوقات "کمیونیکیشن گیپ" بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آپس میں گفتگو تو ہوتی ہے مگر کام کے یا مجبوری کے تحت، پر سکون ماحول میں والدین اور بچوں کے درمیان ہونے والی بے تکی اور نٹ کھٹ سی گفتگو کئی مسائل کا بہترین حل ہے۔

Check Also

Aalmi Siasat 2024, Tanz o Mazah Ko Roshni Mein

By Muhammad Salahuddin