Thursday, 09 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Wasim Qureshi/
  4. Muhabbat Aur Depression (4)

Muhabbat Aur Depression (4)

محبت اور ڈپریشن (4)

ایک لڑکا کہنے لگا کہ وہ در اصل اب لڑکی سے بدلا لے رہا ہے اس پر خرچ کی گئی اپنی رقم واپس لے رہا ہے اسی لیے سب کچھ جاننے کے باوجود اس کے ساتھ ہے۔ جیسے ہی رقم پوری ہو جائے گی تو پیچھے ہٹ جائے گا۔

میں نے مسکراتے ہوئے کہا "خود کے ساتھ اس سے بڑا ظلم کوئی نہیں ہو سکتا۔ بدلہ اسے نہیں کہتے جو تم کر رہے ہو بلکہ میری نظر میں بہترین بدلہ تو یہ ہے کہ انسان خاموشی سے راستے جدا کرے اور آگے بڑھ جائے۔ اپنی زندگی میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے۔ پیچھے مڑ کر دیکھنا بھی گوارا نہ کرے اور ایک دن کسی بڑے مقام پر پہنچ جائے"۔

تم جانتے ہو کہ جو "پیزے" اب تم اس کی رقم سے کھا رہے ہو وہ رقم کہاں سے اور کیسے حاصل کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود اگر وہ پیزے تم سے ہضم ہو جاتے ہیں تو اس لڑکی کو بعد میں پہلے خود کو گھٹیا سمجھو۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ اس وقت مختلف لڑکوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کر رہی ہے تم بھی لگے ہوئے ہو اور سمجھتے ہو بدلہ لے رہے ہو؟ پھر ایسی سوچ اور بدلے پر ہزار بار لعنت ہے۔ تلخ ہو رہا ہوں لیکن معذرت نہیں کروں گا کہ اس وقت تمہیں جھنجھوڑنا ضروری ہے۔ تم کہتے ہو اس کے پاس تمہاری نیوڈ ویڈیوز ہیں اور تمہارے پاس بھی اس کا ایسا مواد موجود ہے۔ ایسا مواد سنبھال کر رکھنے والے لڑکے اور لڑکیاں دونوں مجھے زہر لگتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لو اور سب کچھ چھوڑ کر آگے بڑھ جاؤ۔ بدلہ لینے کی آگ میں مزید گناہوں کو دعوت دینا ہرگز عقل مندی نہیں بے۔ جیسے وہ تمہاری نظر میں گھٹیا ہے اسی طرح خود کی ذات پر بھی سوالیہ نشان لگا دینا چاہیے کیونکہ تم کون سا کسی حلال رشتے میں تسکین حاصل کر رہے ہو؟ تم ایک کے ساتھ ناجائز تعلق میں ہو وہ پانچ کے ساتھ ہے تو بھی تم دونوں میں کیا فرق ہے؟ دونوں ہی اپنی اپنی جگہ غلط ہو۔ تم کہتے ہو تم نے اس سے محبت کی ہے تمہارا یقین توڑا گیا ہے تمہیں تکلیف پہنچائی گئی ہے تو سمجھدار انسان کے لیے تو یہ بہت اچھی بات تھی کہ اللہ تعالیٰ نے حقیقت عیاں کر دی تھی سب کچھ جاننے کے بعد محبت سے پیچھے ہٹ جانا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

ذہن نشین کر لیجیے کہ گند سے مقابلہ نہیں کیا جاتا بلکہ اس سے محتاط رہنا زیادہ بہتر ہے۔ آپ راہ چلتے ہوئے سامنے پڑے گند کے ڈھیر میں گھس کر خود کو صاف ستھرا نہیں رکھ سکتے البتہ ایک طرف ہو کر گزر سکتے ہیں۔ اپنے آپ کو بچا سکتے ہیں۔ آپ کو کسی کے کردار کا علم ہو جائے تو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو جاتی ہے اگر سب کچھ جانتے ہوئے بھی آپ اسی گند میں رہنا پسند کرتے ہیں تو مان لیجیے آپ خود بھی گندے ہی ہیں پھر خود کو صاف ستھرا یا پارسا سمجھنے کی کوشش مت کریں۔۔

خیر آپ سے زندگی میں ایسی کوئی غلطی ہوگئی ہے یا پھر ایسے کسی حادثے سے گزر رہے ہیں تو آج ہی سب سے پہلے اللہ تعالٰیٰ سے معافی مانگ لیں اور آنے والی زندگی کو بہتر سے بہترین بنانے کا عزم کر لیجیے۔۔ غلطیوں سے سیکھنے کے بعد ایسی غلطی سے ہمیشہ دور رہنے والے انسان ہی کہلاتے ہیں لیکن ایک غلطی سے نکل کر دوسری پھر تیسری اسی طرح غلطیوں کی زد میں رہنے والے انسان ہی نہیں رہتے۔

اس لڑکے نے مجھ سے کئی مرتبہ ہونے والی ملاقاتوں اور گفتگو کے بعد آخر کار فیصلہ کر لیا۔ میرے کہنے پر سب سے پہلے اللہ تعالٰیٰ سے معافی مانگی اس کے بعد اس لڑکی سے رابطے ختم کیے اسے ہر جگہ سے بلاک کر دیا اس کا نیوڈ مواد ڈیلیٹ کر دیا جو وہ اس وجہ سے نہیں کرنا چاہتا تھا کہ کل وہ لڑکی اسے بلیک میل کرنے لگے تو وہ بھی جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ میں نے سمجھایا کہ تم ڈیلیٹ کر دو اس کے بعد اللہ تعالٰی پر یقین رکھتے ہوئے آگے بڑھ جاؤ کوئی تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا انشاءاللہ۔۔

سب کچھ ڈیلیٹ کرنے اور بلاک کرنے کے بعد اس نے ڈبل ڈیوٹی شروع کر دی۔ صبح نو بجے سے رات ایک بجے تک مسلسل جاب کی اور خود کو انتہائی مصروف رکھا۔ پندرہ دن بعد کہنے لگا " وسیم بھائی! اب زندگی سے محبت ہونے لگی ہے اب احساس ہوا کہ وہ وقت میں نے ضائع کر دیا میں تب بھی بہت کچھ کر سکتا تھا۔ اب سارے دن کی مصروفیات میں ایسا کوئی منفی خیال مجھے تنگ نہیں کرتا میری آمدن بڑھ گئی ہے اب فری وقت میں اپنے مستقبل کے فیصلوں پر توجہ دیتا ہوں۔ کمیٹیاں ڈالی ہیں پیسے اکٹھے کر رہا ہوں پھر شادی کر لوں گا ان شاءاللہ۔۔ مسلسل تین ماہ اسی طرح مصروف رہنے کے بعد اب وہ کسی اور اچھی جگہ پر ایڈجسٹ ہوگیا ہے۔۔

ایک بات یاد رکھیں کہ آپ کا دل ہمیشہ گواہی دیتا ہے وہ بتاتا ہے کہ آپ فلاں جگہ پر غلط ہیں آپ غلط فیصلہ کر رہے ہیں غلط شخص کے ساتھ چل رہے ہیں لیکن آپ دل کی آواز کو دبا کر بس اپنی وقتی تسکین حاصل کرنے کے فیصلے کر لیتے ہیں۔ یہاں سے ہی آپ کی تباہی شروع ہو جاتی ہے۔ جب تک آپ اپنی زندگی میں سٹینڈرڈ اور ویلیوز سیٹ نہیں کریں گے تب تک ایسا ہی ہوتا رہے گا۔ اپنے کردار کو مضبوط بنائیں آج ہی فیصلہ کریں کہ آپ نے کبھی کسی غلط شخص کے ساتھ نہیں چلنا کبھی کسی کی ناجائز خواہشات یا طلب کو پورا نہیں کرنا۔ جس کے ساتھ آپ کی یا آپ کے ساتھ جس شخص کی خواہشات وابستہ ہیں عہد کر لیں اگر ان کی تکمیل ہوگی تو صرف اور صرف حلال طریقے سے ورنہ ایسی ہر آرزو پر لعنت بھیجیں گے۔۔

یہ فیصلہ کر لیں پھر کبھی کوئی شخص آپ کو بہکا کر کسی دلدل میں نہیں اتار سکتا۔۔

Check Also

Kya Aap Ki Job Mehfooz Hai?

By Qamar Naqeeb Khan