Muhabbat Aur Depression (2)
محبت اور ڈپریشن (2)
"وسیم بھائی وہ کہتی تھی کہ تم تو دودھ دہی کا کام کرتے ہو، میں ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہوں، تم میرے قابل تم میرے سٹینڈرڈ کے نہیں ہو۔ خدا نہ کرے میں تم سے شادی کر لوں تو تمہارے کپڑوں سے آنے والی بدبو سے ہی میرا دم گھٹ جائے گا"۔
وہ یہ سب کچھ بتاتے ہوئے شدت سے رو رہا تھا۔ میری عادت ہے کہ میں رونے والے کو درمیان میں تنگ نہیں کرتا بلکہ چاہتا ہوں کہ سامنے والا اچھی طرح رو لے۔ جو آنسو ضبط کر لیے جائیں وہ زیادہ تکلیف دہ ہوتے ہیں جب کہ وہ آنسو جو آنکھوں سے بہہ جائیں وہ انسان کو ہلکا پھلکا کر دیتے ہیں۔ ان آنسوؤں کے ساتھ محبت اور ہجر یا دھوکہ پر مشتمل گرد بھی بہہ جاتی ہے اور انسان اندر سے صاف ہو جاتا ہے۔ جب میں خود اس فیز سے گزر رہا تھا تو میری یہی خواہش ہوتی تھی کہ میں جی بھر کر آنسو بہا دوں۔ اسی وجہ سے میں دو ماہ فلیٹ کی چھت پر ساری رات روتا رہتا تھا۔۔
جب یہ لڑکا جی بھر کر رو لیا تو میں نے کہا اب خاموش ہو جائیں۔ میں اس لڑکے کو ذاتی طور پر جانتا تھا۔ صاف ستھرا، با اخلاق اور با کردار لڑکا۔ انتہائی محنتی اور بڑے خواب دیکھنے والا لڑکا۔ مجھے اس کم ظرف لڑکی پر افسوس ہو رہا تھا جس نے اس ہیرے کو دھتکار دیا مگر بہت اچھا ہوا کیوں کہ ہیرے کیچڑ میں نہیں اچھے لگتے۔ میں نے کہا "میرے بھائی جو لڑکی آپ کو محنت کرکے حلال کمانے پر طعنے دے گئی۔ جس لڑکی کو آپ کے اندر کا ہیرو اور ہیرا نظر نہیں آیا۔ آپ ایک ایسی لڑکی کیلئے رو رہے ہیں؟
فرض کریں آپ کی اس سے شادی ہوگئی اور وہ آپ کی قدر نہیں کرتی۔ بات بات پر آپ کو طعنے دے کر آپ کی ذات کو کچلنے کی کوشش کرتی ہے۔ آپ اسے دیکھ دیکھ کر جیتے ہیں اور وہ آپ کو دیکھ کر نظریں پھیر رہی ہے۔ پتا ہے؟ ہمارے اندر کیڑے نکالنے والا پارٹنر ہماری قابلیت، صلاحیت اور شخصیت کو دیمک کی طرح چاٹ کھاتا ہے۔ وہ ہماری خوشیاں اور سکون کو جونک کی طرح چوس لیتا ہے۔ میرے بھائی نا قدری کا دکھ ہجر کے غم سے زیادہ بڑا ہے"۔
آج اگر آپ اس شخص کے پیچھے خود کو تباہ کر لیں گے تو آپ اپنے ہی منہ پر تھپڑ رسید کریں گے۔ خود کو کبھی بھی اس مقام پر لے کر نہ جائیں جہاں آپ کو چھوڑ کر جانے والا جب آپ کو دیکھے تو کہے"اے اللہ تیرا شکر ہے کہ میں آج اس شخص کے ساتھ نہیں ہوں ورنہ میری تو زندگی تباہ ہو جاتی بل کہ خود کو اس مقام پر لے کر جائیں جہاں آپ کو چھوڑ کر جانے والا آپ کو دیکھ کر آہ کرے خواہش کرے کہ کاش آج میں اس شخص کے ساتھ ہوتا یا ہوتی تو میری زندگی سنور جاتی۔ میں نے عیش کرنی تھی"۔۔
خود کو ترس، ہمدردی یا رحم کے قابل مت بنائیں۔ مضبوط بنو یار۔ کئی راستے آپ کے منتظر ہیں اور کئی منزلیں آپ کے قدم چوم کر خود کو بڑی منزل سمجھنے کا احساس چاہتی ہیں۔ بہترین بدلہ ہمارے چہرے کی مسکراہٹ ہے خود کو چھوڑ کر جانے والوں سے ہمیشہ مسکرا کر ملیں پھر چاہے تنہائی میں دیواروں کو پکڑ کر رو لیں۔ مگر کسی کم ظرف شخص کے سامنے آنسو بہا کر ان کی قیمت مت لگائیں ورنہ احساسات بے مول ہو جائیں گے۔
آپ اپنے جیسی کوئی ڈیزرو کرتے ہیں جو محنت کرکے حلال کمانے اور کھلانے والے کی قدر کرتی ہو۔ جو اپنی آنے والی نسلوں کو حلال کا لقمہ کھلا کر ان کی بہترین تربیت کرنے کی خواہش مند ہو۔ جو جانتی ہو کہ محنت کرنے والا مرد کبھی بیوی بچوں کو بھوکا پیاسا نہیں رہنے دیتا۔۔ اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں آپ کے جیسی ہی کوئی یقیناً آپ کی منتظر ہوگی بس اللہ تعالیٰ پر اپنا فیصلہ چھوڑ کر آگے بڑھ جائیں۔
نئے راستے تلاش کرو، نئے خواب دیکھو ان کی جستجو اور جدوجہد میں خود کو مصروف کر لیں۔ جوان کی جوانی اگر ایک لڑکی کی خاطر روتے گزر جائے تو اس کا بڑھاپا اور اس کی نسلوں کا مستقبل خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ خود پر اور اپنی جوانی پر رحم کریں۔ مسکراہٹ آپ کا مقدر، سکون آپ کا اثاثہ اور کامیابیاں آپ کی دوست ہوں۔۔
دو ماہ بعد پھر اس لڑکے سے رابطہ ہوا۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھ رہا ہے۔ خوش ہے مطمئن ہے۔ دودھ دہی کا کام بھی کر رہا ہے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ بھی سیکھ رہا ہے اور اپنا فوٹو اسٹیٹ کا بزنس بھی شروع کر دیا۔ ماشاءاللہ ماشاءاللہ اپنے جیسی ہی اپنی ایک کزن سے شادی کرنے والا ہے۔
چھوڑیں یار یہ عشق محبت کی باتیں یہ رونا دھونا یہ ملال۔۔ کچھ ایسا کریں کہ آپ کو چھوڑ کر جانے والے ماتم کریں آپ نہیں۔۔