Wednesday, 22 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Muhabbat Aur Depression (1)

Muhabbat Aur Depression (1)

محبت اور ڈپریشن (1)

بس ان دو باتوں پر عمل کر لیں۔ جب بھی کسی نے رابطہ کیا کہ ہم محبت کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہیں تو میں مختصرََ دو باتیں کہتا ہوں۔ " چار سے چھ ماہ کےلئے خود کو حد سے زیادہ مصروف کر لیں"، " پہلی فرصت میں اس شخص کو وٹس ایپ، فیس بک اور ہر جگہ سے بلاک کرکے اپنے پاس موجود اس کا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کریں، کوئی ایک تصویر یا میسج بھی باقی نہ رہے"۔

خود کو مصروف کرنا ایک بہترین حل ہے کہ پھر آپ کے پاس اتنا فضول وقت ہی نہیں ہوتا کہ آپ بیٹھ کر سوچتے رہیں۔ مجھ میں کیا کمی تھی؟ مجھ میں کیا خامی تھی؟ میں زندہ کیسے رہوں گا، کیسے زندگی گزاروں گی؟ وغیرہ وغیرہ مصروفیت کے باعث انسان کا مائنڈ ڈائیورٹ ہو جاتا ہے۔ اس کی توجہ کسی اور طرف ہوتی ہے۔ اسی مصروفیت کے بہانے وہ مختلف لوگوں کے ساتھ کنیکٹ ہوتا ہے۔ جب کہ ویلا بیٹھا شخص تنہائی کے ساتھ ساتھ وسوسوں اور وہم میں مبتلا رہتا ہے۔ مصروف شخص اس صدمے سے با آسانی نکل جاتا ہے جب کہ تنہائی پسند اور ویلے لوگوں کی زندگی بیت جاتی ہے۔

مصروفیات کئی طرح کی ہو سکتی ہیں۔ آپ سٹوڈنٹ ہیں تو ساتھ کوئی جاب شروع کر دیں۔ سوشل ہو جائیں، کالج اور یونیورسٹی میں مختلف کلب یا سوسائٹی کے ممبر بن جائیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ ایسے گروپس جوائن کر لیں جہاں سائنس، ٹیکنالوجی، فلسفہ یا نفسیات پر گفتگو ہوتی ہے۔ کچھ نیا سیکھنے پر لگا لیں خود کو۔ کسی جگہ بنا تنخواہ کے کام شروع کر دیں۔ کوئی انٹرنشپ شروع کر دیں۔ کتابیں خرید لیں ان کا مطالعہ شروع کر دیں۔ لٹریچر یا ریسرچ آرٹیکل پڑھنا عادت بنا لیں۔ واک ورزش شروع کر دیں۔ ایک ڈائری لیں اور اس پر اپنے اچھے دن اور اچھے وقت کی یادیں لکھا کریں، ان چہروں پر لکھیں جن کی وجہ سے آپ کی زندگی حسین ہے، جن کے توسط سے آپ کو خوشیاں ملی ہیں۔

آپ گھریلو خاتون ہیں تو ککنگ کو اپنا مشغلہ بنا لیں۔ روز کوئی نئی ڈش سیکھنے پر توجہ دیں۔ اس کا طریقہ کار درج کریں۔ آپ کے پاس وسائل نہیں ہیں تو سستی ڈشز کی بھی لاتعداد ریسیپیز موجود ہیں۔ ورنہ طریقہ کار تو سیکھ لیں زندگی میں یہ علم اور سکلز آپ کے کام ضرور آئیں گے۔ بچوں یا سنگل ہیں تو بہن بھائیوں کے ساتھ ایک شیڈول بنائیں، مختلف ایکٹیویٹیز کریں جن سے آپ کا وقت ضائع ہونے کی بجائے بہترین استعمال ہو اور بہن بھائیوں یا بچوں کو بھی کچھ نیا سیکھنے کو ملے۔ فیملی کو وقت دیں۔

ایک کمرے میں خود کو قید کرنے سے محبت کی بلائیں آپ سے دور نہیں بلکہ مزید قریب ہو جائیں گی، جب کہ فیملی کو وقت دیں گے تو یہ ڈپریشن اور وسوسے جلد آپ کی جان چھوڑ دیں گے۔ یوٹیوب کا سہارا بھی لیا جا سکتا ہے۔ گھر پر ٹیوشن سینٹر بھی کھولا جا سکتا ہے۔ بیوٹی پارلر بھی ممکن ہے۔ کوئی آن لائن کام بھی کر سکتی ہیں۔ کرنے کو بہت کچھ ہے اگر کرنا چاہیں تو۔ ہر جگہ سے بلاک کرنا اس لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس واپسی کا کوئی راستہ یا دروازہ موجود نہ ہو تبھی آپ نئے راستے اور منزلیں تلاش کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ہم بڑی غلطی یہ کرتے ہیں کہ تصاویر سنبھال کر رکھتے ہیں، پرانی چیٹ یا میسج بار بار پڑھتے ہیں اور پھر کہتے ہیں" میں اسے نہیں بھول سکتا، وہ میرے دماغ اور دل سے نہیں نکل رہا"۔ جب آپ روز کسی کو دیکھیں یا اس سے ہونے والی گفتگو پڑھیں گے تو آپ اسے دل و دماغ سے کیسے نکال سکتے ہیں؟ آگے بڑھنے کیلئے کسی کو بھول جانا پہلی شرط ہے اور کسی کو بھولنے کیلئے اس سے جڑی یادیں اور مواد دفن کرنا لازم ہے۔ مشکل ضرور ہے مگر نا ممکن نہیں ہے۔ یقین کریں کہ آپ اس شخص کو ہر جگہ سے بلاک کرنے کے بعد سارا مواد ڈیلیٹ کریں اور پھر خود کو اس طرح مصروف کر لیں جیسا میں نے اوپر کہا ہے تو آپ تین سے چار ماہ کے دوران ہی خود کو ریکور کر سکتے ہیں۔

آپ بہت انمول ہیں خود کو سستا اور بے مول مت کریں۔ آپ ایک مکمل انسان ہیں خود میں خامیاں تلاش کرنے کی کوشش مت کریں، وہ بھی اس انسان کی وجہ سے جو خود ایک سستا شخص تھا۔ اگر آپ کسی کے ساتھ وفادار اور سنجیدہ تھے لیکن وہ آپ کو چھوڑ گیا ہے تو کمی آپ میں نہیں بلکہ جانے والے میں تھی اور وہ آپ کو ڈیزور نہیں کرتا تھا۔ آپ اپنے جیسے کسی شخص کو ڈیزور کرتے ہیں جو پھر کسی موڑ پر آپ کو مل جائے گا۔ یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیں اور آپ صرف اپنے خواب اور مقاصد پر توجہ دیں۔

اپنی زندگی کے اندھیروں میں بھی اتنی گنجائش ضرور رکھیں کہ کوئی چراغ اگر روشنی بکھیرنا چاہے تو راستہ تنگ نہ ہو۔

Check Also

Zameen Apne He Bachon Par Tang Hai

By Wusat Ullah Khan