Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Followers Barhao Tehreek

Followers Barhao Tehreek

فالوورز بڑھاؤ تحریک

میسنجر میں آ کر فالوورز بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرنے والوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے کہ ہماری پوسٹ لگا دیں تاکہ ہمارے فالوورز میں اضافہ ہو جائے اور اس طرح ہماری حوصلہ افزائی کریں۔ میرا ماننا ہے "فالوورز" ان کو کہتے ہیں۔ جو آپ کی شخصیت، گفتگو، انداز بیان، قابلیت، صلاحیت یا آپ کے کام کی وجہ سے آپ کو "فالو" کرتے ہیں۔ زبردستی یا کسی شارٹ کٹ کے نتیجے میں آنے والے فالوورز کی تعداد ایسے ہی ہے۔

جیسے آپ ہجوم کے درمیان کھڑے ہو کر چیخیں چلائیں" وہ والا، وہ فلاں شخص میں ہی ہوں۔ میری طرف دیکھیں" یقین کریں، ایسی فین فالونگ سے آپ اپنی شناخت بناتے نہیں بلکہ کھو دیتے ہیں۔ میں نہیں جانتا میرے بیس ہزار فالوورز کس طرح ہو گئے؟ میں بس اتنا جانتا ہوں کہ میں نے دن رات محنت کی ہے۔ زیرو سے شروع ہونے والے اس سفر میں ایک بار بھی کسی سے فالوورز نہیں مانگے۔

لاتعداد آرٹیکلز لکھے بے شمار ویڈیوز بنائیں۔ بہت سے گروپس میں باقاعدہ پوسٹ کرتا رہا۔ ان بیس ہزار فالوورز میں کوئی ایک بھی فیک نہیں ہے۔ کاپی پیسٹ یا چرائے ہوئے مواد کی وجہ سے نہیں ہے۔ یہاں تک کہ اس وال پر آپ کو نناوے فیصد سے زیادہ میری ذاتی تحریریں اور ویڈیوز ہی ملیں گی۔ اس کے پیچھے کئی رت جگے ہیں۔ حادثے ہیں تجربے ہیں۔ طعنے ہیں بہت سے جملے ہیں، بہت ساری قربانیاں ہیں، جن کے بعد آج یہ مقام ملا ہے۔

ڈیڑھ دو سال پہلے کی پوسٹس مجھے یاد ہیں، تب بیس پچیس ری ایکٹس ہی کل اثاثہ تھے۔ کبھی ہمت نہیں ہاری کبھی چور دروازے کا انتخاب نہیں کیا بلکہ اس بات پر یقین رکھتے ہوئے چلتا رہا " زندگی کی طرح کامیابی بھی جہد مسلسل کا نام ہے۔ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ یہ ایک مکمل سیڑھی ہے۔ جس کے دوسرے قدم پر جانے کے لیے پہلا قدم شرط ہے اور تیسرے کیلئے دوسرا قدم لازم ہے۔ ہر اگلے قدم پر رکاوٹیں، مشکلیں اور اذیتیں استقبال کے لیے موجود ہیں۔

لیکن آپ اگر ان کا سامنا کریں گے ہنستے ہوئے برداشت کر لیں گے اور منزل پر فوکس کرتے ہوئے چلتے رہیں گے تو راستے بھی آپ کے ہیں منزلیں بھی آپ کی ہیں۔ کامیابی پھر آپ کے قدم چومے گی لیکن پہلے خود کو ثابت کرنا ہوگا" آپ دوسروں کے ہزاروں فالوورز کو توجہ کا مرکز بناتے ہیں تو اس سے پہلے یہ سوچا کریں، اس مقام تک آنے کے لیے قربانیاں کتنی دی گئیں؟ محنت لگن اور فوکس کیا تھا؟ کامیابی کے تمام اصول منزل پر نہیں بلکہ راستے کی مشکلات پر لکھے گئے ہیں۔

آپ کو وہاں سے گزرنا پڑے گا۔ میں نے جب زیرو سے شروع کیا تھا، تو مجھے یاد ہے ہر ایک فالور کو میں اپنی کامیابی تصور کرتا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا تھا۔ آپ سینکڑوں یا ہزاروں تک جانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے" ایک" کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اسے انجوائے کریں، اس پر شکر ادا کریں۔ ڈائریکٹ ہزاروں پر ٹکائی گئی نظریں آپ کو مایوسی میں مبتلا کریں گی یا شارٹ کٹ پر قائل کر لیں گی۔

اپنی پہچان بنائیں اور پکی پکائی دیگ کھانے سے پرہیز کریں۔ یقین کیجیے دس بیس ہزار فالوورز ہوں، مگر آپ کی پہچان نہ ہو، آپ سے واقف نہ ہوں تو کسی کام کے نہیں، اپنی محنت، قابلیت، صلاحیت اور کام سے حاصل کیے گئے پانچ ہزار فالوورز زبردستی کے پانچ لاکھ سے زیادہ اہم ہیں۔ اوریجنل رہیں گے تو مطمئن رہیں گے۔

Check Also

Molvi Abdul Salam Niazi

By Zubair Hafeez