Wednesday, 22 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Chote Qadam

Chote Qadam

چھوٹے قدم

مجھے جس دن ایک نیا سبسکرائبر ملتا ہے، میں اس دن کو بھی اپنا کامیاب دن تصور کرتا ہوں۔ مجھے خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ میری نظر میں ہم ایک فیصد بھی آگے بڑھیں تو یہ بھی کامیابی ہے۔ جیسے واصف علی واصف صاحب فرماتے ہیں " یقین کے ساتھ منزل کی جانب اُٹھایا گیا ہر قدم منزل ہے اور کامیابی بھی"۔ کئی لوگوں نے کئی بار مشورہ دیا کہ مرچ مصالحہ لگایا کریں جیسے اینکرز شور مچا دیتے ہیں، یوں جلد چینل کامیاب ہو جاتا ہے لیکن ضمیر نے کبھی اس بات کی اجازت نہیں دی۔

اندر سے ایک آواز آتی ہے کہ" نہیں، اپنے مفاد کیلئے کبھی معاشرے کو گھٹن زدہ نہیں بنانا، لوگوں کیلئے پریشانیاں کم کرنے کی کوشش کرنی ہے ان کی فرسٹریشن میں اضافہ نہیں کرنا"۔ میں اکثر اپنے یوٹیوب چینل کے پارٹنر جو میرے قریبی دوست بھی ہیں، آصف صدیقی کو بھی یہی کہتا ہوں کہ ہر کام میں وقت لگتا ہے۔ ہم نے مایوس نہیں ہونا، ہمت نہیں ہارنی۔ ہم دن بہ دن اوپر جا رہے ہیں اور یہی ہماری کامیابی ہے۔

اشفاق احمد بھی یہی کہتے ہیں " ہم بہت بڑے بڑے حدف بنا لیتے ہیں، جبکہ ہمیں چھوٹے چھوٹے کام ہی بڑے حدف حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں، تو اپنی زندگی میں چھوٹے چھوٹے کام کیا کریں یہ زیادہ اہمیت کے حامل ہیں "۔ کسی دن پچیس تو کبھی پندرہ سبسکرائبر بھی مل جاتے ہیں، ایک ایک ویو پر خوشی کا اظہار کرنا اور مسکرانا میری عادت ہے۔ میں کہتا ہوں چھوٹی سی بات پر خوش ہونا اور چھوٹی کامیابی پر مسکراتے رہنا آپ کو مزید انرجٹک بنا دیتا ہے، جبکہ مایوسی آپ سے آپ کا اوریجنل چھین لیتی ہے۔

سیکس ایجوکیشن اور پورن انڈسٹری پر ویڈیوز بنائی تو اس میں بھی مثبت پیغام دیا اور لوگوں کی رہنمائی کی۔ بلکہ میں جب لوگوں کے تھمب نیل دیکھتا ہوں تو مجھے افسوس ہوتا ہے کہ چند پیسوں کیلئے ہم کس حد تک گر جاتے ہیں، وجہ صرف اتنی ہے کہ ہم نے کسی بھی طرح دولت کمانے کو اپنا حق اور جائز طریقہ سمجھ لیا ہے۔ اسی وجہ سے حرام اور حلال کا فرق ختم ہو گیا ہے۔ آپ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کر کے بھی کما سکتے ہیں بلکہ اس سفر میں اللہ تعالیٰ کی ذات پارٹنر بن جاتی ہے۔

وقتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آپ کی منزل خوب صورت ہوتی ہے۔ کامیابی دیر سے ملتی ہے لیکن حقیقی کامیابی حاصل کرنا ہی تو کامیابی ہے، ورنہ دولت تو چور ڈاکو، بدمعاش، غنڈے سب ہی حاصل کر رہے ہیں مگر وہ کامیاب نہیں بلکہ ان کا ہر قدم بد ترین ناکامی کی طرف اُٹھ رہا ہے۔

Check Also

Yaseen Ansari, Azm o Hoslay Ki Dastan

By Azhar Hussain Azmi