Bare Logon Ki Khubiyan
بڑے لوگوں کی خوبیاں
بڑے لوگوں کی ایک خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنا ماضی کبھی نہیں بھولتے، وہ اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، وہ اپنے بیک گراؤنڈ کو گالی نہیں سمجھتے بلکہ اپنے بیک گراؤنڈ اور مشکل وقت کو اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہیں۔ کل کے سیمینار میں کچھ ایسا ہی روح پرور منظر دیکھنے کو ملا جب تھری پیس سوٹ پہنے ایک ادارے کے ڈائریکٹر اور سافٹ ویئر کمپنی کے اونر نے بھرے مجمعے میں اپنی زندگی کے اس وقت سے پردہ ہٹایا جب وہ ایک مزدور تھا، جب اس نے اپنا سفر زیرو سے شروع کیا تھا۔
اچانک سے پورے ہال کا منظر بدل گیا جب اس شخص نے مائیک پر کہا" یہاں اس ہال میں میرا چھوٹا بھائی موجود ہے اور میں چاہوں گا کہ وہ سٹیج پر تشریف لے آئے"۔ سب کی نظریں سامعین کی طرف تھیں اور میرے خیال میں سب نے اپنی اپنی مرضی کا عکس بنایا ہوگا کہ ان کا بھائی ایسا ہوگا، لیکن ایک انتہائی سادہ سا لڑکا جو سادہ لباس میں ملبوس تھا اور پاؤں میں عام سی کھیڑی پہنی ہوئی تھی۔ وہ سٹیج کی طرف جاتا ہے اور امتیاز صاحب اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے گلے لگاتے ہیں اور مائیک پر کہتے ہیں۔
" یہ میرا چھوٹا بھائی ہے جس نے اپنے وقت پر حالات کی زد میں خود کو قربان کر دیا اور مزدوری کر کے گھر سنبھالا تاکہ میں اپنی تعلیم اور اپنے شوق جاری رکھوں، یوں اس چھوٹے بھائی نے چھوٹا ہونے کے باوجود بڑے بھائی کا کردار ادا کیا"۔ یہ وہ جملے تھے یہ وہ لمحات تھے جن سے میں خود بہت زیادہ موٹیویٹ ہوا، مجھے انسپائریشن ملی۔ کہنے والے کی آنکھیں جذبات میں بھیگ رہی تھیں اور میں سنتے وقت اپنے آنسو مشکل سے روک پایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک اور شخص کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی اور کہا" یہ وہ شخص ہے جو مجھے یہاں تک لے کر آیا تھا ورنہ میں لاہور میں مزدوری ہی کرتا رہتا۔ تب میں 5500 روپے ماہانہ پر کام کرتا تھا۔
یقین کیجیے ایسے ہی لوگ زندگی میں آگے بڑھنے کی قابلیت رکھتے ہیں جو اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ جو اپنے مشکل وقت سے سیکھتے ہیں۔ مشکل وقت ہوتا ہی سیکھنے کیلئے ہے۔ جب آپ کسی مقام پر پہنچ جائیں گے تو آج کی گئی مزدوری، کاٹے گئے فاقے، راتوں کا جاگا، یہ تھکاوٹ، یہ طنزیہ جملے، لوگوں کی باتیں یہ سب آپ کو لطف اندوز کریں گے۔ آپ اس سب کو یاد کر کے مسکرائیں گے کہ ہم کہاں سے کہاں تک اور کیسے آئے ہیں؟ خالی ہاتھ کامیابی کے سفر پر روانہ ہونے والے ہی منزل پر پہنچنے کا لطف اٹھاتے ہیں، مشکلات سے گزر کر ہی آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔
یہ مشکل وقت ہی آپ کی کامیابی کو رنگیں کر سکتا ہے۔ بس حوصلہ بلند رکھیں، چلنا شرط ہے، ثابت قدم رہنا شرط ہے۔ مسافر نے سفر جاری رکھا ہو تو آسانیاں اور کامیابی کے اسباب خود پیدا ہوتے ہیں۔ منزلیں کوشش، محنت اور جدوجہد کرنے والوں کا مقدر بنتی ہیں۔ سہولیات کی کمی کو کامیابی کی راہ میں حائل رکاوٹ مت جانیے بلکہ یہ تو آپ کو سہولیات پیدا کرنے، نئے راستے تلاش کرنے، نئی منزلوں پر قدم رکھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ دیتی ہیں۔
یہ وہ ٹول ہیں جو آپ کو کامیابی کا راز بتاتے ہیں کہ تمہارے پاس کچھ نہیں تو بڑے خواب دیکھنے والے بڑے مسافر بن جائیں، وہ مسافر جس کے خواب اسے جاگنے پر مجبور کرتے ہیں تاکہ وہ خوابوں کی تعبیر کیلئے کام کرے۔ اپنی ہر ممکن کوشش سے پہلے تقدیر کو الزام دینا سست اور نکمے لوگوں کی عادت ہوتی ہے۔ ورنہ بڑے لوگ اپنے حصے کا کام کرتے ہیں، کوشش، جدوجہد اور محنت میں مصروف رہتے ہیں وہ نتائج کی فکر سے بالاتر ہو کر سوچتے ہیں کہ وہ جانتے ہیں نتائج ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں مگر کوشش ان کے ہاتھ میں ہے تو وہ صرف اپنے حصے کا کام کرتے ہیں۔
دعائیں لیجیے، کیوں کہ کرم کے بنا محنت کسی کام کی نہیں ہے۔ جب کرم اور عطا شامل ہو جائیں تو طویل راستہ مختصر ہو جاتا ہے اور کامیابی کم وقت میں حاصل ہو جاتی ہے۔ اپنے کام میں انسانیت کو شامل کیجیے یہ سوچ آپ کو بھٹکنے سے اور خود غرض ہونے سے بچائے گی۔ کیوں کہ" میں " کبھی کامیاب نہیں ہوتی اور" ہم" کبھی ناکام نہیں ہو سکتے۔ اس خوب صورت منظر کی مختصر سی ویڈیو بھی شیئر کر رہا ہوں۔