Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Wasim Qureshi
  4. Aap Sirf Waseela Hain Malik Nahi

Aap Sirf Waseela Hain Malik Nahi

آپ صرف وسیلہ ہیں مالک نہیں

میں کسی کے ساتھ زبردستی کا قائل نہیں ہوں، کوئی خود کو بدلے تو اپنی مرضی اور ذاتی دلچسپی کی بنیاد پر ورنہ زبردستی کے نتائج اچھے نہیں آتے۔ دلشاد چار ماہ سے میرے ساتھ ہے اور میں آہستہ آہستہ اس پر محنت کر رہا تھا۔ آج ہم نے رات کا کھانا ایک ساتھ کھایا اور اس کے بعد میں اسے اپنے ساتھ ہی واک پر لے گیا۔ اس دوران گپ شپ بھی ہوتی رہی، اس کے بعد ہم نے چائے پی اور دلشاد نے خود کہا" وسیم بھائی ایک دن آپ نے کہا تھا کہ میری پیاری سی کٹنگ کروائیں گے جس دن میں خود چاہوں گا، آج میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنی مرضی سے میری کٹنگ کروائیں، پچھلی مرتبہ آپ نے جیسا میں نے کہا ویسا ہی کیا تھا مگر آج آپ کے مطابق"۔

اس کے بعد ہم ہیئر ڈریسر کے پاس چلے گئے، دلشاد کی کٹنگ کروائی، اس کا مساج کروایا۔ خوب تصویریں بھی بنائی اور یہاں سے واپسی پر دلشاد کیلئے ایک رجسٹر بھی لیا۔ میں اسے اکثر کہتا رہتا تھا کہ یار کچھ لکھنا پڑھنا سیکھ لو تمہارے کام آئے گا، اپنی شخصیت میں نکھار پیدا کرو۔ آج تم میرے پاس ہو کل زندگی جانے کہاں لے جائے؟ مگر میری بات یاد رکھنا کہ ساری زندگی چند ہزار روپے میں نہیں گزرے گی۔ ابھی تم چھوٹے ہو، کل بڑے ہو جاؤ گے، زمہ داریاں بڑھیں گی، پھر شادی کے بعد مزید اضافہ ہوگا۔

اپنے کام کے ساتھ سنجیدہ رہو اور لکھنا پڑھنا سیکھ لو زندگی میں کام آئے گا۔ آج دلشاد نے کہا" وسیم بھائی وہ آپ نے پڑھنے کا بھی کہا تھا؟" مجھے سن کر خوشی ہوئی۔ اس کیلئے کچھ سامان لیا اور کل سے دن بارہ بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔ اس دوران لکھنے اور پڑھنے کا کام ہوگا۔ دلشاد کو کچھ سیکھنے کو ملے گا اور مجھے وہ سکون مل جائے گا جس کی تلاش میں زندگی لگ جاتی ہے۔

میں کہتا ہوں کہ ہم انسان صرف وسیلہ ہیں مالک نہیں ہیں۔ اگر آپ کو اللہ تعالیٰ نے اس قابل بنایا ہے کہ کچھ لوگ آپ کے نیچے یا ماتحت کام کرتے ہیں تو خود کو مالک سمجھنے کی غلطی کبھی مت کریں، آپ فقط وسیلہ ہیں اور سب کا مالک تو اللہ تعالیٰ ہے۔ مجھے ہمیشہ ان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو اپنے ماتحت کام کرنے والوں کو گالیاں دیتے ہیں، گھٹیا جملوں کا استعمال کرتے ہیں یا مار پیٹ کرتے ہیں۔ مانتا ہوں کہ کچھ لوگ آپ کو تنگ کرتے ہیں، کام پورا نہیں کرتے لیکن کیا گالیاں دینے کا اختیار ہے آپ کے پاس؟ جب کہ آپ تو صرف ایک وسیلہ ہیں۔

دلشاد کو میرے پاس پورے چار ماہ ہو گئے ہیں اور میں نے اس دوران ایک مرتبہ بھی اسے گالی نہیں دی، گھٹیا جملوں کا استعمال نہیں کیا۔ کبھی بہت زیادہ تنگ بھی کرے تو کہتا ہوں " یار دلشاد اب تم مجھے مجبور کر رہے ہو، کتنی بار سمجھایا کہ تمہارا اپنا کام ہے اسے اپنا کام سمجھ کر کیا کرو"۔ یاد رکھیں کہ آپ صرف وسیلہ ہیں مالک نہیں ہیں۔ ایک مرتبہ میں نے اسے کسی جگہ بھیجا تو اسے پہنچنے میں دیر ہو گئی۔ سامنے والے شخص نے اسے دس منٹ کھڑا ہونے کا کہا" یہ تمہاری سزا ہے"۔ اور کچھ تلخ جملے بھی سنائے۔ مجھے جیسے ہی علم ہوا میں فوراً پہنچ گیا اور کہا" سزا دینے والے تم کون ہوتے ہو؟ تمہیں یہ اختیار کس نے دیا ہے؟ آج کے بعد یہ گھٹیا جرآت کبھی مت کرنا"۔

آپ صرف وسیلہ ہیں مالک نہیں ہیں۔

Check Also

Jo Tha Nahi Hai Jo Hai Na Hoga

By Saad Ullah Jan Barq