Thursday, 02 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Tuba Tariq
  4. Mobile Phone Ka Istemal, Faide Aur Nuqsanaat

Mobile Phone Ka Istemal, Faide Aur Nuqsanaat

موبائل فون کا استعمال، فائدے اور نقصانات

انسان نے اپنے علم کو بروئے کار لاتے ہوئے نت نئی ایجادات کی ہیں۔ ہر ایجاد اپنی جگہ حیران کن اور مفید ہے۔ مگر موبائل فون ایک ایسی ایجاد ہے کہ اس نے انسانی زندگی میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ موبائل فون کے استعمال نے لاکھوں میل کے فاصلوں کو سمیٹ دیا ہے۔ کہیں بھی بات کرنی ہو، موبائل پر نمبر ملائیں اور بات کرنا شروع کر دیں۔ یوں لگتا ہے کہ جیسے موبائل فون پر بات کرنے والا پاس ہی بیٹھا ہو۔ کاروباری حضرات اور تفریح حاصل کرنے والوں کے لیے موبائل فون نے ایک انقلاب برپا کر دیا ہے۔

موبائل فون کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ ہر جگہ پر اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ سفر کے دوران موبائل فون کا استعمال ایک بڑی سہولت ہے، سفر کے دوران موبائل اپنے پاس رکھ کر دنیا میں کسی بھی جگہ، کسی سےبھی بات کر سکتے ہیں۔ موبائل کمپنیوں کی طرف سے دیے جانے والے مختلف سستےکال پیکیجز کی وجہ سے موبائل فون سے ایک عام آدمی بھی استفادہ کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پچھلی ایک دہائی سے موبائل فون کا استعمال میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

کاروباری حضرات کے لیے بھی موبائل فون ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ وہ سستے کال پیکجز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوردراز علاقوں میں اپنے کاروبار کو ترقی دے رہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی مدد سے بھی اپنے کاروبار کو ترقی دی جا سکتی ہے۔

موبائل کے جہاں فائدے ہیں وہاں نقصانات بھی ہیں۔ اگر کسی چیز کا استعمال صحیح طرح نہ ہو تو پھر خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں نے اس چیز کا ناجائز استعمال شروع کردیا۔ اس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بھی متاثرہوئی، اور بے حیائی و برائی کوبھی فروغ ملا۔

لوگ موبائل میں اس قدرمصروف ہوگئے ہیں کہ گھر والوں اور رشتہ داروں سے تعلق براے نام ہی رہ گیا۔ گھر میں ماں باپ اور بچوں میں فاصلہ اتنا بڑھ گیا ہے۔ آج ماں باپ بچوں سے بات کرنے کو ترس گئے ہیں۔

اسی طرح ماں باپ بھی موبائل میں اپنا وقت برباد کررہے ہیں۔ ایک دوسرے سے رابطہ نہیں، گھر میں موجود ہو کر بھی غیر حاضر ہوگئے۔ ہرکوئی ایک الگ ہی دنیا میں مگن نظر آتاہے۔

کم قیمت پر نیٹ اور فون کال فری ہونے سے بچوں کی تعلیم پر اور کردار پر بُرا اثر پڑا ہے۔ موبائل کے غلط استعمال سے جو نقصان پیدا ہورہا ہے اس کو روکنے کے لیے ہم سب کو اہم کردار ادا کرنا ہے، موبائل کو ضرورت اور فائدے کے لیے استعمال کرنا اچھا ہے۔ تفریحی کاموں کے لیے استعمال کرنا سوائے بربادی کے اور کچھ نہیں۔

موبائل فون کے فائدے بھی ہیں اور نقصانات بھی۔ اگردانشمندی سے استعمال کیا جائے تو یہ ہماری زندگی میں بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے اور ہماری زندگی میں کافی آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ یہ ہمیں اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ رابطے میں رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے دنیا کے کسی حصہ سے رابطہ کیاجا سکتا ہے۔

ایک دوسرے کی آواز بھی سنی جا سکتی ہے اور تحریری پیغام بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔ موبائل فون ہمیں دنیا کی ہر طرح کی معلومات فراہم کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔ موبائل فون کے ذریعے طلبہ اپنی پڑھائی میں کافی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کا صحیح استعمال طلبہ کی تعلیم میں بہت مفید ثابت ہو گا۔

موبائل فون کے ذریعے ہم پوری دنیا کے حالات سے باخبررہ سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے ذریعے ہم پوری دنیا میں ہر طرح کی اہم معلومات حاصل کرتے ہیں۔ کاروباری لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے اور اشیا کی خرید و فروخت کرسکتے ہیں۔ دفتروں میں کام کرنے والے لوگ بھی اپنے معاملات میں آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔

موبائل فون ہماری زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دوسری ایجادات کی طرح اس کے بہت نقصانات بھی ہیں۔ جن میں ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ والدین اکثر اپنے بچوں کی شکایت کرتے ہیں کہ ہمارے بچے رات کو بہت دیر تک دوستوں کے پیغامات بھیجتے رہتے یا فیس بک یا انٹرنیٹ پر بیٹھے رہتے ہیں۔

اس سے بچوں کی تعلیم اور صحت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔ رات کو دیر تک موبائل فون استعمال کرنے سے یا تو ان کی نیند پوری نہیں ہوتی اور یا پھر اس کی وجہ سے سکول سے چھٹی کرنا پڑتی ہے۔ موبائل کازیادہ استعمال نظر کمزوری کا سبب بنتاہے۔ سڑک پر چلتے ہوئے پیدل افراد اور گاڑی یا موٹرسائیکل چلاتے ہوئے موبائل فون کا استعمال حادثات کی بڑی وجہ بن گیا ہے۔ موبائل فون کے غلط استعمال سے بہت سے معاشرتی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

موبائل فون دور حاضر کی اہم ترین ٹیکنالوجی ہے جو کہ چند ہی دہائیوں میں انسانی معاشرے میں چھا گئی۔ جس قدر استعمال آج موبائل فون کا ہوتا ہے، شاید ہی کسی چیز کا اس قدر استعمال ہوتا ہو۔ یہ چھوٹے سے لے کر بڑے تک، خواتین سے لے کر مرد حضرات تک ہر کوئی موبائل فون کے بغیر خود کو ادھورا محسوس کرتا ہے۔ ہر بڑے سے بڑے بزنس مین سے لے کر چھوٹے سے چھوٹے مزدور تک سب کے پاس مختلف قیمتوں، مختلف رنگوں اورمختلف کمپنیوں کے موبائل فون دیکھنے کوملتے ہیں۔

ہرمعاشرے میں موبائل فون کا کثرت سے استعمال کیا جا رہا ہے موبائل فون ایک طرف وقت کی اہم ضرورت ہے تو دوسری جانب اس کے معاشرے میں مضر اثرات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح بعض جسمانی مصیبتیں بھی موبائل فون کے سبب درپیش ہوتی ہیں۔

اس سلسلے میں سب سے اہم ذمہ داری والدین کی ہے کہ وہ بچوں کو موبائل دینے سے پہلے اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ ان کے بچے کو موبائل کی ضرورت ہے یانہیں؟ پھر اس بات کا خیال رکھیں کہ بچے موبائل کا استعمال کس طرح سے کر رہے ہیں؟ کس سے بات کر رہے ہیں؟ کیا بات کر رہے ہیں؟ بچوں کی غیر موجودگی میں ان کے موبائل کو دیکھیں کہ بچے موبائل فون کا غلط استعمال تو نہیں کر رہے۔

بعض بچے موبائل فون پر گیمز کھیلنے ہی میں اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ موبائل فون کی اسکرین سے خطرناک شعاہیں نکلتی ہیں۔ جو آنکھوں کے لئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ زیادہ دیر موبائل فون کے استعمال سے نظر کمزور ہوجاتی ہے۔ ایجاد کوئی بھی ہو اگر اس کے اچھے پہلو پر نظر رکھیں تو وہ مفید ثابت ہوتی ہے۔ اسں لئے ہمیں چاہئے کہ موبائل فون کو اچھے مقاصد کے لئے استعمال کریں۔ طلباء کو صرف ضروری استعمال کے لیے ہی موبائل فون دیں تاکہ ان کی پڑھائی کا حرج نہ ہو۔

Check Also

Nargasiat Aur Iski Ahmiyat

By Najeeb ur Rehman