Karachi Ya Lahore?
کراچی یا لاہور؟

مجھ سے اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ کراچی کیسا شہر ہے؟ تو میں جواب میں کراچی کی وہ مثبت باتیں بتاتی ہوں جو میڈیا نہیں بتاتا بلکہ اس کے برعکس ہی بتاتا ہے اور آج کل جب میں لاہور میں گھومنے کے لیے آئی ہوں تو مجھ سے یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ لاہور اچھا ہے یا کراچی؟
میں نے لاہور میں تین سال نوکری کی اور کراچی میں نوکری کرتے ہوئے مجھے چار سال ہو گئے ہیں۔۔ لیکن مجھے ابھی تک اس "یا" کی تُک سمجھ نہیں آئی۔
دونوں شہر اپنے آپ میں ایک مختلف جہاں ہیں اور ان کا آپس میں تقابلی جائزہ لینا تکنیکی اور غیر تکنیکی طور پر ایک احمقانہ حرکت ہے۔ "لاہور" کی وائب "عشق اور حُسن" والی ہے۔ لاہور میں رنگ ہیں، دیوانگی ہے اور زندہ دلی ہے۔
"کراچی" کی وائب "خواب اور تعمیر" ہے۔ کراچی میں جستجو ہے، سفر ہے اور میچورٹی کی معراج ہے۔
لاہور میں مغل تاریخ اور طرزِ تعمیر کی داستانیں بکھری ہوئی ہیں تو کراچی میں گوتھک اور وکٹورین آرکیٹیکچر کی یاداشتیں سر چڑھ کر بولتی ہیں۔ لاہور باغوں کا شہر ہے تو کراچی سمندروں اور جزیروں کا شہر ہے۔
لاہور میں ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت باغ ہے اور کراچی میں موجود سمندر صرف کلفٹن میں نہیں ہے۔۔ ہر شکل و صورت اور ہیت کا سمندر آپ کو کراچی کے مختلف کونوں میں ملے گا۔
لاہور پاکستان کا دل ہے اور کراچی کو چھوٹا پاکستان (Mini Pakistan) کہتے ہیں۔
کراچی اتنا بڑا شہر ہے کہ پاکستان کے سارے کلچر اس شہر میں ملیں گے اور بہت سے کلچر تو ایسے ہیں جو صرف آپ کو کراچی میں ہی ملیں گے۔
لاہور میں آپ دل لگا سکتے ہیں، دلوں کا رقص منا سکتے ہیں اور کراچی خواب دیکھنے والوں کی آنکھ ہے۔
مورخین کبھی شہروں کو ایسا تقابل نہیں کرتے جو ایک کو دوسرے پر برتری دیں۔ میں کراچی میں خواب لے کر بیٹھی ہوں تو مجھے کراچی اپنے خوابوں کی تکمیل کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ میں لاہور آتی ہوں تو یہ مجھے میرے اصل سے، میرے پنجاب کے کلچر سے جوڑ دیتا ہے۔
دونوں شہروں کے اپنے اپنے فائدے اور نقصانات ہیں۔
کراچی بزنس کے معاملے میں، فیشن کے معاملے میں، شوبز کے معاملے میں، تعمیری سوچ کے لحاظ سے بہت آگے ہے اور زندہ دلانِ لاہور کے باسی بھی خواب لے کر کراچی آتے ہیں۔ کراچی میں ترقی کے مواقع زیادہ ہیں اور سب کے لئے ہیں۔
لاہور میں جو رعنائی ہے، ہلچل ہے اور ولولہ ہے اور خاص طور پر اس کا دیسی ماحول، اپنا پن کسی کو یہ محسوس نہیں ہونے دیتا کہ وہ پردیس میں ہے۔ البتہ کراچی کی تیز رفتار زندگی میں دوستوں کے ہوتے ہوئے بھی پردیس والا احساس بہت شدت سے محسوس ہوتا ہے۔
ان دونوں شہروں میں مجھے تو مہمان نواز لوگ بہت ملے ہیں۔ البتہ لاہوری اس میں نمبر لے جاتے ہیں۔
دونوں شہروں میں طرزِ زندگی انتہائی مختلف ہے اس لیے بھی اس کا تقابلی جائزہ لینا مشکل ہی نہیں ناممکن سا کام ہے۔
لاہور کے کھانوں کا ذائقہ بہت ہی اچھا ہوتا ہے مگر کھانوں میں ورائٹی کے حساب سے کراچی کا کوئی ثانی نہیں۔ اتنے نواع و اقسام کے کھانے ہیں جن کے نام بھی کراچی میں ہی سنے ہوں گے۔
کراچی میں سٹریٹ کرائم اتنا ہی ہے جتنا پاکستان کے باقی شہروں میں ہے مگر کراچی کے بڑے بڑے میڈیا ہاؤسز نے ایسے ایسے خبریں نشر کی ہیں کہ ایک لاکھ آبادی والا شہر کراچی جس کی آبادی کروڑوں میں ہے اس کے کرائم ریٹ کے ساتھ موازنہ کرتا ہے اور خوفزدہ ہو جاتا ہے۔
کراچی کے میڈیا ہاؤسز نے کبھی عوام کو یہ بتانے کی کوشش نہیں کی کہ کاغذوں میں کراچی ایک شہر ہے لیکن اس کی جیوگرافک حقائق اسے کسی بھی شہر سے ممتاز کرتے ہیں۔ یہ ایک ریاست کے سائز جتنا بڑا ہے۔ پورے پاکستان میں ہونے والے کرائم اور کراچی میں ہونے والے کرائم کا ریٹ کا موازنہ کریں تو پھر بھی سمجھ میں آتا ہے۔
البتہ لاہور میں سٹریٹ کرائم اور خاص طور پر ہراسمنٹ کے معاملے میں حکومت نے بہت اچھا کام کیا ہے۔
کراچی میں عورت زیادہ آزاد، خود مختاور اور مضبوط ہے۔
انفراسٹرکچر کا معاملہ شہر یا اس کے باسیوں سے نہیں بلکہ انتخابات کی شفافیت اور حکومتوں کی کارکردگی سے سمجھ میں آتا ہے۔
اس لحاظ سے پنجاب کی بدترین سے بدترین حکومت کی کارکردگی بھی سندھ حکومت کی کارکردگی سے ہزار گنا بہتر ہے۔
اور کراچی کے انتخابات کا معاملہ بھی پاکستان کے باقی شہروں سے مختلف ہے۔ کراچی اپنی مرضی کا ووٹ دے کر بھی اپنی مرضی کی حکومت حاصل نہیں کر سکتا۔ کراچی میں انفراسٹرکچر بہتر تب ہوگا جب کراچی کو اپنی الگ الیکٹوریل حثیت حاصل ہوگی۔
اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کراچی میں کھنڈرات نظر آتے ہیں۔
کراچی کی عمارات جدید طرزِ تعمیر کے حساب سے بہت خوبصورت ہیں۔ کراچی میں کارپوریٹ سیکٹر کی ایسی عمارات ہیں جن کو دیکھ کر دوبئی کا گمان ہوتا ہے۔
کراچی میں پاکستان کے کلچر کے ساتھ ساتھ بدیسی کلچر بھی بہت نظر آتا ہے۔
لاہور کی بارش انسان کی جسمانی اور نفسیاتی صحت پر بہت اچھا اثر ڈالتی ہے۔۔ دل باغ باغ ہو جاتا ہے۔
خیر دونوں شہروں کی تعریف میں بیان کرنے کو اتنا کچھ ہے کہ ایک تحریر میں سمیٹا نہیں جا سکتا۔
اور منفی باتیں دونوں شہروں کے بارے میں کرنے والے بہت سے لوگ ہیں۔۔
مگر میں تو اہلِ محبت ہوں یہ میرا شعبہ نہیں ہے۔
دونوں شہر پاکستان کے سب سے اہم شہر ہیں۔۔
ان کا مقابلہ کرکے نفرت پھیلانے کی کوشش کرنے والے مردہ لاشوں کے سوا کچھ نہیں ہیں جو محبت کے قبرستان دیکھنا چاہتے ہیں مگر نخلستان نہیں۔

