Thursday, 19 September 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Qayamat Ki Ghari Hogi

Qayamat Ki Ghari Hogi

قیامت کی گھڑی ہوگی

جیسے ہَوا کا بگولہ پھرتا ہے ویسے ہی مریم سپیڈ سے بیگم گھر میں پلک جھپکنے کی دیر میں پھِر جاتی ہے۔ پھُرتی چیف منسٹر سی ہے مگر نظر ڈی جی آئی سی۔ اکثر اوقات ایسا ہُوا کہ میں سکون سے کسی جگہ بیٹھا یا لیٹا موبائل میں مگن ہوتا اور یکدم انکشاف ہوتا کہ بیگم چھُپ کر سرہانے پہنچی دیکھ رہی ہے۔ کئی بار بچوں نے نگاہوں سے اشارۃً مجھے آگاہ کیا ہے کہ "پیچھے تو دیکھو، پیچھے"۔ مجھے نہیں پتہ چل پاتا کہ کب اور کیسے اور کس گھڑی وہ سی سی ٹی وی کیمرا بنے مجھ پر فوکس ہو جاتی ہے۔ مگر مولا کا کرم ہے کہ اس نے آج تک اپنے عبد کا پردہ رکھا ہوا ہے۔

میں ایسے مواقعوں پر جب اسے پوچھتا ہوں کہ تم کیا کر رہی ہو؟ تو اکثر اوقات یہی جواب ملتا ہے "وضو کرنے واش روم میں آئی تھی۔ آپ تو موبائل میں ایسے گُم ہوتے ہیں کہ دنیا بھولی ہوتی ہے" اور جب یہ پوچھا کہ وضو کرنے آئی تھی تو میرے سرہانے کیا کام ہے؟ آگے سے پراعتماد جواب آتا "جائے نماز ڈھونڈ رہی ہوں"۔ اس ساری بات میں ایک بات ہی سچ ہوتی کہ وہ باوضو ہوتی اور سکارف اوڑھ رکھا ہوتا۔ پتہ نہیں کیوں وہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی سے قبل ہی یہ فریضہ سرانجام دینا فرض سمجھتی ہے۔ خیر، بچت یوں بھی ہو جاتی کہ اس سے قبل وہ سوال و جواب کا سیشن شروع کرے میں اسے فوراً احساس دلا دیتا کہ تم باوضو ہو فوراً نماز ادا کر لو۔ شوہر سے بحث کریں تو اللہ اس عمل کو مناسب نہیں جانتا۔

گذشتہ رات بھی ایک خفیہ چھاپہ پڑا۔ میں دفتر سے آ کر اپنی دھُن میں مست موبائل میں گُم تھا۔ بیگم صوفے کے پیچھے چھُپ کر سر نکالے میرے موبائل پر نظریں گاڑے بیٹھی رہی۔ نجانے وہ کب سے بیٹھی تھی۔ یکایک مجھے عقب سے خوفناک چیخ سنائی دی ایسی خوفناک کہ میرا دل منہ کو آ گیا۔ وہ نکل کے بھاگی اور دونوں پاؤں زمین پر پٹکتے ہوئے بولی "آپ کے صوفے کے پیچھے دیوار پر چھپکلی ہے"۔ خوفناک چیخوں کے سبب میرا دل بیٹھ گیا تھا مگر میں نے اُٹھ کر دیکھا تو چھپکلی کا بچہ تھا جو دیوار پر چپکا ہوا تھا۔ اس سے قبل کہ میں اس سے پوچھتا تم یہاں کیا کر رہی تھی وہ خود ہی بولی "میں ڈی ڈی ٹی چھڑکنے آئی تھی (حشرات کے واسطے چھڑکا جانے والا سپرے)"۔

یہ سُن کر مجھے چھپکلی کے بچے پر پیار آنے لگا۔ ایک منٹ نہیں گزرا ہوگا کہ جیسے ہی بیگم کے اوسان اور میری دھڑکن بحال ہوئے اس نے فوراً اونچی آواز میں پوچھا "کون ہے یہ زنیرا جس سے آپ بات کر رہے تھے؟"۔ یہ سنتے ہی میرے اوسان خطا ہو گئے۔ کون زنیرا؟ جواب آیا "وہی جس کو آپ بڑے پیار سے سمجھا رہے تھے کہ تمام مرد بھیڑئیے ہوتے ہیں"۔ افففف مطلب وہ چیٹ بغور پڑھ رہی تھی۔ مجھے ٹھنڈے پسینے آنے لگے اور اگلے پندرہ منٹ مجھے وضاحت دیتے گزرے کہ وہ سابقہ کولیگ ہے۔ اس کے شوہر نے اس پر بہت ظلم کیے ہیں بس اسے سمجھا رہا تھا۔ مگر وہ کہاں ماننے میں آتی۔ اس بار اُس نے سکارف بھی نہیں اوڑھ رکھا تھا۔ باوضو بھی نہیں تھی۔

کچھ دیر بعد نارمل ہوگئی۔ کھانا رکھنے لگی۔ بچے بھی کھانا کھانے آ گئے۔ جیسے ہی میں نے پہلا نوالہ منہ میں ڈالا بیگم کی آواز آئی "تمام مرد بھیڑئیے ہوتے ہیں"۔ دورانِ طعام وہ گاہے گاہے میرے اس جملے کی تصدیق کرتی رہی۔ میں چُپ کرکے کھانا کھاتا رہا اور بچے ماما کو دیکھ کر ہنستے پھر مجھے دیکھ کر ان کی باچھیاں کھل جاتیں۔ مجھے محسوس ہوتا رہا جیسے میں اڈیالہ کا قیدی ہوں جسے عملہ دیکھ دیکھ ہنستا ہے۔ میں ندامت کی مورت بنا کھانا نوش فرماتا رہا۔ فیسبک پر سکرول کرتے کسی نے ایک گانا پوسٹ کیا ہُوا تھا اس کے بول سُنے تو میرا دل کر رہا ہے کہ شاعر کا ہاتھ چُوم لوں۔ نجانے کیوں مجھے سو فیصد یقین ہے کہ شاعر بھی میری طرح کے تجربات سے روز گزرتا ہوگا۔

اگر تم بے حجاب آؤ قیامت کی گھڑی ہوگی
تمہیں اپنی پڑی ہوگی ہمیں اپنی پڑی ہوگی

Check Also

Insano Ki Barabari Ka Tasawur Aur Haqeeqat

By Mojahid Mirza