Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Masjid Zer e Tameer Hai

Masjid Zer e Tameer Hai

مسجد زیر تعمیر ہے

یہ گناہگار راقم الحروف چار زیر تعمیر مساجد کا عرصہ دس سال سے چشم دید گواہ ہے۔ ایک مسجد بٹہ کنڈی (ناران بابوسر روڈ) پر نجانے کتنے سالوں سے زیر تعمیر ہے جس کے لئے گاڑیاں روک روک کر چندہ مانگا جاتا ہے۔ ایک مسجد کا ڈھانچہ عرصہ آٹھ نو سال سے اس مسجد سے تھوڑا آگے لولوسر جھیل کی چڑھائیاں شروع ہونے سے قبل کھڑا ہے اور سالوں سے جوں کا توں کھڑا ہے۔ ایک چاردیواری ہے اور اس کے اندر نجانے کیا ہے۔

ایک مسجد شاہراہ قراقرم پر پٹن کے مقام پر بن رہی ہے جس کو سن 2007 میں پہلی بار دیکھا تھا۔ اس کی تعمیر ایک انچ آگے نہیں بڑھ سکی۔ اور چوتھی زیر تعمیر مسجد مانسہرہ میں اسی قراقرم روڈ پر بن رہی ہے جس کی نشاندہی ہوئے ایک دہائی بیت گئی۔

چندہ مانگنے والے ہر گاڑی کو روک روک کر مانگتے ہیں۔ میرے جیسے لوگ جن کے لئے ان علاقوں کا سفر ایک روٹین کی سی حیثیت رکھتا ہے وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ان زیر تعمیر مساجد نے ہماری اگلی نسلوں تک زیر تعمیر ہی رہنا ہے لہذا مجھے جب روکا جائے تو میں ان پروفیشنل مانگنے والوں سے شغل ہی لگاتا ہوں۔

اک بار بٹہ کنڈی والی زیر تعمیر مسجد پر روکا گیا۔ جیسے ہی چندہ مانگنے والا شخص گاڑی کے پاس آیا میں نے اسے کہا کہ " یار! میں خود امام باڑہ بنوا رہا ہوں، یہی کام کرتا ہوں جو آپ کرتے ہیں"۔ اس نے مجھے نفرت بھری نظروں سے گھورا اور پیچھے ہٹ گیا۔

پٹن میں اک بار یوں ہوا کہ عین شاہراہ ریشم کے بیچ دو لڑکے زیر تعمیر مسجد کے سامنے رسی تھامے سڑک بلاک کیئے کھڑے تھے۔ مجھے بریک لگانا پڑی۔ ایک نوجوان جیسے ہی گاڑی کے پاس آیا اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتا میں بول پڑا " یسوع مسیح ہم سب پر رحم کریں" ایسا بولتے میں نے سینے کے دائیں بائیں انگلی سے کراس بنا دیا۔ یہ دیکھتے ہی وہ جوان یوں پیچھے ہٹا جیسے اسے کرنٹ لگ گیا ہو۔

اب تو ان مساجد اور ان کے لئے چندہ مانگنے والوں سے اتنی واقفیت ہو چکی ہے کہ جب جب گزرنا ہو میں ان کو ہاتھ کے اشارے سے سلام کرتا ہوں اور یہ مجھے دیکھ کر جوابی ہاتھ ہلا دیتے ہیں۔ میں یہ وثوق سے تو نہیں کہہ سکتا کہ یہ " زیر تعمیر" مساجد کس صدی میں مکمل ہوں گی البتہ ایک جامع مسجد کا معلوم ہے جو قبضے کی زمین پر راتوں رات بنا دی گئی تھی۔ اب وہاں سنگ مرمر کے ٹھنڈے فرش ہیں اور اندر اے سی چلتے ہیں۔ باہر فلٹر شدہ ٹھنڈے پانی کا انتظام ہے اور زمین کے ورثاء عرصہ 18 سال سے عدالتوں میں ہیں۔

Check Also

Pakistan Ke Missile Program Par Americi Khadshat

By Hameed Ullah Bhatti