Civic Sense
سوک سینس
کچھ نمونہ "سوک سینس" پیش کئے ہیں اور بقیہ اتنا ڈھیر ہے کہ پورا ماہ اسی پر نکل سکتا ہے۔ اردو کا محاورہ ہے "ایسے کو تیسا"۔ اس پر بھرپور عمل کرنے کی ضرورت ہے وگرنہ لوگ باز نہیں آتے۔ دن دیکھتے ہیں نہ رات کا کوئی پہر۔ غیر متعلقہ پیغامات، چٹ چیٹ کا موڈ، فضول لغو میسجز اور لچڑ پن۔ یہ بات میں لکھ لکھ تھک گیا کہ کوئی متعلقہ کام ہو تو میسجز بھی کرو اور جب کرو وقت بھی دیکھ لیا کرو کہ دن ہے یا رات۔ مگر لوگ نہیں باز آتے۔ مجال ہے جو رتی برابر فرق پڑتا ہو۔
لوگوں نے سوچ رکھا ہے کہ بندہ پبلک پراپرٹی ہے اب چاہے اس کے ساتھ پبلک پراپرٹی والا سلوک ہی کرو۔ یہ تو اُکتا کر اب میں بھی فضول میسجز کا ویسا ہی جواب دیتا ہوں تو افاقہ ہوتا ہے۔ واٹس ایپ نمبر رابطے کے لئے مینشن ہے تا کہ کوئی کام پڑ جائے تو لوگ رابطہ کر سکیں۔ اصولی طور پر ایسوں کا نمبر مٹا کر نہیں بلکہ نمبر لکھ کر پوسٹ کرنا چاہیئے کہ ان جیسا کوئی اور ہو تو آپس میں رابطہ کر لیں تا کہ دونوں کا ٹائم پاس ہو سکے۔
لیڈیز اینڈ بھائیو واٹس ایپ نمبر پبلک رکھنا میری پروفیشنل مجبوری ہے تا کہ کام کے سلسلے میں لوگ رابطہ کر سکیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ٹیلی فن کا نمائندہ ہوں جس کو کال کھڑکا کے آپ دل پشاوری کر سکیں مگر کوئی نہیں سنتا۔ پی ٹی وی کے زمانے میں ایک مشہوری آیا کرتی تھی۔
" آپ بور ہو رہے ہیں؟ ابھی فون اٹھائیے اور مزیدار لطیفے سننے کے لئے کال ملایئے۔
090078601۔ Telefun Telefun "
ابے سالو (معاف کرنا انور بھائی میں بات کرتے ذرا آگے پیچھے نکل جاتا ہوں۔ معین اختر سٹائل) انسان بنو۔ واٹس ایپ کوئی مندر کی گھنٹی تو نہیں جسے راہ چلتے آپ نے برائے تفریح بجا کر گزرنا ہے۔ کوئی "سوک سینس" نامی شے کو بھی ہاتھ ڈالو۔ یہاں میں سوک سینس اور آپ کی تربیت کے لئے رہنما اصول لکھ رہا ہوں۔ امید ہے کہ آپ کو رتی برابر فرق نہیں پڑنا مگر اپنے دل کی تسلی ایک بار پھر ہو جائے گی۔
جب آپ کسی سے رابطہ کرنا چاہیں تو پہلے ایک بار ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچیں کہ مجھے اس شخص کو کیا کہنا ہے یا مجھے اس سے کیا کام ہے؟ آیا مجھے کوئی کام ہے یا نہیں۔ اگر نہیں تو رابطہ کیوں کر رہا ہوں؟ اگر آپ نے کسی شخص کو اس کے کام سے متاثر ہو کر اسے داد و تحسین سے نوازنا ہے تو آپ اپنے جذبات لکھ بھیجیں۔ میسج لکھ کر بھیج دیں۔ کوئی ایشو نہیں۔
کوئی مائنڈ نہیں کرتا کہ میرا فین میری تعریف کیوں کر رہا ہے یا آپ نے کچھ سمجھانا ہے یا کوئی تنبیح برائے اصلاح یا تنقید برائے اصلاح کرنی ہے تو میسج لکھیں، اپنا پوائنٹ تفصیل سے لکھیں اور بھیج دیں مگر یہ سلوک کسی سے نہ کریں کہ پہلے آپ ایک میسج بھیجیں "سلام" اور اگلے کے "وعلیکم السلام " کے انتظار میں رہیں کہ وہ جواب دے گا تو آگے بات کروں گا۔
بوجہ مصروفیت جواب نہیں بھی آتا۔ اگر جواب آ بھی جائے تو پھر اگلا میسج یوں ہوتا یے " کیا حال ہے آپ کا؟" ارے بھائیو جو بات ہو وہ سلام کے بعد لکھتے ہیں۔ ایک ہی میسج کمپوز کر کے بھیج دیتے ہیں کہ جب اگلا پڑھے گا اسے مدعا سمجھ آ جائے گا تو وہ جواب بھی دے دے گا۔ یہ کوئی برائے چیٹ یا برائے ٹائم پاس جواب در جواب کا سلسلہ تھوڑی ہوتا ہے۔
جب آپ کسی کو کال کریں اور آپ کی کال کاٹ دی جائے تو کامن سینس کی بات ہے کہ اگلا مصروف ہے۔ وہ جب فری ہو گا آپ کو کال بیک کر لے گا وگرنہ پندرہ منٹ یا آدھ گھنٹے بعد پھر کال کر لیجیئے۔ بہتر تو یہ ہے کہ پہلے ایس ایم ایس یا پیغام بھیجتے ہیں کہ میں فلاں ہوں اور آپ سے فلاں سلسلے میں بات کرنا چاہتا ہوں، یا مجھے کال کر لیں یا بات کرنے کا مناسب وقت بتا دیں۔
نیز یہ بھی اوقات کار بھی مدنظر رکھ لیا کریں کہ دن ہے یا رات؟ کام کا وقت ہے یا آرام کا۔ مانا کہ آپ فری ہیں مگر اگلا شاید رات کے اس پہر آرام کر رہا ہو؟ یا دن کے وقت کام میں مصروف ہو؟ مجھے امید ہے یہ موٹی موٹی باتیں آپ پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔ پھر بھی کوشش کرنے میں کیا حرج ہے؟ یہاں میں کچھ مزید باتیں واضح کرنا چاہوں گا کیونکہ اکثر اسی نوعیت کے کاموں کے لئے میسجز موصول ہوتے ہیں۔
1) بھائیو، میں ٹریول ایجنٹ ہوں نہ ہوٹلز بکنگز جیسی سروسز دیتا ہوں۔ نہ میں ٹریول بجٹ کیلکولیٹ کر کے بتانے جیسی سہولت مہیا کرتا ہوں۔ مجھے نہیں پتا آپ نے ٹور پر جانا ہے تو کیسے جانا ہے، کب جانا ہے اور کتنے دنوں کے لئے جانا ہے اس پر کتنا خرچ اٹھے گا؟اس مقصد کے لئے ٹور آپریٹرز سے رابطہ کیجییے جو اسی کام کے لئے بیٹھے ہیں۔ شمال کے کسی بھی علاقے کی عمومی یا جنرل معلومات درکار ہوں تو رابطہ کر سکتے ہیں۔ جہاں تک مجھے علم ہوتا ہے میں گائیڈ کرنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔
2) بھائیو، مجھے نہیں معلوم کہ آپ کا بجٹ کتنا ہے اور اس بجٹ میں بہترین کیمرا کونسا آ سکتا ہے؟ آپ اپنے بجٹ کے مطابق گوگل پر سرچ کریں۔ کیمروں کے ریویوز پڑھیں، قیمتیں دیکھیں اور پھر کوئی کنفیوژن ہو تو رابطہ کر لیں۔ میں کوشش کرتا ہوں کہ کنفیوژن دور کر سکوں تا کہ آپ کا ذہن کلیئر ہو جائے مگر یہ سلوک تو نہ کیا کریں کہ پہلے پوچھیں کونسا کیمرا لوں؟ جواب سن کر پوچھیں کہ اچھا جو کیمرا آپ بتا رہے ہیں اس میں اور باقیوں میں کیا فرق ہے؟
3) بھائیو، مجھے بالکل علم نہیں کہ آپ کا لکھا کہاں چھپ سکتا ہے؟ نہ میں کسی بلاگ کا ایڈیٹر ہوں نہ کسی اخبار کا۔
4) لیڈیز، میں نے پہلی شادی 21 سال کی عمر میں کی تھی وہ نہیں چل سکی تو دوسری پانچ برس قبل کی۔ اب میری عمر 39 سال ہو چکی ہے۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ میں شادی شدہ، بچوں والا بندہ ہوں۔ مجھے مزید جان کر آپ کو کیا ملنا ہے؟ برائے مہربانی برائے وقت گزاری یا برائے پسندیدگی واٹس ایپ نہ کیا کریں۔ یقین مانیں کوئی بیچ کی راہ نہیں نکل سکتی۔
فیسبک پر دو ارب اکاونٹس ہیں اور بہت خوبصورت لوگ یہاں موجود ہیں جو آپ سے شناسا بھی ہونا چاہیں گے اور گفتگو بھی کرنا چاہیں گے۔ کئی بار لگ بھگ یہی کچھ بتا چکا ہوں۔ پھر ایک بار لکھ رہا ہوں۔ شکریہ۔ بی ہیپی۔ اگلے کو بھی جینے دو خود بھی جیو۔