Baraka
باراکا
کئی فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو انسانی یاداشت پر انمٹ نقوش چھوڑ دیتی ہیں۔ انسان کا فلم سے رشتہ ایک صدی پرانا ہے۔ فلم ہمیں ہنساتی بھی ہے رلاتی بھی ہے۔ جس فلم کا میں آج ذکر کر رہا ہوں یہ فلم سب کے لئے نہیں ہے۔ یہ ایک مکمل Visual Story Telling ہے۔ اس میں ایک لفظ نہیں بولا گیا۔ اس فلم کا کوئی مرکزی کردار نہیں۔
سن 1992 میں اس فلم کو امریکی ڈائریکٹر Ron Fricke نے پیش کیا۔ دنیائے فلم میں یہ فلم بطور فلم سٹڈی پڑھائی جاتی ہے۔ یونیورسٹی میں جب پڑھاتا تھا میرا دوسرا لیکچر اسی فلم کو دکھا کر ہوتا تھا۔
رون فرک نے اس فلم کو 70 ایم ایم پر شوٹ کیا۔ یہ فلم 24 ممالک میں شوٹ ہوئی اور اسے 5 سال مکمل ہوتے لگے۔ جیسا کہ میں نے کہا یہ فلم ایک مکمل ویژیول سٹوری ہے۔ یہ سب میٹافورک زبان ہے۔ ڈائیریکٹر آپ کو ہمالیہ کے پہاڑوں سے لے کر چلتا ہے۔ پہلا سین برفزاروں میں بندروں کے نہانے کا ہے۔ انسان کی تخلیق (ڈارون تھیوری کے مطابق) یہیں سے ہوئی۔ پھر وہ آپ کو افریقہ کے جنگلی قبائل دکھاتا ہے۔ انسان جب پیدا ہوا تو بے لباس تھا۔ پھر اس نے اپنے جسم پر کیسے نقش و نگار بنانا سیکھے۔ ان کا مقصد جسم ڈھانپنا تھا۔ آج بھی کچھ قبائل اپنے جسموں پر نقش و نگار بناتے ہیں۔ پھر وہ آپ کو دکھائے گا یہ ٹیٹو بنانے کا فیشن آج کا نہیں صد ہا صدیوں پرانا ہے۔
مختلف مذاہب کی عبادت گاہیں دکھائی گئی ہیں۔ انسان کو شعور آیا تو مذہب بھی اس کی زندگی میں آیا۔ پھر انسان طبقاتی نظام میں تقسیم ہوتا گیا۔ ڈائریکٹر آپ کو دنیا کے جدید شہروں ٹوکیو وغیرہ کی مصروف زندگی ٹائم لیپس کی صورت دکھاتے ہوئے آگے انسانی غربت بھی دکھاتا ہے۔ بے گھر لوگ، سڑکوں پر سسکتی زندگی۔۔
صنعتیں، کمیونیکیشن، اور پھر انسان نے اپنے ساتھ جو کیا۔ جنگیں، بارودی مواد، جنگی ہتھیار۔۔ آخر میں آپ دیکھیں گے کہ انسان کا انجام کیا ہے۔ شمشان گھاٹ۔۔ گنگا۔۔ موت۔۔
اس فلم میں کمال ہنرمندی سے ٹائم لیپسز دکھائے گئے ہیں۔ فلم یعنی فیتے پر ٹائم لیپسز شوٹ کرنا بہت ہی مشکل امر تھا۔ انسانوں کے کلوز آپ چہرے، رقص، روزمرہ زندگی کے مختلف پہلو، لینڈ اسکیپ، عبادت گاہیں۔۔ دیکھتے ہی دیکھتے آپ کا وقت بیت جائے گا۔ یہ فلم انسان کو جکڑ لیتی ہے۔ اسے سکرین سے پلکیں نہیں جھپکنے دیتی۔ ہاں، مگر تک جب آپ کو اس فلم کے Visuals یا ہر سین کا استعارہ سمجھ آ سکے۔ جو میں نے کافی حد تک سمجھا دیا ہے۔ اس فلم پر میرا 3 گھنٹے پر محیط مکمل لیکچر یونیورسٹی کلاس میں ہوا کرتا تھا۔ یہ انسانی ارتقاء، عروج اور پھر تباہی کی داستان ہے۔
باقی آپ یہ دیکھیئے۔ امید ہے آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا خاص کر فلم اینڈ ٹی وی کی ڈگری لینے والے یا پڑھنے والے افراد کے لئے یہ فلم A Must Watch ہے۔ کمپوزیشن، لائٹ، کیمرا اینگلز، سین ٹو سین کٹ، سٹوری ٹیلنگ۔۔ ایک مکمل ماسٹر پیس۔