Thursday, 05 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Bankari Aur Amur e Mumlikat

Bankari Aur Amur e Mumlikat

بینکاری اور امور مملکت

آپ ذرا بینکاری اور امور مملکت ملاحظہ کیجئیے۔ ایک صاحب ہیں انہوں نے امریکا میں ریسٹورنٹ کھولا ہے۔ مجھ سے رابطہ کر کے کہا کہ ریسٹورنٹ کو پاکستان کے لینڈ اسکیپ سے سجانا چاہتا ہوں۔ آپ کی تصاویر خریدنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے پیج سے تصاویر کی سلیکشن کر رکھی تھی۔ میں نے ان کو ہائی ریزولیشن فائلز بھجوا دیں کہ آپ پرنٹ کروا کے فریم کروا لیں اور لگا لیں۔

انہوں نے مجھے طے شدہ معاوضہ 3500 امریکی ڈالرز بھیجنا تھا۔ انہوں نے وائیر ٹرانسفر سروس کے ذریعہ میرے اکاؤنٹ میں پیمنٹ کروا دی۔ اچھا، ہوا یہ کہ میرے ذہن میں تو تھا کہ پیمنٹ آنی ہے مگر میں چپ رہا کہ شریف بھلے آدمی ہیں۔ کر دیں گے اور کر کے میسج بھی کر دیں گے۔ اسی طرح کئی دن بیت گئے۔ میں نے ان کو پھر یاددہانی کروانے کی خاطر مودبانہ میسج بھیجا کہ پیمنٹ پینڈنگ ہے۔ اگر عید سے قبل بھیج دیں تو نوازش۔

ان کا فوری جواب آیا کہ وہ تو سات آٹھ روز قبل پیمنٹ بھیج چکے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے ٹرانزیکشن کا سکرین شاٹ بھیج دیا۔ یہ صورتحال جان کر میں نے اپنے بینک حبیب بینک سے رابطہ کیا۔ مجھے بتایا گیا کہ دراصل امریکا سے پیسے آ رہے ہیں تو ہمیں بھیجنے والے کی تفصیلات مہیا کریں پھر ہی رقم آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گی۔ تفصیلات جو مانگی گئیں وہ چیک کریں آپ۔

بھیجنے والی کی تاریخ پیدائش، اس کا مکمل نام، اس کے والد کا نام، اس کی نیشنیلٹی، اس کا نیشنل کارڈ نمبر۔

میں نے اس صاحب کو یہ روداد سنائی تو انہوں نے معلومات بھیج دیں۔ وہ امریکی نیشنل ہیں۔ ہیں تو پاکستانی ہی مگر اب امریکا کی شہریت لے چکے ہیں اور پاکستانی شہریت انہوں نے ترک کر دی ہے یا پاکستانی پاسپورٹ و شناختی کارڈ ری نیو ہی نہیں کروایا۔ بینک کو تفصیلات بھیجیں۔ نمائندے کی کال آئی۔ وہ فرمانے لگے کہ او ہو یہ تو امریکی شہری ہیں۔

میں نے استفسار کیا کہ پھر؟ اس میں کیا مسئلہ ہے؟ خوبصورت جواب آیا " پھر آپ یہ بتائیں کہ کس مد میں پیسے آ رہے ہیں؟ اور آپ نے جو پراڈکٹ یا شے بیچی اس کا پروف؟"یہ سن کر میرے چودہ طبق روشن ہو گئے۔ قصہ مختصر کہ کافی تگ و دو اور کالز در کالز کے بعد جا کر رقم منتقل ہوئی ہے۔

اب یہاں کچھ سوالات ہیں۔

پاکستان میں فارن ریمٹنس پر اتنی انکوائری کیوں؟ زر مبادلہ پر تو ممالک خوش ہو کر چھُوٹ دیتے ہیں اور سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

بینکنگ کا سسٹم ہمارا صدیوں قدیم کیوں ہے؟ ان کے پاس بھیجنے والے کے اکاؤنٹ کی معلومات آتی ہیں اس کے باوجود یہ ساری خانہ پری چی معنی؟

انکم ٹیکس پیئر اور سیلز ٹیکس پیئر کا کیا قصور ہے وہ کیوں یہ ساری زحمت اٹھائے؟ اور سب سے اہم یہ بینکنگ کا کونسا معیار ہے؟ اگر میں ان سے رابطہ نہ کرتا تو انہوں نے مجھ سے تو سات دن سے رابطہ نہیں کیا تھا۔

ان سوالات کے جواب واسطے ایک عزیز دوست اور بینک سے بطور اے وی پی رئیٹایرڈ سینیر بینکار سے رابطہ کیا۔ وہ سن کر بولے " بخاری بیٹا۔ دراصل حبیب بینک امریکا میں منی لانڈرنگ میں ملوث تھا۔ اس کی نیویارک برانچ بند کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد سے اس بینک کو امریکی زیر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بینک نے بھی بلاوجہ پھرتیاں دکھانے کو غیر ضروری معلومات جمع کرنا وطیرہ بنا لیا ہے"۔

Check Also

Saf Bandi Behtar Nahi

By Mojahid Mirza