Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Ab Sawarte Raho Bala Se Meri

Ab Sawarte Raho Bala Se Meri

اب سنورتے رہو بلا سے میری

میرے بیٹے کے سکول کے جو پرنسپل صاحب ہیں ناں انہوں نے ایک دن پیرنٹ ٹیچنگ میٹنگ میں مجھے کہا " حسن عباس کے اسیسمنٹ ٹیسٹس کچھ بہتر نہیں ہوئے۔ وہ پوزیشن لینے والا بچہ تھا۔ کیا بات ہے گھر میں سب خیریت ہے؟ کوئی مسئلہ تو نہیں جس کے سبب بچہ متاثر ہو رہا ہو؟"۔

یہ سنتے ہی میں نے ان کو سیدھا جواب دیا "سر! یہ سوال تو مجھے آپ سے پوچھنا تھا۔ سکول کی ذمہ داری ہے پڑھانا اور آپ اس کے بدلے مجھ سے بھاری فیسز لیتے ہیں۔ آپ کیسے مجھ سے یہ پوچھ رہے ہیں؟ اگر بچے ارسطو ہوتے تو آپ کے سکول کیوں بھیجتے لوگ؟ خود ہی گھر میں پڑھا لکھا لیتے۔ یہ مجھے آپ جواب دیں گے کہ اس کے ٹیسٹس کیوں اچھے نہیں ہوئے"۔

پرنسپل صاحب کو اس جواب کی توقع نہیں تھی کیونکہ ہمارے ہاں والدین ہی الٹا سکول والوں کے آگے بکری بنے یئیں یئیں کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ سکول کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپ کے بچے کو ہونہار و قابل بنائے۔ پرنسپل صاحب نے غیر متوقعہ جواب سن کر مجھے ڈھٹائی سے مسکراتے ہوئے کہا " چلیں، ٹیچرز کو پوچھتا ہوں وہ زیادہ توجہ دیں گے"۔

فائنل امتحانات کا جب نتیجہ آیا تو بیٹا دوم پوزیشن لے گیا۔ جب مجھے رزلٹ کا معلوم ہوا میں ملک سے باہر تھا۔ بیگم کو کہا " مجھے نجانے کیوں لگتا ہے کہ سکول والوں نے اسے پوزیشن دے دی ہے تاکہ اس کا ابا پھر سوال پوچھنے نہ آ جائے"۔ بیگم نے جواب دیا " پوزیشن تو یہ بچپن سے لیتا آ رہا ہے۔ آپ تو ہر بات پر زیادہ ہی سوچنے لگتے ہیں۔ پہلا باپ دیکھا جو اپنے بیٹے کی پوزیشن لینے پر بھی شک کر رہا ہے"۔

مگر آپ ہی بتائیے ایسے "تعلیمی" حالات میں انسان کیا کرے۔ مہنگے سکولوں میں بچہ صرف سکول فیس کا ہندسہ ہے اور سرکاری سکول میں بچہ تعلیم کی بجائے سراسر اپنی ذہانت کے بل بوتے ہے۔ یہاں تعلیم پلائی ہی تو جا رہی ہے۔

اکثر میں سڑکوں و گلی کوچوں سے گذرتے ہوئے دیکھتا ہوں کہ پچاس فٹ چوڑی گلی میں پانچ مرلے کے پلاٹ کی تین منزلوں میں بنے دس بائی آٹھ کے نو کمروں میں ایک سو سے زائد نونہالوں کو بارہ ہزار روپے ماہانہ پر کام کرنے والی کوئی بچاری مس فرخندہ تعلیم پلا رہی ہو اور اس مکان کے باہر بڑے سے بورڈ پر ہائیڈل برگ پبلک اسکول (آکسفورڈ ایجوکیشن سسٹم سے تسلیم شدہ) لکھا ہو تو کس سے پوچھیں کہ آکسفورڈ ایجوکیشن سسٹم کب ایجاد ہوا تھا؟

پھر بھی شکر کیجیے کہ آپ کا اور میرا بچہ ان 78 لاکھ نونہالوں میں شامل نہیں جو روزانہ اسکول کو باہر سے دیکھتے گزرتے ہیں اور پھر جون ایلیا کے شعر مافق گزر ہی جاتے ہیں۔۔

اب سنورتے رہو بلا سے میری

دل نے سرکار خودکشی کر لی

Check Also

Yaroshalam Aur Tel Aviv Mein Mulaqaten

By Mubashir Ali Zaidi