Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Aap Apni Adaon Par Ghor Karen

Aap Apni Adaon Par Ghor Karen

آپ اپنی اداؤں پر غور کریں

مریدکے میں ریاست کی جانب سے فورس کا بیدردی سے استعمال کیا گیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ گولی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ٹی ایل پی کے لوگ پاکستانی ہی ہیں۔ سعد رضوی سے گفتگو ہو سکتی تھی۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کو ڈی جی رینجرز ہزار ہزار کے نوٹ تھما کر فیض آباد دھرنے سے واپس بھیج رہا تھا۔ یہ آپ کے ہی لوگ تھے۔

اس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ آج جو کیا گیا ہے وہ کل کسی اور صورت میں سامنے آئے گا۔ حکومتوں کا کام مسائل کو مذاکرات کی راہ سے حل کرنا ہوتا ہے۔ جب حکومتیں گولی کی زبان بولنے لگیں اسی دن سے لڑکھڑانا شروع ہو جاتی ہیں۔ ریاستی کرتے دھرتوں کو کہنا چاہوں گا آپ نے چھبیس نومبر کو جو کیا اس کا خمیازہ آپ سے نفرت کی صورت سامنے آتا رہتا ہے۔ آج جو کیا ہے آپ نے اپنے ہی ہمنوا ایک پورے مذہبی طبقے کو اپنا مخالف بنا لیا ہے۔ اپنا دشمن بنا لیا ہے۔

کچھ بھی ہو، آسمان بھی گر پڑے تو بھی انسان پر گولی چلانے کا حق ریاست کا نہیں۔ پچھلے دنوں اتحادی جماعتوں نے آپس میں گولہ باری شروع کر رکھی تھی۔ دو دن بعد ہی محسن نقوی بیچ میں آیا اورپھر خاموشی چھا گئی۔ کیا یہاں کوئی حکومتی نمائندہ یا کمیٹی ٹی ایل پی سے بات چیت کے لیے نہیں بنائی جا سکتی تھی؟

میں یہ مانتا ہوں کہ ٹی ایل پی کی جانب سے غزہ کے نام پر اس ساری ایکسرسائز کا ماسوائے خود کو relevant رکھنے کے اور کوئی مقصد نہیں تھا۔ یہ غلط وقت پر غلط قدم تھا۔ صرف یہ بتانا مقصود تھا کہ ہم بھی موجود ہیں ہمیں بھی توجہ دو، بھول نہ جانا۔ ان کی پالیسیز پر ان کے مؤقف پر ان کے اقدامات پر ہزار تنقید ہو سکتی ہے۔ ہم خود کرتے ہیں۔ ظلم کی تائید نہیں ہو سکتی۔ گولی کی تائید نہیں ہو سکتی۔ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

اور یہ کیا وطیرہ ہے کہ کبھی آپ پریشر گروپس بنائیں، ان کو پالیں، ان سے حکومتوں کی ناک میں دم کرائیں اور پھر جب پالیسی شفٹ ہو تو انہیں ختم کرنے کو توانائیاں صرف کرنے لگیں۔ افغانستان میں آپ نے جو کچھ پالا وہ گلے پڑ گیا۔ ففتھ جنریشن وار کے بینر تلے جو نسل تیار کی وہ گلے پڑ گئی اور اب ٹی ایل پی۔۔ آپ اپنی اداؤں پر غور کریں۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali