Friday, 10 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Imran Ali Shah
  4. Mera Mehboob Watan, Hamesha Zindabad

Mera Mehboob Watan, Hamesha Zindabad

میرا محبوب وطن، ہمیشہ زندہ باد

یہ وطن صرف ایک خطۂ زمین نہیں، یہ ایک نظریہ ہے، ایک عہد ہے، ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ یہ وہ سرزمین ہے جو تحریکِ پاکستان (1940–1947) کی طویل اور صبر آزما جدوجہد کے بعد معرضِ وجود میں آئی، جہاں لاکھوں مسلمانوں نے اپنے خون سے آزادی کی وہ داستان رقم کی جس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔

پاکستان محض ایک ملک یا زمین کے نقشے پر قائم ایک ریاست نہیں بلکہ امت مسلمہ میں مرکزی حیثیت کا حامل ہے، اس پاک وطن کا عشق و محبت اہل وطن کی رگوں میں خون بن کر دوڑتی ہے، یہ شعر ہر محب وطن پاکستانی کی ترجمانی کرتا ہے۔

ہم تو مٹ جائیں گے اے ارضِ وطن لیکن تم کو
زندہ رہنا ہے قیامت کی سحر ہونے تک

1947 میں قائم ہونے والا پاکستان آج 24 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔ ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے، ایک مضبوط عسکری نظام اور تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت کے ساتھ، پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک اہم حیثیت رکھتا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) جیسے منصوبے، جو 60 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری پر مشتمل ہیں، اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی اقتصادی نقشے پر ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

لیکن اس ترقی کی قیمت بھی کم نہیں رہی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور 150 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کیا۔ یہ وہ قربانیاں ہیں جو کسی بھی قوم کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جاتی ہیں، کیونکہ یہ صرف اپنی بقا کے لیے نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے دی گئیں۔

ان دنوں پوری دنیا بھر کے معاشی حالات دگر گوں ہی، ایسے میں جب اسرائیل اور امریکہ نے مل کر ایران پر حملہ کیا تو پورے خطہ اس کی لپیٹ میں آ گیا، یہ جنگ تقریباً 40 دن تک جاری رہی، مشرقِ وسطیٰ کے بحران نے ایک بار پھر دنیا کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، جہاں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بھی وقت عالمی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی تھی۔ ایسے نازک موقع پر پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی سفارتی بصیرت کا مظاہرہ کیا۔ اگرچہ عالمی سفارتکاری ہمیشہ متعدد ممالک اور قوتوں کے اشتراک سے آگے بڑھتی ہے، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ قائم ہے کہ پاکستان نے کشیدگی کو کم کرنے اور مکالمے کے دروازے کھلے رکھنے میں مثبت اور فعال کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی حکمت عملی نے پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کیا جو نہ صرف اپنے مفادات کا محافظ ہے بلکہ عالمی امن کا خواہاں بھی ہے۔ ان دونوں شخصیات نے شب روز انتھک جدو جہد کرکے، فریقین کو فوری جنگ بندی پر آمادہ کر لیا، یہ وہ لمحہ تھا جب دنیا نے دیکھا کہ پاکستان صرف ردعمل دینے والا ملک نہیں بلکہ ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست ہے جو مشکل حالات میں توازن اور تدبر کا مظاہرہ کرتی ہے۔

اگر یہ جنگ شدت اختیار کر جاتی تو عالمی تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو سکتی تھیں، عالمی معیشت بحران کا شکار ہو سکتی تھی اور ترقی پذیر ممالک شدید عدم استحکام سے دوچار ہو جاتے۔ ایسے میں پاکستان کی سفارتی کوششیں ایک اہم حفاظتی دیوار ثابت ہوئیں، جنہوں نے کم از کم وقتی طور پر دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے میں کردار ادا کیا۔

یہ وطن ہماری پہچان ہے، ہماری طاقت ہے اور ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔ لیکن حب الوطنی کا تقاضا صرف جذباتی نعروں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ایک ذمہ دار قوم ہونے کے ناطے ہمیں اپنی کامیابیوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی کمزوریوں کا ادراک بھی کرنا ہوگا۔ ہمیں تعلیم، معیشت، انصاف اور سماجی ترقی کے میدان میں مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکے۔

آخر میں، یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاکستان ایک حقیقت بھی ہے اور ایک ذمہ داری بھی۔ یہ ہمیں وراثت میں ملا ہے، لیکن اسے سنوارنا اور آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے اور جب تک اس دھرتی پر ایک بھی محبِ وطن زندہ ہے، یہ صدا ہمیشہ گونجتی رہے گی بقول منشی منظور مرحوم۔۔

میرے وطن یہ عقیدتیں یہ اور پیار تجھ پر نثار کر دوں
محبتوں کے یہ سلسلے بے شمار تجھ پر نثار کر دوں

پاکستان ہمیشہ زندہ باد

About Syed Imran Ali Shah

Syed Imran Ali Shah, a highly accomplished journalist, columnist, and article writer with over a decade of experience in the dynamic realm of journalism. Known for his insightful and thought-provoking pieces, he has become a respected voice in the field, covering a wide spectrum of topics ranging from social and political issues to human rights, climate change, environmental concerns, and economic trends.

Check Also

Saya Hai Yahan Par Mere Mola Ke Karam Ka

By Farhat Abbas Shah