Thursday, 26 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sultan Ahmed
  4. 5 Balls Of Life

5 Balls Of Life

فائیو بالز آف لائف

کوکاکولا کے سابق سی ای او برائن ڈائسن نے کوکاکولا کے ملازمین کے سامنے اسٹیج پر محض 30 سیکنڈ کی اسپیچ دی۔ یہ مختصر مگر جامع اسپیچ زندگی کا ایک شاندار فلسفہ تھی۔ برائن ڈائسن کی تقریر میں انسانی زندگی کی ساری حقیقتیں شامل تھیں۔ یہ تقریر ہمارے رویوں اور فہم (perception) کی شاندار عکاسی کرتی ہے۔ اس تقریر میں برائن ڈائسن نے کیا کہا تھا؟

برائن ڈائسن کے مطابق ہم سب زندگی میں 5 گیندیں اٹھائے انہیں زندگی بھر سنبھالنے کی تگ و دو کرتے ہیں، بالکل کسی مداری کی طرح۔ وہ پانچ گیندیں کونسی ہیں؟ نوکری، فیملی، دوست، صحت اور روح (ضمیر)۔ پھر برائن ڈائسن نے انتہائی دلچسپ بات بتائی کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں ان میں سے چار بالز یعنی فیملی، دوست، صحت اور روح، ربر کی ہیں جبکہ نوکری یا جاب کی گیند کانچ کی ہے۔ آپ کو معلوم ہے کہ ربر کی بال اگر زمین یا دیوار سے ٹکرائے تو وہ لوٹ آتی ہے جبکہ کانچ کی بال یا تو ٹوٹ کر بکھر جائے گی یا چٹخ جائے گی۔

دونوں صورتوں میں اسے نقصان ضرور پہنچے گا۔ جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے اور یہ حقیقت ہم پر بعد میں آشکار ہوتی ہے۔ فیملی، دوست، صحت اور روح والی گیندیں کانچ کی جب کہ نوکری کی گیند ربر کی ہے۔ ہم ساری زندگی کانچ والی بال کو ربر والی بال سمجھ کر نظر انداز کرتے چلے جاتے ہیں اور اس میں چٹخ یا دراڑ پڑ چکی ہوتی ہے اور بسا اوقات وہ ٹوٹ بھی چکی ہوتی ہے مگر ہم پھر بھی اس پر توجہ نہیں دیتے۔ کیونکہ ہماری ساری توجہ جاب یا نوکری والی گیند پر ہوتی ہے کہ کہیں یہ ہمارے ہاتھ سے چھوٹ کر چٹخ نہ جاۓ۔

انسان کا رزق موت کی طرح اس کا پیچھا کرتا ہے۔ ہمارے جسم میں جب تک آخری سانس برقرار ہے ہمارے حصے کا رزق ہمیں ملتا رہے گا۔ مگر ہم نادان انسان ساری زندگی نوکری کی گیند جو کہ ربر کی ہے اسے کانچ کی سمجھ کر سینے سے لگائے پھرتے ہیں۔ اوسط ایک عام انسان پورے سال میں 1795 گھنٹے کام کی جگہ پر گزار دیتا ہے۔ 80 سال کی زندگی میں یہ 83365 گھنٹے بنے۔ ایک انسان کی ایوریج زندگی 692040 گھنٹوں پر مشتمل ہے۔ اس میں سے 26 سال یا 227760 گھنٹے سب سے زیادہ پرسکون ہوتے ہیں کیونکہ وہ سونے میں گزر جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سات سال سونے کی کوشش کی نظر ہوجاتے ہیں۔ یوں 33 سال بستر میں ہی گزار دیتا ہے انسان۔

فیملی، دوست، صحت اور ہماری روح درحقیقت کانچ کی ہیں۔ ہماری فیملی ہماری پہلی اور آخری لائف لائن ہے۔ یہ خدا نے ہمارے لیے منتخب کی ہے۔ دنیا کا کوئی شخص اپنی فیملی سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہوتا۔ کیوں کہ یہ ہمارے دکھ درد کی ڈھال ہے اور خوشی کا محور و مرکز ہے۔ ایک بار اس گیند میں دراڑ یا چٹخ آگئی تو یہ زندگی بھر مرمت کے قابل نہیں رہیگی۔ فیملی بکھر جائیگی اور بکھری ہوئی فیملی جنگل میں موجود اس ہرن کے بچہ کی طرح ہوتی ہے جو بھیڑیوں کے جھنڈ میں پھنس گیا ہو۔ اس گیند میں دراڑ کبھی نہ آنے دیں۔ اسکی حفاظت کریں۔ رشتے بچانے کے لیے مال، زمین اور جائیداد کی قربانی دینی پڑے تو ہرگز دریغ نہ کریں۔

دوستی دنیا کا سب سے خوبصورت رشتہ ہے۔ ایک شخص سے آپ کا خونی رشتہ نہیں مگر اس کے باوجود وہ آپ کے لیے سب کچھ کر گزرنے کو تیار ہے، یہ بہت عجیب مگر شاندار حقیقت ہے۔ دوست ہمارے لیے anti biotic دوا کا کام کرتے ہیں۔ یہ ہمیں اندر باہر سے اچھی طرح جانتے ہیں۔ ان سے محض شیئر کرنے سے ہی آدھے مسائل یا تو حل ہوجاتے ہیں یا بوجھ ضرور کم ہو جاتا ہے۔ دوست مسائل کا حل، دکھوں کا مداوہ، خوشیوں کے ساتھی، شرارتوں میں حصّہ دار اور رازوں کے امین ہوتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے جان تک دینے کو تیار ہوجاتے ہیں۔ کانچ کی اس گیند کو زندگی کا سہارا جانیں۔ اس کے بغیر زندگی بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی ہے۔ زندگی کے سارے رنگ، ذائقے اور خوشبوئیں دوستوں کے دم سے ہی ہیں۔

یہ رشتے ناطے، دوست، خوشیاں، رونقیں اور ذائقے سب صحت سے جڑے ہیں۔ صحت ہے تو زندگی ہے ورنہ جسم ایک ناکارہ بے جان قسم کا قابل ترس مجسمہ ہے۔ کانچ کی اس گیند کو ربر کی جان کر ہم بے احتیاطی کی دلدل میں دھنستے چلے جاتے ہیں، ہماری جاب جو ربر بال ہے اسے کانچ کی سمجھ کر دن رات ایک کر دیتے ہیں اور بالآخر صحت جیسی نعمت میں بگاڑ پیدا کر دیتے ہیں۔ اب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ آپ کی صحت بھی دیگر مصروفیات کی طرح وقت کی متقاضی ہے۔ اسے وقت دیں، توانا خوراک اور بہترین آب و ہوا صحت کی غذا ہیں۔

روح ہمارے جسم کا software ہے۔ یہ کرپٹ ہے تو ہارڈویئر بھی کرپٹ ہوجائیگا۔ اندر سے گھائل شخص کا وجود زندہ لاش ہے۔ روح کی پاکیزگی روحانیت میں ہے، اللہ کے ذکر میں ہے، اچھائی کے چھوٹے چھوٹے کاموں میں ہے، بنا غرض کے مدد کرنے میں ہے۔ دنیا میں سب سے خطرناک انسان وہ ہے جس میں انسانیت نہیں اور انسانیت کا تعلق روح اور ضمیر سے ہے۔ مردہ ضمیر انسان ہی دراصل انسانی لبادے میں درندہ ہے۔ اپنی روح اپنے ضمیر کو زندہ رکھیں، ترو تازہ رکھیں۔ مذھب سے رشتہ جوڑے رکھیں۔ روح کی نیک اعمال سے آبیاری کریں۔ زندگی میں سکون اور خوشی کی دولت نصیب ہوگی۔

مداری گیندیں اچھالنے کا تماشا یا کرتب محض چند لمحوں کے لئے کرتا ہے جب کہ ہم نے ساری زندگی ان پانچ گیندوں کو سنبھالنا ہے اور یہ کسی صورت ممکن نہیں۔ آپ ان گیندوں کو اچھالنے کے بجائے ایک طرف رکھ کر ان کی حفاظت کریں۔ زمین پر گرنے اور گر کر ٹوٹنے یا چٹخنے کا آپشن ہی ختم کردیں۔

Check Also

Platon Ki Siasat Mein Ghira Press Club

By Syed Badar Saeed