Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sondas Jameel
  4. Kon Dhoonde Ga?

Kon Dhoonde Ga?

کون ڈھونڈے گا؟

میرے ساتھ والے کمرے میں رہنے والا اٹیلین میتھ پڑھ رہا ہے۔ کمرے سے صرف کھانے کے لیے باہر آتا ہے یونیورسٹی نہیں جاتا پیانو اور چیلو صبح اور شام بجاتا رہتا ہے، چہرے سے کھڑوس ہے۔

اس کے ساتھ والے کمرے میں ایک جرمن رہائش پزیر ہے۔ میڈیکل پڑھ رہی۔ ڈے اسکالر کی طرح رہتی۔ جب کلاسز نہیں ہوتی تو بیس کلومیٹر دور اپنے گھر لوٹ جاتی۔ باریک سا فگر ہے تیکھے سے نین نقش ہیں ٹیپیکل اسٹائل میں جرمن بولتی ہے۔ میں نے فریج میں پڑا اسکا دودھ کا پیکٹ اپنی کافی کے لیے استعمال کیا اور اسکے لیز کھائے اسکو نہیں پتہ۔

اسکے سامنے والا کمرہ ایک برازیلین کا ہے۔ وہ سائیکالوجی پڑھ رہا۔ انگلش کے ساتھ جرمن اور اسپینش کا علم رکھتا ہے۔ کمرے میں ہوا والی کھڑکی آج تک نہیں کھولی اس نے۔ ایک خاص قسم کی گندھ بکھر جاتی ہے جب بھی کچن سے ہوکر گزرتا یا کمرے کا دروازہ کھلا ہوتا اور میرا گزر ہوتا۔ اسے کسی نے ابھی تک بتایا نہیں کہ وہ باسی ہوچکا ہے۔ کمرے اور خود کو فوری ہوا لگوائے۔

کمرہ نمبر تین میں میرا مسکن ہے۔ ایک پچپن انچ کی اسکرین، دو پودے چار بیگ، دو کرسیاں ایک آرم دہ ایک ذلیل ترین، ایک واش بیسن اور ہوا دار کھڑکی کے باہر کھڑی سائیکلوں کے ڈھیر میں کھڑی میری سائیکل کے ساتھ اکڑوں کھڑا ہوا ایک پیڑ۔

میری صفائی کی باری اس مہینے جون پچیس کو ہے۔

میں نے تین ماڈیولز کے پیپر رجسٹرڈ کر رکھے ہیں۔ ایک سبجیکٹ میں پراجیکٹ ہے اس پراجیکٹ میں ایک جرمن لڑکی ہے، وہ فرنچ بھی جانتی ہے۔ پراجیکٹ والے واٹس ایپ گروپ میں کہتی ہے کہ مجھے صرف اس میں پاس نہیں ہونا بیسٹ آف دا بیسٹ دینا ہے سن کر مجھے غصہ آتا ہے.

فیوچر نوٹس میں لکھ لیا ہے کہ کسی جرمن کے ساتھ پراجیکٹ نہیں کرنا۔ میں پڑھنے تھوڑی آئی ہوں۔ میرے پاس پہلے ہی ایک ماسٹر ہے۔ اب دوسرے ماسٹر کے لیے تندرستی کہاں سے آوے۔

میں بد دماغ اور تنہا ہوگئی ہوں۔ دوست بنانے کی اس سے پہلے کبھی اس قدر کوشش نہیں کی اور بڑی ناکامی ہوئی۔ تنہائی دور بھی کرنی ہے مگر اس میں کسی کی سانجھے داری بھی چبھتی ہے۔ کیرلا کے لوگ بڑے خوبصورت ہوتے ہیں۔ ایک اسٹوڈنٹ سے ملی وہ جہاز اڑانے کا کورس جرمنی سے کر رہا ہے۔ اسکے کمرے میں ویڈ اور شراب تھی۔ بڑے مان سے اس نے ناپ تول کے کوک اور وہسکی مکس کرکے پیش کی۔ پھر اس نے خالی پیٹ دیکھ کر ویڈ کو کرش کرکے بڑا سگریٹ رول کیا اور کہا کہ آرام سے پیے اسکے بعد چکن بن رہا ہے۔

اس سے میں نے ناشائستہ سوال پوچھ لیا تو اس نے شٹ آپ کال دی۔ بہت اچھا لگا اور دھیان آیا کہ میرے پاس کمیونیکیشن سکل بھی جاتی رہی ہے۔

جرمن زبان سیکھنے کا ارادہ روز کرتی ہوں مگر پھر نہیں سیکھ پاتی۔ توجہ، قوت، موٹیویشن وغیرہ بہت دیر سے گم ہیں۔ نئی سکل سیکھنے کی جستجو نہیں رہی۔ تخیل کو دانستہ محدود کر رکھا ہے تخلیق کو ڈر نے گھیر لیا ہے۔ سوچتی ہوں اس کمرے میں مردہ پائی گئی تو کون ڈھونڈے گا۔

جنوں اب کسی کا نہیں فقط وقت گزاری ہے۔

Check Also

Pablo Picasso, Rangon Ka Jadugar

By Asif Masood