Jazbat Ka Zaiqa
جزبات کا ذایقہ
کھانے کے علاوہ بھی ہر اموشن کا ذائقہ ہے۔ ہر درد کا اپنا علیحدہ، مختلف اور جُداگانہ سواد ہے۔ اظہار میں رد ہونے کا ذائقہ پیسے نہ ہونے سے الگ ہے ہم باآسانی فرق کرسکتے ہیں۔ سرمایہ ڈوبنے کی خبر کا ذائقہ ماں کی بیماری کی خبر سننے سے الگ ہے۔ آدمی جذبات کے ان ذائقوں کو چکھتا ہے جسم یاد رکھتا ہے زرا گڈمڈ نہیں کرتا۔
بھوک سے دل بیٹھنے اور امتحان کا رزلٹ چیک کرتے ہوئے ہچکولے کھاتے دل کی کیفیت ایک جیسی ہی ہوگی مگر ذائقہ بالکل مختلف ہے۔ ذائقے کی کڑواہٹ اموشن کا پتہ دیتی ہیں۔
خوشی کے کئی زریعے ہوسکتے ہیں۔ ہنسنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، مگر کس بات پر کتنی ہنسی آئے گی، کب تک ٹھہرے گی، واپس مڑ کر پھر کب ہنسائے گی اسکا تعین آدمی کی سوشل کلاس، انٹلکچول لیول تو طے کرتے ہی ہیں مگر ان پڑھ ہنسے یا پڑھا لکھا جسم ایک جیسے ہارمونز ریلیز کرتا ہے، کوئی بھید بھاؤ نہیں کرتا۔
لاٹری نکلنے سے ہاتھ میں آئے پیسے اور تنخواہ کے پیسے میں خوشی کی مقدار کا احساس پیسوں کی مقدار پر منحصر ہے۔ کیسی دلچسپ بات ہے۔ اسے تولنے والا ترازو جسم کے اندر ہی کہیں لگا ہے جو رقم کا سوچتا ہے، تولتا ہے اور عین ایک خاص مقدار میں خوشی کا احساس دلاتا ہے۔ دونوں میں برابری کی خوشی ہو ایسا ممکن نہ ہوسکے اس بات کا بھی دھیان رکھتا ہے۔
جسم انہی جذبات کے ترازؤں سے لیس ہے۔ غم کا ترازو، صدمے کا ترازو، اکتاہٹ کا ترازو، بےچینی کا ترازو، اضطراب کا ترازو، خواہشوں کا ترازو، ناکامیوں کا ترازو، پشیمانیوں اور پچھتاؤں کا ترازو، ان سارے ترازؤں میں میزان ہے، سمجھداری ہے، کم زیادہ کی تمیز ہے۔
ہم جیتے جی خوشی سے نہیں بچ سکتے، غم کا ذائقہ چکھ کر رو سکتے ہیں، بھاگ نہیں سکتے۔ ایسے میں ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ ہمیں قبولیت کی جانب آنا چاہیے، یعنی ہم کسی بھی نوعیت کی افسردگی کو خود تک آنے سے باز نہیں رکھ سکتے مگر اسے پا کر ہمارا ردعمل کیا ہونا چاہیے اسے طے کرسکتے ہیں۔
خوشی پاکر اچھل سکتے ہیں اور ساتھ میں اسکا کوئی ٹھکانہ ڈھونڈ کر بیٹھ سکتے ہیں۔ ہم تھوڑے غم کا ذائقہ زیادہ دیر زبان کے نیچے دبا کر چبانا چھوڑ سکتے ہیں۔ ہم آنے والے غم کو اسکے آئے ہوئے وقت پر ہی چکھ سکتے ہیں اس سے پہلے زبان پر لانے سے روک سکتے ہیں۔ ہم وسوسوں سے گِھرنے سے پہلے وسوں سے بچے رہ سکتے ہیں۔ ہم خوشی آنے سے پہلے بھی مطمئن رہ سکتے ہیں۔ ہم ترازو کی طبیعت نہیں بدل سکتے مگر تُلنے سے پہلے سہم جانے سے خود کو بچا کر رکھ سکتے ہیں۔

