Pakistan Ki Safarti Fateh: America Iran 14 Nukati Aman Muahida
پاکستان کی سفارتی فتح: امریکہ-ایران چودہ نکاتی امن معاہدہ

بین الاقوامی سیاست میں بعض لمحات ایسے آتے ہیں جو صرف دو ممالک کے درمیان تعلقات کو نہیں بدلتے بلکہ پوری دنیا کی توجہ ایک نئے کردار اور نئی قیادت کی طرف مبذول کرا دیتے ہیں۔ امریکہ اور ایران کے درمیان طویل کشیدگی، جنگی ماحول اور خطے میں بڑھتی ہوئی بے یقینی کے بعد سامنے آنے والی مفاہمتی یادداشت اور مجوزہ امن معاہدہ ایسا ہی ایک تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت نے نہ صرف مشرق وسطیٰ میں امن کی نئی امید پیدا کی ہے بلکہ پاکستان کو بھی عالمی سفارت کاری کے افق پر ایک مؤثر، ذمہ دار اور قابل اعتماد ثالث کے طور پر اجاگر کیا ہے۔
دنیا بھر کے سیاسی قائدین، عالمی اداروں اور سفارتی حلقوں کی جانب سے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے لے کر یورپی ممالک، چین، ترکی، قطر، سعودی عرب، آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ریاستوں کے رہنماؤں نے امن کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے پاکستان کے کردار کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ یہ امر کسی بھی پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ایک ایسا ملک جو ماضی میں دہشت گردی اور معاشی مشکلات کے حوالے سے خبروں کی زینت بنتا تھا، آج عالمی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنے پر داد و تحسین حاصل کر رہا ہے۔
اگر 19 جون کو جنیوا میں امریکہ اور ایران کےدرمیان مجوزہ معاہدے پر باضابطہ دستخط ہو جاتے ہیں تو یہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس کامیابی کا سہرا پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے سر جاتا ہے، جنہوں نے خاموش مگر مؤثر سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز تک لانے میں کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے جس دانشمندی، تحمل اور سفارتی مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔
اس مفاہمتی یادداشت کے چودہ نکات مستقبل کے امن، استحکام اور اقتصادی بحالی کا ایک جامع خاکہ پیش کرتے ہیں۔
امریکہ-ایران مفاہمتی یادداشت کے چودہ نکات
1۔ فوری اور مستقل جنگ بندی امریکہ اور ایران اپنے اتحادیوں سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کریں گے اور آئندہ ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کریں گے۔
2۔ خودمختاری کا احترام دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند رہیں گے۔
3۔ ساٹھ روزہ مذاکراتی عمل فریقین ساٹھ دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے، جبکہ باہمی رضامندی سے اس مدت میں توسیع بھی ممکن ہوگی۔
4۔ بحری ناکہ بندی کا خاتمہ امریکہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی ختم کرے گا، بحری تجارت بحال کی جائے گی اور حتمی معاہدے کے بعد امریکی افواج مرحلہ وار واپس بلائی جائیں گی۔
5۔ جہاز رانی کی بحالی ایران خلیج عرب اور بحیرہ عمان کے درمیان تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے گا۔
6۔ اقتصادی بحالی کا منصوبہ امریکہ اور اس کے شراکت دار ایران کی اقتصادی بحالی اور ترقی کے لیے کم از کم 300 ارب ڈالر کے مالی تعاون پر مشتمل منصوبہ تشکیل دیں گے۔
7۔ پابندیوں کا خاتمہ ایران پر عائد اقوام متحدہ، آئی اے ای اے اور امریکی پابندیوں کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ختم کیا جائے گا۔
8۔ جوہری ہتھیار نہ بنانے کا عہد ایران دوبارہ یقین دہانی کرائے گا کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا جبکہ جوہری پروگرام کے دیگر معاملات حتمی معاہدے میں طے ہوں گے۔
9۔ موجودہ صورت حال برقرار رکھنا حتمی معاہدے تک ایران اپنا موجودہ جوہری پروگرام برقرار رکھے گا جبکہ امریکہ نئی پابندیاں یا اضافی فوجی تعیناتی نہیں کرے گا۔
10۔ تیل کی برآمدات کی اجازت امریکی محکمہ خزانہ ایران کے تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات کے لیے خصوصی اجازت نامے جاری کرے گا۔
11۔ منجمد اثاثوں کی واپسی ایران کے منجمد مالی اثاثے اور فنڈز مرحلہ وار بحال کیے جائیں گے اور انہیں استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
12۔ نگرانی کا خصوصی نظام معاہدے کے نفاذ اور اس کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی کا طریقۂ کار قائم کیا جائے گا۔
13۔ حتمی مذاکرات کا آغاز ابتدائی اقدامات پر عمل درآمد کی ضمانت کے بعد باقی نکات پر حتمی معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے۔
14۔ اقوام متحدہ کی منظوری حتمی معاہدے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابند قرارداد کے ذریعے بین الاقوامی قانونی حیثیت دی جائے گی۔
اگر یہ معاہدہ اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے تو اسے اکیسویں صدی کی اہم ترین سفارتی کامیابیوں میں شمار کیا جائے گا۔ اس عمل نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان صرف ایک ایٹمی طاقت ہی نہیں بلکہ امن، مکالمے اور مفاہمت کا داعی ملک بھی ہے۔ عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کے کردار کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی مفادات کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے لیے بھی پاکستان کی آواز وزن رکھتی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی سیاسی بصیرت، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی متحرک سفارت کاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی خصوصی طور پر خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ ان کی مشترکہ کاوشوں نے پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان صرف مسائل کا حصہ نہیں بلکہ ان کے حل کا بھی ایک مؤثر کردار ہے۔
اگر جنیوا میں 19 جون کا دن اس معاہدے کی کامیاب تکمیل کا گواہ بنتا ہے تو یہ پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہوگا، جسے آنے والی نسلیں فخر کے ساتھ یاد رکھیں گی۔
اس پوری سفارتی پیش رفت نے ثابت کیا ہے کہ جب سیاسی قیادت کا تدبر، سفارتی بصیرت اور عسکری قیادت کی حکمت عملی ایک صفحے پر ہوں تو پاکستان عالمی منظرنامے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی مسلسل سفارتی کاوشوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ رہنمائی نے پاکستان کو عالمی امن کے ایک معتبر شراکت دار کے طور پر منوایا ہے۔ اگر یہ معاہدہ دیرپا امن کی بنیاد بنتا ہے تو یہ پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک روشن باب ہوگا، جس پر پوری قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔
نوٹ: ابھی ابھی خبر ملی ہے کہ امریکہ و ایران کے صدور نے مجوزہ معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کر دئے ہیں۔

