1.  Home/
  2. Blog/
  3. Saqib Malik/
  4. Khatarnak AI

Khatarnak AI

خطرناک اے آئی

یو ٹیوب پر پچھلے کچھ عرصے سے گوگل اور یو ٹیوب کے تعاون سے ایک فراڈ چل رہا ہے۔ ہمارے اکاؤنٹس پر تو ہلکی پھلکی غلطی بھی بین کرنے کا سبب بن جاتی ہے مگر مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی، فراڈ اشتہارات چل رہے ہوتے ہیں مجال ہے گوگل جیسا عظیم ادارہ ان پر پابندی لگا سکے۔ یا ممکن ہے لگا رہے ہوں مگر پھر بھی یہ سب کچھ دھڑلے سے چل رہا ہے۔

میں کرپٹو بٹ کوائن سے متعلقہ بطور آزاد مزدور کے دیہاڑی لگاتا ہوں تو مجھے خاص طور پر اس شعبے کے تقریباً تمام اہم مقررین اور اہم افراد سے شناسائی ہے۔ ہر دوسرے دن کوئی جعلی مائیکل سیلر Michael Saylor، چارلس ہوسکنسن Charles Hoskinson، ویٹالک بییوٹیرین Vitalik Buterin اور انتولی یکووینکوف Anatoly Yakovenkov یا برائن آرمسٹرانگ Brian Armstrong مفت کے کوائن بطور انعام لوگوں میں بانٹ رہے ہوتے ہیں کہ بس اس لنک پر کلک کریں۔

یہ پرانا اور آزمودہ فراڈ ہے بس اے آئی کی مدد سے ان کی اوریجنل آواز سے بہت حد تک مشابہ آواز انکے چہروں پر لگا کر اشتہار بنا دیا جاتا ہے اور عام آدمی کے لئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوگا کہ یہ اصلی افراد ہیں یا نقلی۔ گھنٹوں پر مشتمل ان اور دیگر اہم افراد کی جعلی لائیو اسٹریمز الگ سے چلتی رہتی ہیں۔

ابھی تک چونکہ ہونٹوں کی موومنٹ یکسانیت لئے ہوئے ہے اس لئے غور کرنے پر معلوم ہوجاتا ہے مگر وقت کے ساتھ جب یہ ٹیکنالوجی مزید ترقی کریگی تو یہ مصنوعی ذہانت ہمارے جیسے تسلیم شدہ جاہل معاشرے میں کیا کیا گل دکھلائے گی اسکی پیشگوئی شیطان اپنی تمام تر ابلیسیت کے باوجود بھی شاید نہ کر سکے۔

یہ تو صرف چند معصوم سے اشتہارات کا قصہ ہے۔ دیگر پراپیگنڈا جو اے آئی یا جدید الگورتھمز کی مدد سے ہو رہے ہیں اسکو سمجھنے کے لئے ایک عدد کتاب لکھنا بھی کم ہے۔ خاص طور پر عالمی سٹاک ایکسچینجز میں مخصوص Key Levels پر آٹو خرید و فروخت نے عام ریٹیل سرمایہ کار کو چکرا کر رکھ دیا ہے اور مالی نقصان الگ ہے۔ جس طرح سوشل میڈیا Giants نام نہاد reach کے نام پر کھلواڑ کر رہے ہیں وہ بھی فی الحال ٹھنڈے پیٹوں برداشت کیا جا رہا ہے۔ پتہ نہیں آگے کیا ہوگا۔

خیر ہم نے کونسا کچھ بہتری لانی ہے یا ادھر لکھنے سے کچھ فرق پڑنا ہے۔ بس دیکھ دیکھ کر اپنے ہونٹ کاٹیں اور ننگی گالیاں دیں وہ بھی اگر آپ واردات سمجھ سکتے ہیں تو۔۔ ورنہ موجاں ہی موجاں۔۔

Check Also

Hum Ye Kitab Kyun Parhen?

By Rauf Klasra