Saturday, 11 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Saqib Malik/
  4. Daleri Dikhao Afridi

Daleri Dikhao Afridi

دلیری دکھاؤ آفریدی

ہمارے ہاں عقل و دانش کا گزر ایک پتلی سی گلی سے ہو کر گزرتا ہے جس میں چند انچ کے رٹے رٹائے دلائل ہی نکل پاتے ہیں۔ انہی زریں دلائل میں یہ عالی شان دلائل بھی ہیں جو شاہد آفریدی کی حمایت میں دئیے جا رہے ہیں۔

یعنی شاہد آفریدی پانچ بچیوں کا باپ ہے۔ خاندانی انسانی ہے۔ (مطلب خاندانی جو نہیں ہوتے وہ کہاں سے اگتے ہیں یا وہ کم تر خاندان کے ہیں؟ اس سوچ کی کوئی تفہیم کر دیگا؟) اسکی بیٹیاں اور بیویاں پردہ دار ہیں۔ اسکا اسکینڈل کوئی نہیں۔ یعنی اگر میچ فکسنگ میں ملوث نہیں تو باقی سب کام "اسکینڈلز" کی لسٹ میں نہیں آتے؟ جناب عالی گزارش یہ ہے کہ ان دلائل کی شاہد آفریدی کے "انسٹیٹیوٹ اور این آر او " والے باکمال بیان سے کوئی تعلق جوڑ کر دکھا دیں۔

شاہد آفریدی کے اچھے کام بہت ہیں۔ میں نے اسکا پورا کیرئیر تقریباً براہ راست ہی دیکھا تو کھلاڑی تو یہ اوسط درجے کا ہی تھا لیکن مقبولیت بے تحاشا تھی اور ہے اس میں کوئی شک نہیں۔ انتہائی پاپولر انسان ہیں۔ میچ فکسنگ سے دور ہی رہے مگر علم تو خیر ان سمیت سب "ایمانداروں" کو تھا۔ مگر کھڑا ایک ہی راشد لطیف ہوسکا اور جتنے مرضی اگر مگر لگا لیں راشد لطیف پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی ہے اور شاید تاقیامت ایک ہی رہے گا۔

خیر اب اس مقبول انسان آفریدی کی بھی اپنی "سیاسی" سوچ ہے اور لوگ اسی سیاسی سوچ پر تنقید کر رہے ہیں۔ شاہد آفریدی کو بھی عمران خان یا کسی پر بھی تنقید کا حق ہے۔

بات مگر یہ ہے کہ آفریدی میں عقل و فہم اتنی ہی جتنی اوپر پتلی گلی سے گزر سکتی ہے۔ اس بات کے لئے اسکا کیرئیر سامنے ہے کسی اور دلیل کی حاجت نہیں لیکن ہم پھر بھی اسکی ہر اچھی سیاسی بات پر اسکی کھل کر حمایت کرینگے۔ لیکن اس طرح اور اس نوع کے دیگر بیانات شاہد آفریدی تسلسل سے پچھلے دو تین برس سے دیتے آ رہے ہیں جس کی کوئی منطق میں ابھی تک سمجھ نہیں پایا۔ نہ تو آپ سیاست دان ہیں نہ کسی پارٹی سے وابستہ ہیں تو کس کو خوش کر رہے ہیں؟

آپ بھی سمجھ سکتے ہیں۔ ممکن ہے آفریدی کے درجنوں کاروبار اور چیرٹی فاؤنڈیشن اور دیگر ضروریات کے لئے انہیں"سہولت" کی ضرورت ہو جیسے علیم خان نے انہیں سما ٹی وی کا اسپورٹس ہیڈ بنایا ہوا ہے۔ علیم خان کی backing کے متعلق سب کو علم ہے۔ اس سہولت کے لئے وہ ایسے لایعنی بیانات دیتے رہتے ہیں یا ممکن ہے انکی لانگ ٹرم سیاست کے عزائم ہو جو وہ عمران کی پیروی میں پورے کرنا چاہتے ہوں اور عمران خان کے The end کا انتظار کر رہے ہوں۔ ہم قیاس ہی کر سکتے ہیں۔

تو میری گزارش یہی ہے کہ یہاں عمران بمقابلہ آفریدی تو ہو ہی نہیں سکتا کہ ایک انسان اپنی کرکٹ، شخصیت، تعلیم، گرومنگ، عقل، سیاست اور خدمت میں آفریدی سے کہیں زیادہ نیک نام اور تاریخ ساز ہے۔ شاہد آفریدی کو عمران خان سے متھا مارنے کی ضرورت نہیں۔ بہر حال اچھے کاموں میں آگے پیچھے نہیں کہنا چاہئے۔ شاہد آفریدی اپنی بساط کے مطابق بہت اچھے کام کر رہا ہے اسکو کسی طرح بھی اسکی سیاسی فکر کی بنیاد پر ڈس کریڈٹ نہیں کیا جاسکتا اور کرکٹ میں بھی اوسط درجے کا کھلاڑی ہونا اپنی جگہ مگر اس نے کئی اہم ٹورنامنٹس اور میچز جتوا رکھے ہیں تو توازن رکھنا چاہئے۔

شاہد آفریدی سے ہی کہنا ہے کہ آپ بلا شبہ ہمارے ہیرو ہیں تو سیاست میں کھل کر آئیں۔ اپنی پارٹی بنائیں ہم آپ کا دست و بازو بنیں گے کیونکہ سیاست میں نئے لوگوں کا میں ہمیشہ سپورٹر رہوں گا۔ مگر آپ یہ بال چبانے کا فریضہ سر انجام نہ دیں۔ اور "سب" مل کر کام کریں، "اپنا پاکستان ہے" جیسے "ان" کو خوش کرنے والے ہومیوپیتھک بیانات نہ دیں۔ جب یہ مسائل سب نے مل کر پیدا کئے ہیں تو "وہی" سب مل کر کیسے ان مسائل کو ٹھیک کر سکتے ہیں؟ کچھ عقل کو ہاتھ ماریں جناب!

دلیری دکھاؤ آفریدی!

Check Also

Taraqqi Kaise Hogi?

By Rao Manzar Hayat